Connect with us

دلی این سی آر

لیپا پوتی کرکے پردھان کو بچا رہے ہیں پی ایم: کجریوال

Published

on

(پی این این)
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے پیپر لیک کے معاملات کی سماعت کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کے اعلان کو ملک کے بچوں کو بے وقوف بنانے اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو بچانے کی کوشش قرار دیا ہے۔ انہوں نے پی ایم سے سوال کیا کہ دھرمیندر پردھان کے استعفے کا کیا ہوا؟بچوں نے تو فاسٹ ٹریک عدالتوں کا مطالبہ کیا ہی نہیں تھا، بلکہ انہوں نے دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بہت سی فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کی گئی ہیں، لیکن کئی میں سماعت ہی نہیں ہوتی، جبکہ کئی عدالتوں میں عام عدالتوں سے بھی زیادہ وقت لگتا ہے۔ ایسا کوئی اعلان نہیں کیا گیا جس سے بچوں کا یہ اعتماد بڑھے کہ آئندہ پیپر لیک نہیں ہوگا۔ کیا پی ایم کا اپنا کوئی وژن نہیں ہے؟ وزیر اعظم کا یہ بیان ایک شکست خوردہ، سمت سے عاری لیکن متکبر شخص کا بیان معلوم ہوتا ہے۔ جمعرات کو ایکس پر آپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ وزیر اعظم نے ایک ٹویٹ کرکے کہا ہے کہ پیپر لیک کے معاملات میں سزا دلانے کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کی جائیں گی۔ لیکن وزیر اعظم جی، بچوں نے تو یہ مطالبہ کیا ہی نہیں تھا اور نہ ہی یہ ان کا مطالبہ تھا۔ ایسا لگتا ہے جیسے آپ بچوں کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ اس ملک میں پہلے ہی بہت سی فاسٹ ٹریک عدالتیں موجود ہیں۔عصمت دری کے معاملات کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کی گئی ہیں، پوکسو کے معاملات کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم ہیں اور کئی دیگر معاملات کے لیے بھی فاسٹ ٹریک عدالتیں موجود ہیں۔ لیکن ان میں سماعت ہی نہیں ہوتی۔کئی فاسٹ ٹریک عدالتوں میں تو عام عدالتوں سے بھی زیادہ وقت لگتا ہے۔ اس لیے ایسا لگتا ہے کہ آپ اب بھی معاملے پر لیپا پوتی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور دھرمیندر پردھان کو بچانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ بچوں نے دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن مودی جی نے اس بارے میں کوئی بات ہی نہیں کی۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ بچوں کے سر پھٹ گئے، ان کی ٹانگیں ٹوٹ گئیں، ان پر لاٹھی چارج کیا گیا، آنسو گیس کے گولے داغے گئے اور ان پر بربریت کے ساتھ حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں کئی بچے اسپتال میں داخل ہیں۔ میں خود جنتر منتر گیا تھا، وہاں یہ سب اپنی آنکھوں سے دیکھا اور کئی بچوں سے ملاقات بھی کی۔ مودی جی نے ان بچوں کے تئیں ہمدردی کا ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ دنیا میں کہیں بھی کچھ ہو جائے تو آپ ٹویٹ کرتے ہیں، کیا یہ بچے آپ کے بچے نہیں ہیں؟ کیا آپ کو ان بچوں کے لیے ذرا بھی رحم نہیں آتا، جن پر آپ نے اتنی بربریت سے حملہ کروایا؟ اروند کیجریوال نے کہا کہ بچے کہہ رہے ہیں کہ ہر سال پیپر لیک ہوتے ہیں۔ مودی جی نے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا کہ نظام میں کیا تبدیلیاں کی جائیں گی۔
، تاکہ بچوں کو یہ یقین ہو سکے کہ اگلے سال نیٹ یا کوئی اور امتحانی پرچہ لیک نہیں ہوگا۔ اس کا مطلب ہے کہ حکومت کے پاس کوئی وژن ہی نہیں ہے، آپ کے پاس کوئی وژن ہی نہیں ہے۔ اگلے سال بھی اسی طرح پیپر لیک ہوں گے، کیونکہ آپ نظام میں کوئی تبدیلی تو کر ہی نہیں رہے ہیں۔ اگلے سال بھی نیٹ کا پیپر لیک ہوگا اور پھر بچے خودکشی کریں گے۔ آج مودی جی کا یہ ٹویٹ ایک شکست خوردہ، سمت سے عاری اور متکبر انسان کا ٹویٹ دکھائی دے رہا ہے۔

 

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

دلی این سی آر

امتحان میں شفافیت کیلئےطلبا کر رہے ہیں مظاہرہ :سنجے سنگھ

Published

on

(پی این این)
نئی دہلی:عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے نیٹ پیپر لیک، پُرامن مظاہرین پر لاٹھی چارج اور سونم وانگچک کی بگڑتی صحت کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث کرانے کے مطالبے کو لے کر راجیہ سبھا میں نوٹس دیا ہے۔ انہوں نے نوٹس میں کہا ہے کہ امتحانی نظام میں اصلاحات، شفافیت اور جواب دہی کا مطالبہ کرتے ہوئے طلبہ احتجاج کر رہے ہیں، جبکہ سونم وانگچک غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر ہیں۔
حکومت نے مجوزہ پارلیمنٹ مارچ سے دو روز قبل 18 جولائی کو سونم وانگچک کو جنتر منتر سے زبردستی اٹھا لیا۔ جبکہ 20 جولائی کو لاکھوں طلبہ اور عوام نے پُرامن مارچ کی کوشش کی تو ان پر لاٹھی چارج کیا گیا اور آنسو گیس کے گولے داغے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں داخل ہونے کے باوجود سونم وانگچک کی بھوک ہڑتال جاری ہے اور وہ حکومت سے اپنی ناکامی تسلیم کرنے کے مطالبے پر قائم ہیں۔ نوجوانوں کے مستقبل اور سرکاری امتحانی نظام کی ساکھ سے جڑے اس اہم معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث ضروری ہے۔جمعرات کو آپ کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے راجیہ سبھا کے جنرل سیکریٹری کو نوٹس دے کر کہا کہ ضابطہ 267 کے تحت ایوان کی تمام کارروائیاں ملتوی کرکے نیٹ یو جی پیپر لیک، سرکاری امتحانی نظام کی ناکامی، پُرامن مظاہرین کے خلاف پولیس کارروائی اور سونم وانگچک کی بگڑتی صحت پر بحث کرائی جائے۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ میں آپ کی توجہ ایک انتہائی حساس اور عوامی اہمیت کے معاملے کی جانب مبذول کرانا چاہتا ہوں۔ یہ معاملہ این ٹی اے کی جانب سے 3 مئی 2026 کو منعقدہ نیٹ یو جی امتحان میں بڑے پیمانے پر سوالیہ پرچہ لیک ہونے اور بے ضابطگیوں کے الزامات کے بعد امتحان منسوخ کیے جانے اور اس کے نتیجے میں ملک گیر سطح پر دوبارہ امتحان منعقد کرانے کی مجبوری سے متعلق ہے۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ گزشتہ نو برسوں میں یہ نیٹ کا چوتھا سوالیہ پرچہ لیک ہے، جو ملک کے اس باوقار میڈیکل داخلہ امتحان میں مسلسل موجود کمزوریوں کو اجاگر کرتا ہے اور اس کی شفافیت و سالمیت کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کی مؤثریت پر سنگین سوالیہ نشان کھڑا کرتا ہے۔ بار بار ہونے والی ان بے ضابطگیوں نے ہندوستان کے امتحانی نظام کی منصفانہ حیثیت، اعتبار اور شفافیت پر عوام کے اعتماد کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ امتحان منسوخ ہونے کی وجہ سے طلبہ اور ان کے اہل خانہ کو بے مثال ذہنی اور عملی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
جہاں اصل امتحان میں 22,05,035 امیدوار شریک ہوئے تھے، وہیں دوبارہ ہونے والے امتحان میں صرف 19,99,895 امیدوار ہی شریک ہوئے، یعنی 2.05 لاکھ سے زیادہ امیدواروں نے دوبارہ امتحان نہیں دیا۔ یہ نیٹ یو جی کی تاریخ میں غیر حاضر رہنے والے امیدواروں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں امیدواروں کی غیر حاضری امتحانی عمل کی ساکھ پر عوام کے اعتماد میں آئی شدید کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ سب سے تشویش ناک بات یہ ہے کہ اصل امتحان منسوخ ہونے اور دوبارہ امتحان کے درمیان 46 دن کے عرصے میں کم از کم 22 نیٹ امیدواروں نے مایوسی کے عالم میں خودکشی کر لی۔ یہ افسوس ناک صورت حال ہندوستان کے اہم ترین مسابقتی امتحانات میں بار بار ہونے والی ناکامیوں کی سنگینی کو واضح کرتی ہے۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ نیٹ تنازع کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں ہے، بلکہ یہ ایک وسیع تر قومی بحران کا حصہ ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ دس برسوں میں ملک بھر میں 150 سے زائد پیپر لیک ہو چکے ہیں، جس سے تقریباً 7 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ یعنی اوسطاً ہر ماہ ایک سوالیہ پرچہ لیک ہوا ہے۔ قومی سطح کے داخلہ اور بھرتی کے امتحانات میں بار بار ہونے والی ان سنگین بے ضابطگیوں کے باوجود کوئی ٹھوس جواب دہی یقینی ہوتی دکھائی نہیں دے رہی۔ سوالیہ پرچوں کے لیک ہونے سے روکنے میں نظام کی مسلسل ناکامی نے ملک کے امتحانی نظام پر عوام کے اعتماد کو مجروح کر دیا ہے اور لاکھوں باصلاحیت طلبہ کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ کیا ان کی قابلیت اور محنت کا کوئی تحفظ ہو رہا ہے؟ یہ مسلسل ناکامیاں ملک کے امتحانی ڈھانچے کی گہری ساختی کمزوریوں کو ظاہر کرتی ہیں، جو ہر خلاف ورزی کے بعد محض عارضی ردعمل کے بجائے وسیع اور بنیادی نظامی اصلاحات کا تقاضا کرتی ہیں۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ امتحانی نظام کی ان بار بار کی ناکامیوں سے پریشان طلبہ، والدین اور ملک کے شہری مکمل طور پر پُرامن طریقے سے شفافیت، جواب دہی اور وسیع پیمانے پر اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ متاثرہ طلبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے معروف ماہر تعلیم اور تعلیمی اصلاحات کے کارکن سونم وانگچک نے نئی دہلی کے جنتر منتر پر غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ 18 جولائی 2026 کو 20 دن سے زائد عرصے تک بھوک ہڑتال کرنے کے بعد دہلی پولیس نے سونم وانگچک کو احتجاجی مقام سے زبردستی ہٹا کر اسپتال پہنچایا۔ پولیس انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی طبی مشورے اور دہلی ہائی کورٹ کی ہدایات کی تعمیل میں کی گئی ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ بڑی تعداد میں پولیس اہلکار، جن میں سادہ لباس میں تعینات افسران بھی شامل تھے، صبح ہی احتجاجی مقام پر پہنچ گئے اور وہاں حفاظتی حصار قائم کر دیا۔ انہوں نے بڑے سفید کپڑوں کے ذریعے عوام کی نظروں سے منظر کو اوجھل کرتے ہوئے سونم وانگچک کو ایمبولینس تک پہنچایا۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ اس کے بعد 20 جولائی 2026 کو لاکھوں طلبہ، طالبات، والدین اور ملک کے شہری جنتر منتر پر جمع ہوئے اور پارلیمنٹ کی جانب پُرامن مارچ کرنے کی کوشش کی، تاکہ بار بار ہونے والے نیٹ سوالیہ پرچے کے لیک کے واقعات کے لیے جواب دہی یقینی بنائی جا سکے اور سرکاری امتحانی نظام میں وسیع پیمانے پر اصلاحات کا مطالبہ کیا جا سکے۔ لیکن دہلی پولیس نے بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (بی این ایس ایس) کی دفعہ 163 نافذ کر دی اور بڑے پیمانے پر بیریکیڈنگ کی۔ دہلی بھر میں بھاری تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی اور پارلیمنٹ کی جانب بڑھنے کی کوشش کے دوران پولیس نے آنسو گیس، لاٹھی چارج اور جنتر منتر، منڈی ہاؤس، پٹیل چوک، جن پتھ، پارلیمنٹ مارگ اور دیگر مقامات پر بڑے پیمانے پر مظاہرین کو حراست میں لیا۔سنجے سنگھ نے بتایا کہ اطلاعات کے مطابق مظاہرین کو مختلف مقامات پر لے جاکر دوبارہ جمع ہونے سے روکا گیا اور وارننگ دینے کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔ احتجاج کی کوریج کرنے والے میڈیا اہلکاروں کو بھی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ الزام ہے کہ صحافیوں اور آزاد مواد تخلیق کرنے والوں کو پولیس کارروائی کے مناظر ریکارڈ یا نشر کرنے سے روکا گیا اور بعض میڈیا اہلکاروں کے آلات بھی زبردستی لے لیے گئے۔ اس کے علاوہ احتجاجی مقام کے آس پاس مواصلاتی خلل بھی پیدا ہوا، جس کے باعث اطلاعات کی ترسیل میں تاخیر ہوئی۔ ان واقعات نے پُرامن اجتماع کے حق، اظہارِ رائے کی آزادی اور عوامی مظاہروں سے نمٹنے میں شفافیت کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا کیے ہیں۔سنجے سنگھ نے کہا کہ اس دوران اسپتال میں داخل ہونے کے بعد بھی سونم وانگچک نے اپنی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال جاری رکھی ہے اور انہوں نے بھوک ہڑتال ختم کرنے اور دوائیں لینے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کی صحت کی حالت روز بروز بگڑتی جا رہی ہے۔ انہوں نے عوامی طور پر اشارہ دیا ہے کہ وہ اپنا روزہ اسی وقت ختم کریں گے جب حکومت امتحانی نظام کی بار بار ہونے والی ناکامیوں کی ذمہ داری قبول کرے گی۔ ان کی بگڑتی ہوئی صحت ایک سنگین قومی تشویش کا موضوع بن گئی ہے اور یہ جاری امتحانی بحران پر عوام کی گہری بے چینی اور تکلیف کی عکاسی کرتی ہے۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ یہ معاملہ براہ راست ہندوستان کے نوجوانوں کے مستقبل، ملک کے سرکاری امتحانی نظام کی ساکھ، جمہوری آزادیوں کے تحفظ اور ریاست کی آئینی ذمہ دارییعنی انصاف، شفافیت، جواب دہی اور مساوی مواقع کو یقینی بنانے، سے متعلق ہے۔ سنجے سنگھ نے آخر میں راجیہ سبھا کے جنرل سیکریٹری سے درخواست کی کہ ضابطہ 267 کے تحت ایوان کی تمام معمول کی کارروائیاں ملتوی کرکے قومی مفاد سے متعلق اس انتہائی اہم اور فوری نوعیت کے معاملے پر ایوان میں بحث کرائی جائے۔

Continue Reading

دلی این سی آر

سی جے پی مارچ کے دوران لڑکیوں سے کی گئی چھیڑ چھاڑ

Published

on

نئی دہلی :کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے سنساد چلو مارچ کے دوران پولیس کی کارروائی اور جنتر منتر سے سونم وانگچک کو ہٹانے سے متعلق کچھ مفاد عامہ کی عرضیوں پر دہلی ہائی کورٹ میں ایک اہم سماعت ہوئی۔ درخواست گزاروں کا موقف تھا کہ پولیس نے پرامن احتجاج کے خلاف سخت کارروائی کی۔ سماعت کے دوران خواتین مظاہرین سے چھیڑ چھاڑ کے الزامات بھی لگائے گئے، حتیٰ کہ ان کی شرمگاہ پر لاٹھیوں سے مارنے کا الزام بھی لگایا گیا۔ دریں اثنا، حکومت نے ان الزامات کی تردید کی اور پولیس اہلکاروں پر حملے کا الزام لگایا۔ عدالت نے مرکزی حکومت سے چار ہفتوں کے اندر جواب طلب کیا ہے، اور اگلی سماعت 11 ستمبر کو ہوگی۔ عدالت نے سونم وانگچک کو جنتر منتر سے ہٹانے کو چیلنج کرنے والی درخواست کو خارج کر دیا۔
چیف جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے اور جسٹس تیجس کریا پر مشتمل بنچ کے سامنے سینئر وکلاء این ہری ہرن، وکاس سنگھ اور گوپال سنکرارائنن نے درخواست گزاروں کی طرف سے دلائل پیش کئے۔ ہری ہرن نے کہا کہ جنتر منتر پر احتجاج پرامن تھا اور وہ اپنے آئینی حقوق کا استعمال کر رہے تھے، لیکن پولیس نے ان کے خلاف وحشیانہ کارروائی کی۔ سینئر وکیل وکاس سنگھ نے بتایا کہ 20 جولائی کو پارلیمنٹ کی طرف مارچ کی کال دی گئی تھی اور اس کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے تھے۔ اس اجتماع پر حملہ کیا گیا۔ لڑکے اور لڑکیاں موجود تھے۔ ان کے پرتشدد ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ ایسی متعدد ویڈیوز ہیں جن میں شہری لباس میں لوگ پولیس کے ساتھ بیٹھے مظاہرین پر حملہ کرتے ہوئے دکھائے گئے ہیں۔
ہری ہرن نے کہا، “مائی لارڈ، ایسی بہت سی ویڈیوز ہیں جو آپ دیکھیں گے۔ ناخنوں سے لاٹھیاں لگائی گئی تھیں، اور بچوں کو ان کے ساتھ مارا پیٹا گیا تھا۔ پیلٹ اور الیکٹرک ڈنڈوں کا استعمال کیا گیا تھا۔ کیا پرامن احتجاج اسی طرح ہوتا ہے؟” وکلا نے عدالت سے ویڈیوز دیکھنے کی استدعا کی۔ ہری ہرن نے پولیس پر سنگین الزام لگاتے ہوئے کہا، “احتجاج میں شریک طالبات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی، اس لیے میں آپ سے ویڈیوز دیکھنے کے لیے کہہ رہا ہوں۔ کم از کم شناخت شدہ پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے، پورے معاملے کی جانچ ہونی چاہیے۔ میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں کہ پولس اہلکاروں کو زخمی کرنے والوں کو کانٹا چھوڑ دیا جائے۔ کم از کم 90 طالبات زخمی ہوئیں۔”
ہری ہرن نے ایس آئی ٹی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا، “ہم نہیں چاہتے کہ دہلی پولس اس کی تحقیقات کرے۔ ایک آزاد ایجنسی کو جانچ کرنی چاہیے۔ ہم نے جو مواد فراہم کیا ہے اس میں پولیس والے واضح طور پر پہچانے جا سکتے ہیں۔” پولیس اہلکار ان سے چھیڑ چھاڑ کرتے اور ان کے پرائیویٹ پارٹس میں لاٹھیاں ڈالتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ یہ خوفناک ہے۔‘‘ انہوں نے عدالت سے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا۔مرکزی حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے کہا کہ ایسے ویڈیوز موجود ہیں جن میں زخمی پولیس والوں کو دکھایا گیا ہے۔ یہ بات اچھی طرح سے معلوم ہے کہ اس طرح کے سمجھے جانے والے پرامن احتجاج کے دوران، ایسے اوقات ہوتے ہیں جب دوسرے انہیں ہائی جیک کر لیتے ہیں۔ پرامن احتجاج پرامن ہونے سے باز رہے۔ پولیس کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ پولیس زخمی ہو گئی۔ ایف آئی آر درج کی جا رہی ہیں جہاں ہجوم نے قانون توڑا۔ اگر تشدد ہوتا ہے تو پولیس کو کارروائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیوز میں ہجوم کو پرتشدد اور پتھراؤ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔عدالت نے کہا، “مسٹر راجو، میرے دو تین سوال ہیں، کیا یہ الگ تھلگ واقعات ہیں؟” نہیں، دوسرا، اگر یہ ایک غیر قانونی اجتماع تھا، جیسا کہ آپ نے کہا، اس سے نمٹنے کے لیے ایک قانون موجود ہے۔ رام لیلا میدان کو لے کر سپریم کورٹ کا حکم ہے۔ اگر یہ مسائل مفاد عامہ کی عرضی میں اٹھائے گئے ہیں، تو آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ سب کو ایف آئی آر درج کرنی چاہیے؟ اگر یہ صرف ایک یا دو کیس ہوتے تو یہ الگ بات ہوتی۔ عدالت نے مرکزی حکومت کو دونوں درخواستوں کا جواب دینے کے لیے چار ہفتے کا وقت دیا ہے۔ اگلی سماعت 11 ستمبر کو ہوگی۔

Continue Reading

دلی این سی آر

اردو اکادمی دہلی کے زیرِ اہتمام ’’میر تقی میر کی یاد میں‘‘ شاندار تقریب

Published

on

نئی دہلی:اردو اکادمی دہلی کے زیرِ اہتمام انڈیا انٹرنیشنل سینٹر، نئی دہلی کے ملٹی پرپز ہال میں جناب وپن گرگ کی مرتب کردہ ’’دیوانِ میر‘‘ کے ہندی ایڈیشن کی اشاعت کے موقع پر ’’میر تقی میر کی یاد میں‘‘ کے عنوان سے ایک شاندار ادبی و ثقافتی پروگرام منعقد کیا گیا۔اس پروگرام میں میر تقی میر کی شخصیت، شاعری اور ادبی وراثت پر ایک فکرانگیز ادبی مذاکرہ منعقد ہوا، جبکہ دوسرے سیشن میں میر کی غزلوں پر مشتمل دل نشیں محفلِ غزل پیش کی گئی۔ یہ پروگرام زبان و ادب اور ہندوستانی تہذیب و ثقافت کے فروغ کے لیے حکومتِ دہلی کے وزیر محکمہ فن، ثقافت و السنہ و چیئرمین اردو اکادمی، دہلی جناب کپل مشرا کی مسلسل سرپرستی اور تعاون کا نتیجہ تھا۔ واضح رہے کہ حکومتِ دہلی اور معزز وزیرِ ثقافت کے مسلسل تعاون کے باعث اردو اکادمی، دہلی کی ادبی و ثقافتی سرگرمیاں نہایت اہتمام کے ساتھ تسلسل سے جاری ہیں۔
پروگرام کے آغاز میں دہلی حکومت کے محکمۂ فن، ثقافت اور السنہ کے ایڈیشنل سکریٹری اور اردو اکادمی دہلی کے سکریٹری جناب لیکھ راج نے معزز مہمانانِ جناب امت یادو (سابق سکریٹری، حکومتِ ہند)، جناب پی کے ترپاٹھی (سابق چیف سکریٹری، حکومتِ دہلی)، جناب اشوک مہیشوری (منیجنگ ڈائریکٹر، راج کمل پرکاشن) اور ممتاز غزل گلوکارہ محترمہ ودیا شاہ کو گلدستے پیش کرکے ان کا خیرمقدم کیا۔
اپنے استقبالیہ خطاب میں جناب لیکھ راج نے تمام شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جناب وپن گرگ نے دیوانِ میر کو ہندی میں مرتب کرکے ایک نہایت اہم ادبی خدمت انجام دی ہے۔ اس کے ذریعے میر تقی میر کی شاعری ہندی قارئین کے ایک وسیع حلقے تک پہنچ سکے گی۔ انھوں نے کہا کہ یہ کام اس لیے بھی بے حد ضروری تھا کہ میر کی شاعری ہر دور میں زندہ رہنے والی شاعری ہے اور تین صدیاں گزر جانے کے باوجود آج بھی ان کا کلام اسی تازگی اور تاثیر کے ساتھ پڑھنے والے کو متاثر کرتا ہے۔
پروگرام کا پہلا سیشن ’’میر تقی میر: شاعر، ان کی شاعری اور ادبی وراثت‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والے ایک علمی و ادبی مذاکرے پر مشتمل تھا، جس میں معروف صحافی اور داستان گو جناب دارین شاہدی نے دیوانِ میر کے ہندی ایڈیشن کے مرتب و مدیر جناب وپن گرگ سے میر کی شاعری، زبان، ہندی میں دیوان کی ترتیب کی ضرورت اور اس اہم کام کی تکمیل کے دوران پیش آنے والی مشکلات پر تفصیلی اور معلومات افزا گفتگو کی۔جناب وپن گرگ نے بتایا کہ انھیں بچپن سے ہی شاعری سے گہرا لگائو تھا۔ جب انھوں نے میر کو پڑھنے کی خواہش کی تو یہ جان کر افسوس ہوا کہ میر کا مکمل کلام ہندی میں دستیاب نہیں ہے۔ چنانچہ انھوں نے اردو اکادمی، دہلی کے اردو سرٹیفکیٹ کورس میں داخلہ لیا، اردو سیکھی اور پھر میر کا اصل کلام اردو میں پڑھا۔ انھوںنے مزید بتایا کہ دیوانِ میر کے ہندی ایڈیشن کی تیاری کا آغاز 2007 میں کیا تھا اور یہ کتاب تقریباً بیس برس کی مسلسل تحقیق و جستجو کا نتیجہ ہے۔میر کی زبان کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ عام بول چال کے الفاظ، محاورات اور روزمرہ کے دلکش استعمال نے میر کو دوسرے شعرا سے ممتاز کیا ہے اور یہی خصوصیت انھیں سب سے زیادہ متاثر کرتی ہے۔ دورانِ گفتگو جناب دارین شاہدی نے میر تقی میر کی زندگی سے متعلق کئی دلچسپ واقعات بھی بیان کیے، جن سے سامعین خوب محظوظ ہوئے۔ مذاکرے کے اختتام پر جناب لیکھ راج نے دونوں مذاکرہ کاروں کو گلدستے پیش کرکے ان کا شکریہ ادا کیا۔
پروگرام کے دوسرے سیشن میں ہندوستان کی ممتاز غزل گلوکارہ اور صفِ اول کی فنکارہ محترمہ ودیا شاہ نے اپنی سحرانگیز آواز اور دلکش انداز میں میر تقی میر کی منتخب غزلیں پیش کرکے حاضرین کو مسحور کر دیا۔ اس موقع پر نوجوان شاعر ڈاکٹر عبداللہ مراش نے موسیقی، شاعری اور میر کی غزلوں کی غنائیت کے حوالے سے اپنے مختصر مگر بصیرت افروز تاثرات پیش کیے، جس سے اس محفل کی ادبی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا۔پروگرام کی نظامت کے فرائض جناب اطہر سعید نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے اور اپنی دلکش نظامت سے سامعین کو آغاز سے اختتام تک محفل سے وابستہ رکھا۔پروگرام کا اختتام محکمۂ فن، ثقافت اور السنہ کے ایڈیشنل سکریٹری اور اردو اکادمی دہلی کے سکریٹری جناب لیکھ راج کے اظہارِ تشکر پر ہوا۔
اس موقع پر مذکورہ معزز مہمانان کے علاوہ ڈاکٹر ایم آر قاسمی، جناب حبیب سیفی، ڈاکٹر شبانہ نذیر، ساحر داؤد نگری، ڈاکٹر ذکی طارق، جناب علیم الدین اسعدی، جناب حامد علی اختر، جناب شمیم اختر، ڈاکٹر امیر حمزہ ، جناب ابوذر فاطمی، امتیاز احمد اور میر کے متعدد شائقین و ادب دوست افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔

 

 

Continue Reading

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network