Khabar Mantra
دلی نامہ

اسکوٹر سوار خاتون کا گولی مار کر قتل،حملہ آور فرار

نئی دہلی: مغربی وہار کے میرا باغ علاقے میں پیر کی شام ایک اسکوٹی سوار خاتون کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ متوفی کی شناخت 38 سالہ جیوتی کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ نہال وہار میں اپنے خاندان کے ساتھ رہتی تھی اور فلپ کارٹ کمپنی میں ڈیلیوری گرل کے طور پر کام کرتی تھی۔ قتل کے بعد حملہ آور جیوتی کی اسکوٹی لے کر فرار ہو گیا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ مغربی وہار تھانہ کی پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور تمام پہلوؤں سے جانچ کر رہی ہے۔پولیس نے واقعے سے متعلق کچھ فوٹیج بھی قبضے میں لے لی ہے۔ جیوتی کے زیورات اس کے پاس ہی ملے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ڈکیتی کا امکان کم ہے۔ تاہم پولیس ہر زاویے سے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ واقعہ میں کسی قریبی کے ملوث ہونے کا امکان ہے۔ جیوتی کے شوہر دیپک نے بتایا کہ جیوتی کو کام کرتے ہوئے ایک ماہ ہی ہوا تھا۔ اسے روزانہ ڈیلیوری کے حساب سے پیسے ملتے تھے۔ کچھ دن پہلے کمپنی کے ایچ آر ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے والے ایک شخص نے جیوتی کے ساتھ بدتمیزی کی جس کی شکایت اس نے کمپنی سے کی۔ تقریباً دس دن پہلے اس شخص کو نوکری سے ہٹا دیا گیا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق جیوتی کے پسماندگان میں شوہر دیپک سلوجا، دو بیٹیاں ریا (17) اور دیویا (14) اور بیٹا لکشیا ہیں۔ اس واقعے کی اطلاع پیر کی شام تقریباً 7:15 بجے پی سی آر کال کے ذریعے دی گئی۔ اہل خانہ نے بتایا کہ جیوتی کو گولی مار کر لوٹی گئی اسکوٹی سال 2015 میں خریدی گئی تھی۔ دیپک کی شادی یکم اکتوبر 2005 کو جیوتی سے ہوئی تھی۔ دیپک کا آبائی گھر روہتک ہے، جب کہ جیوتی بوانا کی رہنے والی تھی۔پیر کی شام پولیس کو اطلاع ملی کہ آوٹر رنگ روڈ پر میرا باغ ریڈ لائٹ، ستون نمبر 73 کے قریب اسکوٹی پر سوار ایک خاتون کو گولی مار دی گئی۔ خاتون کو زخمی حالت میں قریبی پرائیویٹ اسپتال لے جایا گیا جہاں سے اسے دوسرے اسپتال ریفر کردیا گیا۔ تاہم خاتون دوسرے ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ ابھی تک پولیس کی تفتیش میں حملہ آور کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔جیوتی کے شوہر دیپک پلاسٹک کا کام کرتے ہیں۔ یہ خاندان نہال وہار میں کرائے کے مکان میں رہتا ہے۔ اسے یہاں رہتے ہوئے آٹھ سال ہوچکے ہیں۔ جیوتی فلپ کارٹ کمپنی میں ڈیلیوری گرل تھی۔ دیپک نے بتایا کہ شام تقریباً 7 بجے کسی نے انہیں فون کیا اور میرا باغ میں واقع سہگل اسپتال آنے کو کہا۔ تمہاری بیوی کو گولی لگی ہے۔ جب وہ ہسپتال پہنچا تو جیوتی زندہ تھی۔ اس نے شدید درد کی بات کی، جس کے بعد اسے دوسرے اسپتال ریفر کر دیا گیا۔ لیکن ایمبولینس میں لے جانے کے دوران راستے میں ہی اس کی موت ہوگئی۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close