Khabar Mantra
اپنا دیشاترپردیشتازہ ترین خبریں

ہردوئی کی فضا میں زہر گھولنے کی کوشش

بلگرام چنگی مسجد کے گیٹ پر بھگوارنگ سے لکھا گیا جئے شری رام ،حالات کشیدہ،نامعلوم افراد کےخلاف معاملہ درج

(پی این این)
ہردوئی:اترپردیش کے ہردوئی ضلع کی فضا میں زہر گھولنے کی کوشش شروع ہوگئی ہے ۔ہندو انتہاپسندوں کے ذریعہ ماحول خراب کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے جو کہ ناکام ہوچکا ہے لیکن حالات کشیدہ ہوگئے ہیں کیوں کہ ہردوئی قصبہ تھانہ سانڈی میں محلہ نواب گنج کے پاس بلگرام چنگی مسجد کے گیٹ پر بھگوا رنگ سے جئے شری رام لکھ دیا گیا ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ یہ تحریر رات  اندھیرے میں لکھی گئی ۔ مسجدکی اس بے حرمتی کولیکر ایک ہجوم جمع ہوگیا اور فرقہ وارانہ ماحول خراب ہونے لگا ۔چنانچہ حالات کو کنٹرول کرنے کےلئے پولیس بھی جائے واردات پرپہنچی اور مسلمانوں سے امن قائم کرنے کی اپیل کی اور یہ وعدہ کیا کہ 24گھنٹے کے اندر وہ مجرموں کو گرفتا کر لیں گے ۔فی الحال پولیس نے نامعلوم افراد کےخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
واضح ہو کہ آج صبح نماز ادا کرنے کےلئے مسلمان جب مسجد پہنچے تو انھوں نے گیٹ پر جئے شری رام لکھا ہوا دیکھااور معاملہ بگڑنے لگا۔چنانچہ فوری طور پر مسلمانوں  کے ذریعہ پولیس کو اطلاع کی گئی اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کےلئے پولیس موقع پر پہنچ گئی۔پولیس نے مسلمانوں کی طرف سے مسجد کے متولی کے تحریر پر نامعلوم افراد کےخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
اس معاملے پر پولیس تھانے میں مسلمانوں کے ساتھ خصوصی میٹنگ ہوئی جس میں پولیس کپتان راجیش دیویدی نے یقین دہانی کرائی کہ سماج دشمن عناصر کےخلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔انھوں نے بتایا کہ شرپسندوں نے رات کے اندھیر ے میں مسجد کے گیٹ پر کچھ لکھ دیا تھا اور کچھ دیواروں کی گیرواپتائی بھی کی گئی تھی۔اس سلسلے میں پولیس کو اطلاع ملتے ہی فوراًاسے صاف کرادیا گیا۔ایس پی نے بتایاکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ گنہگاروں کی تلاش کی جارہی ہے ۔ایس پی کا کہنا ہے کہ ہردوئی کی فضا خراب نہیں ہونے دی جائیگی ۔کیوں کہ سبھی تہوار فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے دوران گزر گئے ہیں لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ شرپسندوں نے اپنے ذاتی مفاد کےلئے ایسا کیا ہے ۔
حالانکہ یوپی میں فرقہ وارانہ فسادات گرچہ نہیں ہورہے ہیں لیکن ہندوتو نواز عناصر کے حوصلے بہت بڑھے ہوئے ہیں ۔حکومت کے ذریعہ مسلم شہروں کے نام بدلنے ،مسلم محلوں کے نام بدلنے سے بھی شرپسند عناصر کو تقویت مل رہی ہے ۔
کاشی ،متھرا کے مقدمات سے بھی ہندوتو نوازوں کے حوصلے بلند ہیں ۔مبصرین کا کہنا ہے کہ ایک خاص طبقے کےخلاف نفرت پھیلانے کے اس کھیل کو کامیابی مل رہی ہے ۔

 

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close