بہار
فوقانیہ اور مولوی کےامتحانات 19 سے 25 جنوری تک ہوں گے منعقد
(پی این این)
سیتامڑھی :بہار کے سیتا مڑحی ضلع میں فوقانیہ اور مولوی امتحانات 2026 کے کامیاب، پرامن، اور دھوکہ دہی سے پاک انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے منگل کو کلکٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوئی جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر راگھویندر منی ترپاٹھی، ضلع سطح کے عہدیداران، اور ال بہار مدرسہ اسوسی ایشن کے صدر، مولانا مطیع الرحمان قاسمی نے شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز کرتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ کے بورڈ امتحانات ضلع کی تعلیمی ساکھ سے جڑے ہوئے ہیں۔ اس لیے امتحان مراکز کا انتخاب مکمل شفافیت کے ساتھ کیا گیا ہے۔ تمام مراکز پر منصفانہ امتحانات کو یقینی بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام عہدیداروں کو واضح طور پر ہدایت دی کہ امتحان کے دوران کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ امتحان 19 سے 25 جنوری 2026 تک منعقد ہوگا۔ فوقانیہ اور مولوی امتحانات کے لیے پہلی نشست 8:45 سے 12:00 بجے تک اور دوسری نشست 1:45 سے 5:00 بجے تک منعقد ہوگی۔ فوقانیہ امتحان 2026 کے لیے ضلع میں تیرہ اور مولوی امتحان کے لیے پانچ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ فوقانیہ اور مولوی امتحانات 2026 کے لیے مجوزہ امتحانی مراکز کی فہرست پیش کی گئی۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے مراکز کے جغرافیائی محل وقوع، نقل و حمل کی سہولیات، کلاس روم کی گنجائش، برقی انتظامات، بیت الخلا کے حالات اور حفاظتی معیارات کا قریب سے جائزہ لیا۔
ضلع مجسٹریٹ نے اجلاس میں کہا کہ امتحان کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے تمام مراکز پر فلائنگ اسکواڈ، مجسٹریٹ اور پولیس کو تعینات کرنا لازمی ہوگا۔ مزید برآں، تمام کلاس روم میں سی سی ٹی وی کیمروں اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ فوقانیہ اور مولوی امتحانات 2026 ضلع میں مثالی انتظامات کے ساتھ منعقد کیے جائیں۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر راگھویندر منی ترپاٹھی، ایس ڈی او صدر آنند کمار، ایس ڈی او بیلسنڈ، ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر، آل بہار مدرسہ ٹیچرس اسوسی ایشن کے صدر مولانا مطیع الرحمن قاسمی، سریش کمار، سنجیو چودھری بھی موجود تھے۔