بہار- جھارکھنڈتازہ ترین خبریں

بہار اسمبلی: اسپیکر کے انتخاب میں نیا موڑ، مہاگٹھ بندھن نے بھی امیدوار اتارا

پٹنہ، (یو این آئی)
بہار اسمبلی اسپیکر (Bihar Assembly Speaker) کے عہدہ کیلئے حکمراں طبقہ اور اپوزیشن میں رسہ کشی شروع ہو گئی ہے۔ ایک طرف این ڈی اے نے اسپیکر کے لیے اپنا امیدوار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے وجے سنہا (Vijay Sinha) کو بنایا ہے، جبکہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی جانب سے بھی راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے سنیئر لیڈر اودھ بہاری چودھری (Awadh Bihari Choudhary) امیدوار بنائے گئے ہیں۔ اس عہدہ کیلئے دو امیدوار ہونے کی وجہ سے کل اس کے لئے انتخاب ہو گا۔

بتا دیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے وجے سنہا امیدوار بنائے گئے ہیں۔ مسٹر سنہا کی جانب سے آج این ڈی اے کے سنیئر لیڈران کی موجودگی میں اسمبلی سکریٹری کے سامنے اسپیکر کے انتخاب کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کیا گیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ نائب وزیراعلیٰ تارکشور پرساد اور رینودیوی، سابق اسمبلی اسپیکر اور جنتادل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے لیڈر وجے کمار چودھری، سابق پارلیمانی امور کے وزیر شرون کمار، سابق وزیر نریندر نارائن یادو اور بی جے پی کے سنجے سراﺅگی موجود تھے۔ بی جے پی لیڈر مسٹر سنہا گذشتہ حکومت میں وسائل محنت کے وزیر تھے۔ لکھی سرائے سے وہ مسلسل تیسری مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو (Tejashwi Yadav) نے اسمبلی احاطہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہاکہ آج مہا گٹھ بندھن کی حلیف جماعت آرجے ڈی، کانگریس، سی پی آئی، سی پی آئی ایم، سی پی آئی ایم ایل کی میٹنگ ہوئی۔ جس میں اتفاق ہواکہ مہا گٹھ بندھن کی جانب سے اسپیکر کے انتخاب میں امیدوار کھڑا کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اس اجلاس میں ہی اتفاق رائے سے مسٹر اودھ بہاری چودھری کو امیدوار بنائے جانے کا فیصلہ ہوا۔ اس کے بعد مسٹر چودھری نے اپنی امیدواری کیلئے اسمبلی سکریٹری کے سامنے پرچہ داخل کیا۔

مسٹر یادو نے کہاکہ مسٹر چودھری ایک اہل اور تجربہ کار لیڈر ہیں۔ وہ پہلی مرتبہ 1985 میں سیوان سے منتخب ہو کر اسمبلی پہنچے اور اس کے بعد سے وہ مسلسل 1990,1995,2000 اور فروری 2005 کے انتخاب میں کامیاب ہوئے۔ اس مرتبہ بھی 2020 کے انتخاب میں سیوان سے منتخب ہوکر اسمبلی پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسٹر چودھری کئی مرتبہ وزیر رہ چکے ہیں اور فی الحال وہ آرجے ڈی کے ریاستی پارلیمانی بورڈ کے صدر بھی ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ اسمبلی اسپیکر کا عہدہ کافی اہم ہوتا ہے۔ اس عہدہ پر بیٹھے افراد سے توقعات ہوتی ہیں کہ وہ پارٹی سیاست سے اوپر اٹھ کر سبھی اراکین کو ایوان میں مفاد عامہ کے مسائل کو اٹھانے کا برابر کا موقع فراہم کریں۔ انہوں نے کہاکہ مسٹر چودھری اراکین کی توقعات پر کھڑا اتریں گے اور انہیں پورا یقین ہے کہ اسمبلی انتخاب میں وہ ضرور کامیاب ہوں گے۔

نیوز ایجنسی (یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close