تازہ ترین خبریںدلی نامہ

دہلی حکومت کی جائدادوں سے ٹیکس وصول کرے گی ایم سی ڈی

دہلی جل بورڈ کا ایم سی ڈی کے کروڑوں کا بقایا نکالنے پر تینوں میئر برہم..... کیا چیلنج، ہمت ہے تو ایم سی ڈی کے اسپتالوں کا کنکشن کاٹ کر دکھائے

نئی دہلی (انور حسین جعفری)
دہلی جل بورڈ کے وائس چیئر مین راگھو چڈھا کے ذریعہ تینوں ایم سی ڈی پر دہلی جل بورڈ کا کروڑوں روپیہ واجب الادا بتائے جانے پر تینوں ایم سی ڈی کے میئروں نے آج سیوک سینٹر میں منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس میں الٹا دہلی حکومت پر کروڑوں روپئے کا بقایا نکال دیا، یہی نہیں انہوں نے دہلی جل بورڈ کو چیلنج بھی کر ڈالا کہ اب لڑ ائی آر پار کی ہے، اگر ہمت ہے تو دہلی جل بورڈ ایم سی ڈی کے اسپتالوں کا کنکشن کاٹ کر دکھائے، ان کی بجلی ہاف، پانی معاف کا ڈھونگ کھل کر سامنے آ جائے گا۔

نارتھ ایم سی ڈی کے میئر جے پرکاش نے کہاکہ راگھو چڈھا نے مرکزی حکومت اور دہلی کی تین کارپوریشنوں کو تقریبا 6600 کروڑ روپے کا پانی کا بقایا نکالا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہلی حکومت مرکزی حکومت سے تو لڑ نہیں سکی اب وہ ایم سی ڈی سے لڑ رہی ہے اور صرف افراتفری پھیلانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ بجلی ہاف پانی معاف کا نعرہ دیتے تھے، لیکن انہوں نے نگم کے سبھی 6 اسپتالوں، آفسوں، پالی کلینکوں، ڈسپنسریوں پر کمرشیل چارج لگا دیا ہے۔ ایم سی ڈی کے 700 اسکولوں پر پانی کا کمرشیل چارج لگایا ہے، کیا وہ اسکول کمائی کرتے ہیں؟۔

میئر جے پرکاش نے کہاکہ جب دہلی حکومت ہم پر پینلٹی اور کمرشیل چارج لگا رہی ہے تو ہم بھی ایم سی ڈی کی جگہ میں جو بھی دہلی حکومت کی جائداد، محکموں کے دفاتر، اسکول، محلہ کلینکوں، بجلی کے کھمبوں سمیت جو بھی چیز ایم سی ڈی کی جگہ میں موجود ہے اس پر پینلٹی اور بیاج لگائیں گے، اس کی لسٹ بنائی جا رہی ہے اس کا چارج ایم سی ڈی اب دہلی حکومت سے لے گی۔ حکومت حساب کر لے جو جس کا بنتا ہے وہ اس کو دیدے۔ جے پرکاش نے کہا کہ 216 کروڑ روپے روڈ کٹنگ، 293 کروڑ روپے ٹیکس کے جل بورڈ پر باقی ہیں۔ ساتھ ہی دہلی حکومت پر ایم سی ڈی کے پہلی اور دوسری سہ ماہی کیلئے 95584 کروڑ روپئے واجب الادا ہیں اور دہلی کے مالیاتی کمیشن کی سفارشات کے مطابق 96891 کروڑ روپے بقایا ہیں۔ یعنی کل 192481 کروڑ روپئے کا بقایا ہے۔

ایسٹ ایم سی ڈی کے میئر نرمل جین نے کہاکہ دہلی جل بورڈ نے ہم پر سپر کمرشیل چارج لگا 49کروڑ رو پے کا بقایا نکالا ہے۔ ایسٹ ایم سی ڈی کو 175.52 کروڑ روپیہ دہلی جل بورڈ سے لینا ہے وہ اپنے پیسے کاٹ کر ہمارا 126 کروڑ واپس کر دے۔ ساؤتھ ایم سی ڈی کی میئر انامیکا متھلیشن نے بتایا کہ ہم نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال سے متعدد بار ملاقات کرنے کیلئے وقت مانگا ہے، لیکن وہ ابھی تک ہم سے نہیں ملے۔ ساؤتھ ایم سی ڈی کے چاروں زون میں ہر زون میں دہلی حکومت کی جائدادوں پر تقریباً 2500 کروڑ روپے کا بقایا ہے، جس میں کل 10000 کروڑ روپے بنتے ہیں۔ پریس کانفرنس میں نارتھ ایم سی ڈی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئر مین چھیل بہاری گوسوامی، ایسٹ ایم سی ڈی کے ماسٹرستپال سنگھ، ساؤتھ ایم سی ڈی کے لیڈر نریندر چاولا اور ایسٹ ایم سی ڈی کے لیڈر پرویش شرما موجود تھے۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close