Khabar Mantra
اترپردیش

بی جے پی حکومت میں ہر طبقہ پریشان

سبھی کارکنان حکومت کی غلط پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے کاکریں کام :چودھری عبدالواحد

(پی این این)
دیوبند:سماج وادی پارٹی کے ضلع صدر چودھری عبدالواحد نے کارکنان سے مشن 2024کی کامیابی میں لگ جانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سبھی کارکنان حکومت کی غلط پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے کا کام کریں۔
انبالہ روڈ پر واقع سماج وادی پارٹی ضلع دفتر پر منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ضلع صدر عبدالواحد نے کہا کہ آنے والے 2024میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے ملک کا مستقبل طے ہونا جارہا ہے، ایسی صورت میں پارٹی کے سبھی کارکنان کا فرض بنتا ہے کہ وہ مشن 2024کی کامیابی میں جی جان سے جٹ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بی جے پی حکومت میں ہر طبقہ مختلف مسائل سے پریشان ہے ، کسان مزدور، تاجر، تعلیم یافتہ نوجوان پوری طرح پریشان ہے اور اس حکومت سے ہر کوئی چھٹکارہ پانا چاہتاہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان انتخاب کی تیاریوں میں ابھی سے لگ جائیں اور پارٹی امیدوار کو کامیاب کرنے کا ہدف متعین کرنے کا کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج مہنگائی آسمان چھو رہی ہے، پیٹرول ڈیزل، رسوئی گیس کی قیمتوں میں برابر اضافہ ہورہا ہے اور ساتھ ہی عام زندگی سے جڑی چیزوں کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کا جینا محال ہوگیا ہے۔
انہوںنے کہا کہ کارکنان عوام کے درمیان جاکر بی جے پی حکومت کی پال کھولنے کا کام کریں۔ چودھری عبدالواحد نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی بیٹی بچاﺅ بیٹی پڑھاﺅ کا نعرہ دے کر سماج میں بھرم پیدا کرنے کا کام کررہے ہیں کیوں کہ آج ملک کا بیرون ملک میں نام روشن کرنے والی بیٹیوں کی بے عزتی کی جارہی ہے اور ان کے ساتھ بدسلوکی ہورہی ہے، گزشتہ کافی دنوں سے وہ تحریک چلار ہی ہیں۔
لیکن وزیر اعظم نریندر مودی سمیت ان کی پوری سرکار پوری طرح اس مسئلہ پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں جوان کی ناکامی کا ثبو ت ہیں۔ پارٹی کے سابق شہر صدر فیصل سلمانی نے کہا کہ سبھی پارٹی کارکنان پارلیمانی انتخابات کے ساتھ ساتھ پارٹی کو مضبوط بنانے کا کام کریں اور بوتھ سطح تک کمیٹیاں سرگرم کریں کیوں کہ بوتھ کمیٹی سے ہی انتخاب میں کامیابی ملتی ہے۔
اس دوران سابق وزیر ونود تیجیان، عثمان مکھیا، حارث قریشی، راغب علی، سندیپ سینی وغیرہ نے بھی خطاب کیا ۔ میٹنگ میں رمیش یادو، محمد شکیل، دھن سنگھ یادو، کرن پال رانا، چندر پال ٹھاکر، محمد عارف، راج کمار، امت جاٹو، یوگیندر شرما، اجے چودھری وغیرہ موجود رہے۔ میٹنگ کی صدارت عبدالواحد نے کی اور نظامت کے فرائض فیصل سلمانی نے انجام دیئے۔

 

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close