دیش
آپریشن سندور: پاکستان کی قلعی کھولنے کے لیے ارکان پارلیمنٹ کے 7 وفود کی ٹیمیں تشکیل، تھرور کے نام پر تنازع
(پی این این )
نئی دہلی:مرکزی حکومت نے آپریشن سندور اور سرحد پار دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قلعی کھولنے کے لیےکل جماعتی اراکین پارلیمنٹ کے 7 وفود تشکیل دیے ہیں۔ یہ وفد دنیا کے بڑے ممالک بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کے رکن ممالک کا دورہ کرے گا۔
وزارت پارلیمانی امور نے وفد کی قیادت کرنے والے ارکان پارلیمنٹ کے نام جاری کر دیئےہیں۔ اس میں کانگریس کے واحد رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کا نام بھی شامل ہے۔ اب کانگریس نے کہا ہے کہ اس نے تھرور کا نام مرکز کو نہیں دیا تھا۔
کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے X پر لکھا، ‘ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سے بات کی۔ انہوں نے بیرون ملک بھیجے جانے والے وفد کے لیے 4 ارکان پارلیمنٹ کے نام مانگے تھے۔ کانگریس نے آنند شرما، گورو گگوئی، ڈاکٹر سید نصیر حسین اور راجہ برار کے نام دیے تھے۔
دوسری طرف ششی تھرور نے وفد کی قیادت کرنے کی ذمہ داری دینے پر مرکز کاشکریہ اداکیاہے۔ انہوں نے X پر لکھا، ‘حالیہ پیش رفت پر اپنے ملک کا نقطہ نظر پیش کرنے کے لیے پانچ بڑے ممالک کے دارالحکومتوں میں آل پارٹی وفد کی قیادت کرنے کے لیے حکومت ہند کی دعوت سے میرے لیے ایک اعزازہے۔ جب قومی مفاد کی بات ہو اور میری خدمات درکار ہوں تو میں پیچھے نہیں رہوں گا۔’
اس سے قبل ششی تھرور نے 8 مئی کو مرکزی حکومت کی تعریف کی تھی۔انھوں نے کہا تھا کہ آپریشن سندور پاکستان اور دنیا کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے۔
اطلاع کے مطابق 7 کُل جماعتی نمائندہ وفد اس ماہ کے آخر میں اہم شراکت دار ممالک کا دورہ کرنے والے ہیں۔ جو 7 وفود تشکیل دی گئی ہیں، ان کی قیادت ششی تھرور (کانگریس)، روی شنکر پرساد (بی جے پی)، سنجے کمار جھا (جنتا دل یو)، بیجینت پانڈا (بی جے پی)، کنی موژی کروناندھی (ڈی ایم کے)، سپریا سولے (این سی پی) اور شریکانت ایکناتھ شندے (شیوسینا) کو سونپی گئی ہے۔