دلی نامہ

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے نئے ای او جاوید عالم خان نے سنبھالا چارج

سابق ای او ڈاکٹر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ای او محسن علی، اسٹاف اور حج رضا کاروں نے کیا استقبال ٭دہلی حج ہاؤس کی جلد تعمیر میری اولین ترجیح: جاوید عالم خان

نئی دہلی (انور حسین جعفری)
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے نئے ایگزیکیٹو آفیسر جاوید عالم خان نے آج حج منزل ترکمان گیٹ واقع دہلی حج کمیٹی کے دفتر میں اپنا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ ڈاکٹر اشفاق احمد عارفی کے بعد جاوید عالم خان دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دوسرے مستقل ای او مقرر ہوئے ہیں۔

سابق ای او ڈاکٹر اشفاق احمد عارفی نے نئے ای او کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے استقبال کیا اور نیک خواہشات پیش کر تے ہوئے ان کو نئے ای او کا چارج سونپا۔ اس موقع پر ڈپٹی ایگزیکیٹو آ فیسر محسن علی اور جملہ اسٹاف نے نئے ای او جاوید عالم خان کا پھولوں سے والہانہ استقبال کیا۔ 1997 میں دہلی حکومت میں سروس میں آئے جاوید عالم خان ایڈہاک دانکس افسر ہیں، جو مختلف محکموں میں اپنی نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ ریونیو ڈپارٹمنٹ میں ایگزیکیٹو مجسٹریٹ، تحصیلدار، اسسٹنٹ کلکٹر اور سب رجسٹرار کے عہدے پر فائز رہے۔ اس کے بعد زونل آفیسر ویٹس اینڈ میزرس، الیکشن ڈپارٹمنٹ، لینڈ اینڈ بلڈنگ محکمہ میں ڈپٹی سکریٹری اور محکمہ فوڈ اینڈ سپلائی میں اسسٹنٹ کمشنر کی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ فی الحال وہ ٹریڈ اینڈ ٹیکس ڈپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ کمشنر کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے، جہاں سے وہ ٹرانسفر ہوکر انہوں نے آج دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے نئے اور دوسرے مستقل وقت کے ای او کا چارج سنبھالا ہے۔

اس موقع پر جاوید عالم نے کہاکہ یہ میری خوش قسمتی ہے حاجیوں کی خدمات کرنے اور ان کو سفر حج پر روانہ کرنے والے ادارے میں خدمت انجام دینے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ مقدس سفر حج پر روانہ وہنے والے عازمین کو بہتر سے بہتر سہولتیں مہیا کرائی جائیں جس کیلئے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کا جملہ اسٹاف پر عزم ہے۔ اس کیلئے ہم حج رضاکار تنظیموں کے رضاکاروں کو بھی ساتھ لیکر چلیں گے۔ انہوں نے کہاکہ دہلی حج ہاؤس کی تعمیر جو التواء میں ہے یہ اولین ترجیح ہوگی کہ دہلی حج ہاؤس کے تعمیر کو مکمل کرایا جائے اس کیلئے افسران اور حکومت سے ہم رابطہ کریں گے۔ جلد ہی دہلی حج ہاؤس پر ہم کام کریں گے۔

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی میں چیئرمین نہ ہونے اور حج سیزن میں حاجیوں کے مختلف مسائل کی صورت میں درپیش چیلنجیز کے تعلق سے نئے ای او جاوید عالم خان نے کہاکہ وہ اکثر جن محکموں میں رہے وہاں انہوں نے مختلف چیلنجیز کا سامنا کیا ہے۔ ان کا عوام سے بھی بہت زیادہ رابطہ رہا ہے، اس لئے حج سیزن میں کوئی پریشانی پیدا نہیں ہوگی۔ اس موقع پر حاجیوں کی خدمات انجام دینے والی حج رضاکار تنظیموں کے ذمہ داران حاجی اسعد میاں، حاجی ریاض الدین، شہزاد ملک، ریاض الدین راجو اور جن کلیان مہیلا سمیتی کی صدر مہرالنسا نے بھی نئے ای او جاوید عالم خان کے چارج سنبھالنے پر استقبال کیا۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close