اپنا دیشتازہ ترین خبریں

مہاراشٹر: آدتیہ ٹھاکرے مستقبل کے وزیراعلی

بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جےپی)کی پرانی اتحادی اور مہاراشٹر کے اقتدار میں اہم ساجھے دار شیوسینا اپنے ’ففٹی-ففٹی‘ فارمولے کے تحت بی جےپی پر دباؤ بنانے میں لگی ہوئی ہے اور اس نے جمعہ کو ایک پوسٹر جاری کیا جس میں آدتیہ ٹھاکرے کو ’مستقبل کا وزیراعلی‘ بتایا گیا ہے۔

اس سے پہلے جمعہ کو شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے اپنی خواہش ظاہر کرتے ہوئے اشاروں کنایوں میں کہا تھا کہ اس کی طویل عرصہ سے حامی رہی بی جےپی کے ساتھ سب کچھ اچھا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مزاحیہ لہجے میں کہا،’’ہم نے لوک سبھا انتخابات کے دوران سمجھوتہ کیا تھا، لیکن اب ایسا نہیں کر سکتے۔ مجھے یہ یقینی بنانا ہوگا کہ میری پارٹی پھلتی پھولتی رہے۔‘‘

شیوسینا نے جمعہ کو شائع اپنے ترجمان اخبار ’سامنا‘ کے ادارتی مضمون میں پارٹی کے سبھی خیر خواہوں کو ’اقتدار کا گھمنڈ‘ مظاہرہ نہ کرنے کی وارننگ دی۔ ادارتی صفحے میں شائع مضمون میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں بی جےپی-شیوسینا اقتدارمیں پھر سے لوٹی ہے، البتہ ان کی سیٹوں کی تعداد میں کمی آئی ہے لیکن اس کے باوجود یہ صورت حال اس نظریہ کی نفی کرتی ہے، جس میں پھوٹ ڈالنے کی سیاست اور اپوزیشن پارٹیوں میں تقسیم کے ذریعہ الیکشن جیتنے کی بات کہی جاتی ہے۔

مضمون میں کہا گیا ہے کہ الیکشن سے پہلے یہ سوال بھی اٹھائے جاتے رہے ہیں کہ مسٹر شرد پوار کی قیادت والی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی) کا کوئی مستقبل نہیں ہے لیکن الیکشن کے نتیجوں نے اسے بھی غلط ثابت کردیا اور این سی پی نے 50سیٹوں سے زیادہ حاصل کیں، جبکہ اس کی اتحادی کانگریس نے بھی 44 سیٹیں جیتیں۔ الیکشن کا نتیجہ اس بات کی وارننگ ہے کہ حکومت کو اقتدار حاصل کرنے کا گھمنڈ نہیں کرنا چاہئے۔ ایسا مانا جارہا ہے کہ شیوسینا مسٹر آدتیہ ٹھاکرے کو ڈھائی سال بعد وزیراعلی کا عہدہ دینے کا سمجھوتہ کرسکتی ہے۔ اس کے علاوہ وہ پارٹی کے لئے اسمبلی اسپیکر کے عہدے کا مطالبہ بھی کرسکتی ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعلی دیویندر فڑنویس اور بی جےپی کے صف اول کے رہنما اور مرکزی وزیر نیتن گڈکری کے ناگپور علاقے میں بی جےپی کو امید کے مطابق کامیابی نہیں ملی ہے۔ ناگپور ضلع کی 12سیٹوں میں بی جےپی کو چھ، کانگریس کو چار، این سی پی کو ایک اور ایک سیٹ آزاد امیدوار کو ملی ہے۔ ناگپور شہر اور ناگپور گاؤں دونوں ہی سیٹیں کانگریس کے کھاتے میں گئی ہیں۔ سال 2014 کے اسمبلی انتخابات میں ناگپور ضلع کی 12سیٹوں میں بی جےپی نے 11 سیٹیں حاصل کی تھیں۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close