دلی این سی آر
دہلی میں1500 نرسوں کی مستقل تقرری اور 600 سے زائد ملازمین کی ہوئی پرموشن
(پی این این)
نئی دہلی :دہلی حکومت اب دارالحکومت کے مختلف اسپتالوں میں برسوں سے کام کر رہی تقریباً 1500 نرسوں کو مستقل کرنے جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ڈی ایس ایس اور سٹینو کیڈر سے متعلق 600 سے زائد ملازمین کو پروموشن کا تحفہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دہلی حکومت نے صحت خدمات کو مضبوط بنانے کے لیے تقریباً 1500 نرسوں کو مستقل تقرری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ تمام نرسیں پہلے ہی دہلی حکومت کے مختلف اسپتالوں میں خدمات انجام دے رہی تھیں۔
اب حکومت نے ان کی قابلیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں مستقل کر دیا ہے۔ حکومت 6 جولائی کو ایک بڑے پروگرام میں ان کو مستقل تقرری خط سونپے گی۔ وگیان بھون میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا بھی موجود رہیں گے۔اس کے ساتھ ہی دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے سروس رولز میں نرمی کرتے ہوئے ڈی ایس ایس اور سٹینو کیڈر سے تعلق رکھنے والے 618 ملازمین کو ترقی دینے کی منظوری دی ہے۔
راج نواس کے مطابق، مذکورہ 618 اہلکار یکم جنوری 2026 کو پروموشن کے اہل ہوتے، لیکن لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ خدمات کی کم از کم اہلیت کی مدت میں نرمی کرنے کی تجویز کو منظوری دی اور اس معاملے کو یو پی ایس سی کے ساتھ اٹھانے کی بھی منظوری دی۔ اس کی وجہ سے محکمہ سروسز ان افسران کو ان کی عام اہلیت کی مدت سے پہلے ترقی دینے میں کامیاب رہا۔ جس میں 404 گریڈ ٹو کو گریڈ ون کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔راج نواس کے مطابق، یہ قدم ملازمین میں حوصلہ افزائی اور کارکردگی کو فروغ دے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر سکسینہ پہلے ہی اس بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ ملازمین کو وقت پر ترقی دی جائے اور اس میں موجود انتظامی رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔