اتر پردیش
دہشت گردوں کا کوئی مذہب یا ذات نہیں: ڈائریکٹر جامعہ طبیہ دیوبند
(پی این این)
دیوبند: جامعہ طبیہ دیوبند میں جموں و کشمیر کے پہلگام (Pahalgam) میں دہشت گرد حملے (Terror Attack) میں مرنے والے لوگوں کو موم بتیاں جلاکر خراج عقیدت پیش کیاگیا اور زخمیوں کی صحت کے لئے دعاءکی گئی۔ جامعہ طبیہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انور سعید نے تعزیتی پروگرام میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے سیاحوں کے لیے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب یا ذات نہیں ہوتی۔ پہلگام میں دہشت گردوں کے ہاتھوں سیاحوں کا قتل نہایت بزدلانہ اور قابلِ مذمت عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سخت ترین اقدامات کرے ۔ ڈاکٹر انور سعید نے ان بہادروں کو بھی سلام پیش کیا جنہوں نے اپنی جان کی بازی لگا کر دیگر سیاحوں کی جان بچائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہیے کہ وہ جموں و کشمیر میں اعلیٰ ترین سطح پر سکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کرے کیونکہ وہاں کے زیادہ تر لوگوں کی معیشت سیاحت پر منحصر ہے۔
امن و امان ہی سے اعتماد اور قومی یکجہتی کو فروغ ملتا ہے۔ اس دوران جامعہ طبیہ دیوبند کے طاہر ہال میں تمام اسٹاف اور طلباءو طالبات نے موم بتیاں جلا کر جاں بحق ہونے والوں کو جذباتی خراجِ عقیدت پیش کیا۔ کالج کے سیکریٹری ڈاکٹر اختر سعید نے شہداءکے لیے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر انیس احمد، نائب پرنسپل ڈاکٹر محمد فصیح، ڈاکٹر نکہت سجاد، ڈاکٹر احتشام الحق صدیقی، ڈاکٹر محمد اعظم عثمانی، ڈاکٹر جاوید عالم، ڈاکٹر مزمل، جمشید انور، عامر سعیدی، پیر جی جاوید، ارون کمار، منوج کمار، سچن کمار، سنجے جندل اور دیگر طلباءو طالبات موجودرہے۔