Khabar Mantra
اترپردیش

امن پسندی کی راہ سے ہوکر گزرتا ہے ترقی کا راستہ

دیوبند:یونائیٹڈ اسٹیٹ آف امریکہ ایمبیسی کی نائب سکریٹری برائے سیاسی امو ر مشل ایلمس نے آج دارالعلوم دیوبند پہنچ کر ادارہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مولانامفتی ابوالقاسم نعمانی اور نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی سے ملاقات کی ۔
مولانا عبدالخالق مدراسی نے مشل ایلمس کا خیر مقدم کرتے ہوئے دارالعلوم کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ غریب اور پسماندہ مسلمانوں میں تعلیم کے مشن کو لے کر آگے بڑھتا ہے اور اسی مقصد سے اس کا قیام عمل میں آیا تھاکہ انگریزوں کے ذریعہ چلائی جارہی ارتداد کی تحریک کا مقابلہ کیاجاسکے۔ انہو ںنے بتایاکہ ہم نے غریب بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ جملہ ضروریات کی کفالت کا عزم کیا جس پر دارالعلوم دیوبند آج بھی قائم ہے۔
مولانا مدراسی نے بتایا کہ دارالعلوم دیوبند نے داخل تمام طلبہ کے قیام وطعام اور تعلیم کی کفالت بلامعاوضہ کی جاتی ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ دارالعلوم دیوبند کی تحریک کا اثر یہ ہے کہ آج پوری دنیا میں مدارس کی شکل میں علوم اسلامیہ کے مراکز قائم ہیں جن کے ذریعہ علم دین کی درسگاہیں آباد ہیں۔انہوں نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند اور اس جیسے تمام مدارس پوری دنیا کو امن وآشتی کا پیغام دیتے ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ دارالعلوم دیوبند قومی ووطنی خدمات میں بھی اپنا بنیادی کردار رکھتا ہے۔ تعلیمی مشن کے اعتبار سے دارالعلوم دیوبند ایک خالص دینی تعلیمی ادارہ ہے اور اس کا کسی سیاسی تنظیم سے کوئی تعلق نہیںہے۔
دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ سیاست سے یہ ادارہ ہمیشہ دور رہا ہے، لیکن سماجی اصلاحات سے کبھی غافل بھی نہیں رہتا ۔ اس ملک کی آزادی سے لے کر آج تک دارالعلوم دیوبند اور اس کے اکابر نے ملک وملت کی رہنمائی میں نمایاں کردار ادا کرتا آیا ہے۔ مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند دینی علوم کی درس و تدریس کے اعتبار سے پوری دنیا میں اپنا ممتاز مقام رکھتا ہے ، جب کہ یہاں انگریزی اور کمپیوٹر کی اعلیٰ تعلیم وتربیت کا نظم بھی موجود ہے۔ یونائیٹڈ اسٹیٹ آف امریکہ ایمبیسی کی سیاسی پالیٹیکل سکریٹری مشل ایلمس نے دارالعلوم دیوبند کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑی بات ہے کہ کسی ادارہ اور فارغین کا کردار اتنا صاف اور شفاف ہو ۔
انہو ں نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند امن وآشتی کا پیغام دیتا ہے اور دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ ترقی کا راستہ امن پسندی کی راہ سے ہی ہوکر گزرتا ہے ۔مشل ایلمس نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند کی لائبریری دیکھ کر روحانی سکون حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی کتب خانے نادر ونایاب ہیں، ان کی حفاظت کی جانی چاہئے ۔
مشل ایلمس نے اس دوران دارالعلوم دیوبند کی لائبریری، رشیدیہ مسجد، دارالعلوم کا کتب خانہ وغیرہ بھی کا جائزہ لیا، اس دوران ان کے ساتھ شعبہ انگلش کے استاذ مولانا عبدالملک اور مفتی محمداللہ رہے۔ مشل ایلمس کے ساتھ امریکن ایمبیسی کے سیاسیات کے ماہر ابھی رام گھڑیال پٹیل بھی موجود تھے۔ بعد ازاں مشل ایلمس نے جمعیۃ علمائ ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور تبادلہ خیال کیا۔

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close