Khabar Mantra
اترپردیش

مدنی ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ میں جوش وخروش کیساتھ منایا گیا انجینئر س ڈے

(پی این این)
دیوبند:ہر سال پوری دنیا میں 17؍ ستمبر کا دن انجینئرس ڈے کے طور پر منایا جاتاہے۔ ہندوستان میں یہ دن ’’وشو کرما دیوس‘‘ کے نام سے منایا جاتا ہے ۔ 17؍ ستمبر کو انجینئرس ڈے کے موقع پر کارخانوں ، صنعتی یونٹوں، ورکشاپ اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اداروں میں موجود مشینوں ، جنریٹروں ، کھراد مشینوں اور دیگر آلات واوزاروں کی اجتماعی طورپر صفائی کرکے اس دن کو منایاجاتاہے۔ اسی مناسبت سے دیوبند کے معروف تکنیکی تعلیم کا ادارہ مدنی ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ میں بھی انجینئرس ڈے منایا گیا ۔
ادارہ کے پرنسپل نوشاد احمد نے بتایا کہ ان کے ادارے میں الیکٹریشن ٹریڈ کے لئے نہایت شاندار پریکٹیکل لیب ہے جس میں متعدد قسم کی موٹروں کے علاوہ جنریٹر، پینل بورڈ اور اے ،سی سے ڈی سی نیز ڈی سی سے اے سی کنورٹر موجود ہیں ۔ الیکٹریشن ٹریڈ کے طلبہ نے مذکورہ موٹر ، جنریٹر، پینل بورڈ اور وائڈنگ مشین کے ساتھ ساتھ دیگر آلات اور اوزاروں کی صفائی کی۔ اسی طرح ادارہ کی الیکٹرونک لیب میں موجود پینل بورڈ ٹاور ، ٹی وی ، اسٹیبلائزر ، سی وی ٹی اور دیگر آلات وپریکٹیکل کٹس کی صفائی کی ۔
ادارہ کے پرنسپل نے اس موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انجینئرس ڈے کی تاریخی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہندو مذہب کے ماننے والوں کا یہ عقیدہ ہے کہ بھگوان برہما کے حکم پر وشو کرما نام کے دیوتا نے دنیا میں موجود تمام چیزوں ، خاص طور پر مشینوں اور انسانوں کے کام آنے والے آلات اور ٹولز ایجاد کئے تھے اس لئے ان کی پیدائش کے دن کو عالمی سطح پر انجینئرس ڈے کے طورپر منایا جاتا ہے ۔


ہندو مذہب کے لوگ 17ستمبر کو وشو کرما دیوتا کی پوجا بھی کرتے ہیں ۔ مدنی ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے رکن پردیپ شرما نے بتایا کہ انجینئرس ڈے کے موقع پر ادارہ میں ایک اعزازی تقریب بھی منعقد کی گئی اور 2020-22بیچ کے تینوں ٹریڈ کے ٹاپرس طلبہ کو سرٹیفکٹ اور میڈل دے کر حوصلہ افزائی کی گئی ۔
اعزاز پانے والوں میں الیکٹریشن ٹریڈ کے ہرش پنوار ، الیکٹرونک ٹریڈ کے راہل ٹنڈن اور فیٹر ٹریڈ کے اینی کیتھ شامل ہیں ۔ پروگرام کے اختتام پر مٹھائی تقسیم کی گئی ۔ اس موقع پر ادارہ کے پرنسپل نوشاد احمد ، ادارہ کے انچارج تنویر احمد ،پردیپ شرما،محمد کامل، اجے ویر سنگھ، محمد شاکر، معید اختر، سید نجم عثمانی، محمد ناہید اور دیگر عملہ موجود رہا۔

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close