Khabar Mantra
اپنا دیشبہار- جھارکھنڈتازہ ترین خبریں

نتیش -تیجسوی کے ہاتھ میں بہار

(پی این این)
پٹنہ:بہار میں دوسری بار مہاگٹھ بندھن کی سرکار بن چکی ہے۔راج بھون میں منعقد ایک تقریب میں نتیش کمار نے  8ویں بار وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ ان کے بعد آر جے ڈی کے نوجوان قائد تیجسوی یادو نے ان کے ڈپٹی کے طورپر حلف لیا۔پٹنہ کے راج بھون میں منعقد تقریب میں مہاگٹھ بندھن کی تمام اتحادی جماعتوں کے لیڈران موجود تھے ،لیکن بی جے پی کا کوئی بڑا لیڈر نظر نہیں آیا۔
5برسوں بعد بہار میں پھر سے مہاگٹھ بندھن کی سرکار بننے پر قومی سیاست میں ایک نئی ہلچل پیدا ہوگئی ہے ۔اپوزیشن کے کئی بڑے لیڈروں نے اسے خوش آئند قرار دیا ہے ۔جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ  ہمنت سورین چھتیس گڑھ کے سی ایم بھوپیش بگھیل ،یوپی کےسابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو ،بنگال کی سی ایم ممتا بنرجی ،دلی کے سی ایم اروند کجریوال نے بہار میں اس تبدیلی کو لیکر خوشی کا اظہار کیا ہے اور اسےملک کےلئے خوش آئند قرار دیا ہے ۔ حلف لینے کے بعد ہی وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اپوزیشن کو 2024 کےلئے متحد رہنے کی اپیل کی ہے ۔شام 5بجے وزیراعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو نے کابینہ کی میٹنگ کی جس میں طے ہوا کہ 24اور25 اگست کو اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلایا جائیگا۔پہلے دن نئے اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔اگلے دن حکومت اکثریت ثابت کرے گی۔
خاص بات تو یہ ہے کہ بہار میں  اقتدار تبدیلی کے اس اہم تقریب میں گوکہ دلی میں موجود لالو پرساد صحت کی خرابی کی وجہ سے شامل نہیں ہوئے لیکن رابڑی دیوی بڑے بیٹے تیج پرتاپ اور تیجسوی یادوکی اہلیہ راج شری کے ساتھ راج بھون پہنچیں ۔ادھر پٹنہ میں بیٹے تیجسوی کی سیاسی بساط پر شہ مات کے درمیان آرجے ڈی سپریمولالو پرساد بھی دلی سے بیٹے تیجسوی یادو کو گائیڈ کرتے رہے ۔بہار میں مہاگٹھ بندھن نے بی جے پی کے اسپیکر وجے کمار سنہا کےخلاف عدم اعتماد کی تجویز لانے کی بات کہی ہے ۔ کانگریس نے اسپیکر کے عہدے کےلئے مہاگٹھ بندھن میں دعویٰ پیش کیا ہے جبکہ امکان ہے کہ اسپیکر کا عہدہ آر جے ڈی کو مل سکتا ہے ۔
بہر حال کابینہ میں توسیع کےلئے بھی غورخوص جاری ہے ۔پارٹی کارکنان میں انتہائی جوش وخروش کا عالم دیکھا جارہا ہے ۔خاص کر جو بالکل حاشیے پر تھی اب اس میں ایک نیا حوصلہ پایا جاتاہے ۔
دریں اثناحلف لینے کے بعدراج بھون سے باہر آتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی نے کہا کہ اچھا لگ رہا ہے ۔ جو کچھ بھی ہوا، عوام کے مفاد میں ہوا۔ بہار کے لوگ خوش ہیں۔

 

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close