Khabar Mantra
کھیل کھلاڑی

دوسرا ٹیسٹ بھارت کے کنٹرول میں اشون کی سنچری ،ٹیم انڈیا کو ملی جیت کی خوشبو

چنئی(پی این این)اسٹار آف اسپنر روی چندرن اشون نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹ حاصل کرنے کے بعد ہندوستان کی دوسری اننگز میں شاندار سنچری(106)مکمل کی جس کی بدولت ٹیم انڈیا نے اپنی دوسری اننگز میں286رن بنائے اور انگلینڈ کے سامنے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میں جیت کےلئے482رن کا چیلنجنگ ہدف رکھا جس کا تعاقب کرتے ہوئے مہمان ٹیم نے دن کے اختتام تک اپنے تین وکٹ53رن پر گنوا دئے ہیں ۔ انگلینڈ کو ابھی جیت کےلئے429رن کی ضرورت ہے ۔ ہندوستان نے پہلی اننگز میں329رن بنائے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم134رن پر آوٹ ہوگئی تھی۔ ہندوستان کو پہلی اننگز میں195رن کی بڑی سبقت ملی تھی۔ ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز میں پیر کے روز تیسرے دن ایک وکٹ پر54رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اس کی اننگز286رن پر جاکر ختم ہوئی۔اشون نے شاندار بلے بازی کا کیا اور اپنی سنچری میں14چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اشون نے کیرئیر کی پانچویں سنچری مکمل کی۔ انگلینڈ نے482رنز کے انتہائی مشکل ہدف کے سامنے خراب آغاز کیا اور بائیں ہاتھ کے اسپنر اکشر پٹیل نے ڈومینک سبلے کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ سبلی نے25گیندوں میں تین رن بنائے۔روری برنس اور ڈینیل لارنس نے دوسرے وکٹ کیلئے32رنز کی شراکت کی۔ جب ایسا محسوس ہورہا تھا کہ انگلینڈ باقی کے کھیل کو محفوظ نکال لے گا تبھی اشون نے برنس کو وراٹ کوہلی کے ہاتھوں کیچ کرا کر انگلینڈ کو زبردست جھٹکا دیا۔ برنس نے42گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے25رنز بنائے ۔ لیفٹ آرم اسپنر جیک لیچ کو نائٹ واچ مین کے طور پر بھیجا گیا لیکن پٹیل نے لیچ کو روہت شرما کے ہاتھوں آوٹ کرادیا۔ انگلینڈ کا تیسرا وکٹ50کے اسکور پر گرا۔ لیچ کا کھاتہ نہیں کھلا۔ لیچ کا وکٹ گرنے کے بعد کپتان جو روٹ کو میدان میں اترنا پڑا۔ لارنس اور روٹ نے فیلڈروں سے گھرے ہونے کے باوجود پٹیل اور اشون کی خطرناک گیندوں کا سامنا کیا اور باقی کھیل میں ٹیم کو مزید نقصان نہیں ہونے دیا۔ اسٹمپس کے وقت لارنس38گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے19رن اور کپتان روٹ آٹھ گیندوں میں دو رنزبنا کر کریز پر موجود ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے پٹیل نے نو اوور میں15رن پر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ اشون نے آٹھ اوورمیں28رن دے کر ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔اس سے پہلے ہندوستان نے صبح اپنی اننگز ایک وکٹ پر54رن سے آگے بڑھائی۔ روہت شرما نے25اور چتیشور پجارا نے سات رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ہندوستان کو صبح دوسرا جھٹکا جلد ہی لگ گیا جب پجارا اپنے کل کے اسکور پر رن آوٹ ہوگئے ۔ پجارا گیند کو کھیلنے کریز سے باہر نکل آئے تھے اور گیند شارٹ لیگ پر پہنچی جہاں فیلڈر نے فوراً گیند وکٹ کیپر کو دی جنہوں نے پجارا کو رن آوٹ کردیا۔ ہندوستان کا دوسر اوکٹ55کے اسکور پر گرا۔ ہندوستان کو اسی اسکور پر سب سے بڑا جھٹکا اس وقت لگا جب پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے روہت شرما لیفٹ آرم اسپنر جیک لیچ کی گیند پر اسٹمپ آوٹ ہوئے ۔ روہت نے70گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے26رن بنائے ۔وکٹ کیپر رشھ پنت کو تیزی سے رن بنانے کےلئے اجنکیارہانے سے پہلے بھیجا گیا لیکن پنت11گیندوں میں آٹھ رن بنانے کے بعد لیفٹ آرم اسپنر جیک لیچ کی گیند پر اسٹمپ آوٹ ہوگئے ۔ہندوستان نے10رن کے وقفے میں تین وکٹ گنوائے ۔پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے نائب کپتان رہانے بھی زیادہ وقت تک کریز پر ٹھہر نہیں سکے اور آف اسپنر معین علی کا شکار بن گئے ۔ رہانے نے14گیندوں میں10رن بنائے اور اولی پوپ کو کیچ دے بیٹھے ۔ پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے اسپن آل راونڈر اکشر پٹیل کو معین نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا۔ پٹیل نے18گیندوں پر سات رن بنائے ۔ ہندوستان کے چھ وکٹ106رن پر گرے اور ہندوستان کی دوسری اننگز مشکل میں نظرآرہی تھی۔اس کے بعد کپتان وراٹ کوہلی کو اشون کی شکل میں بہترین ساتھی ملا اور دونوں نے ساتویں وکٹ کیلئے96رن کی اہم شراکت کرتے ہوئے ہندوستان کو200کے پار پہنچایا۔ پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں نصف سنچری بنانے والے کپتان وراٹ نے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں نصف سنچری ب مکمل کی۔ کپتان نے149گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے62رنز بنائے ۔ کلدیپ یادو صرف تین رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ کلدیپ کو بھی معین نے ایل بی ڈبلیو کیا ۔ایشانت شرما نے24گیندوں پر سات رن بنائے اور وہ نویں بلے باز کے طور پر237کے اسکور پر آوٹ ہوئے ۔ اشون نے پھر آخری بلے بازمحمد سراج کےساتھ آخری وکٹ کےلئے49رن کی اہم شراکت قائم کی اور اس دوران انہوں نے اپنی پانچویں سنچری بھی مکمل کی۔ اشون کی اننگز کا اختتام تیزگیندباز اولی اسٹون نے کیا۔ سراج21گیندوں میں2چھکوں کی مدد سے16رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔انگلینڈ کےلئے لیچ نے33اوورز میں100رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور معین نے32اوورز میں98رن پر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ اسٹون کو21رنز پر ایک وکٹ ملا۔

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close