اتر پردیش
جیور ہوائی اڈے سے پری چوک تک جلد شروع ہو جائے گی بس سروس
(پی این این)
نوئیڈا: اتر پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن(یو پی ایس آر ٹی سی )جلد ہی گریٹر نوئیڈا کے جیور ہوائی اڈے (Jewar Airport) )سے پری چوک تک ایک نئی بس سروس شروع کرنے جا رہی ہے۔ یہ اقدام یمنا ایکسپریس وے انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (YEIDA) کے علاقے میں عوامی نقل و حمل کو مضبوط بنانے اور علاقے کی تیز رفتار ترقی کو تیز کرنے کے مقصد سے اٹھایا جا رہا ہے۔اس اسکیم کے تحت کل تین نئے بس روٹس تیار کیے گئے ہیں۔
ان میں سب سے اہم 42 کلومیٹر طویل راستہ ہوگا جو جیور ہوائی اڈے اور پری چوک کے درمیان چلے گا۔ یہ سروس نہ صرف یہاں کے مقامی لوگوں کے لیے فائدہ مند ہو گی بلکہ آنے والے مسافروں کے لیے بھی آسان ثابت ہو گی، خاص طور پر جب جیور ہوائی اڈہ مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔ اگرچہ 2023 سے اس روٹ پر ایک محدود بس سروس چل رہی ہے، لیکن اب جو نئی توسیع کی جا رہی ہے اس سے مسافروں کو بہتر کوریج اور زیادہ فریکوئنسی والی بسیں مہیا ہوں گی۔اس کے علاوہ مزید دو نئے روٹس کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک راستہ بوٹینیکل گارڈن سے سیکٹر 20 اور 21 کے راستے کلسہرا اور بھنگیل تک جائے گا۔ دوسرا راستہ یمنا ایکسپریس وے انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے علاقائی دفتر سے دنکور چوک، سیکٹر 17 اور بھنگیل تک چلے گا، جو کل 51 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گا۔
یہ بس روٹس ربو پورہ، سیکٹر 17، 20، 21 اور 26 کے مقامی لوگوں، گوتم بدھ یونیورسٹی کے طلباءاور پری چوک، ڈی ایم آفس، جگت فارم، سورج پور، کلسہرا اور بھنگیل گاو ¿ں جانے والے مسافروں کو براہ راست اور اقتصادی سہولت فراہم کریں گے۔ مستقبل میں دہلی سے جیور ہوائی اڈے تک الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کا منصوبہ بھی بنایا جا رہا ہے۔