Khabar Mantra
بہار- جھارکھنڈ

سورین سرکار بس میں سوار

جھارکھنڈ بحران کے تحت خرید وفروخت کا خدشہ،49 ممبران اسمبلی کو لیکر سی ایم رہائش سے نکلیں بسیں

(پی این این)

رانچی:سیاسی بحران کو لیکر آج وزیر اعلیٰ ہمنت سورین کی رہائش گاہ پر مہاگٹھ بندھن کے 49ممبران کی میٹنگ ہوئی ۔ میٹنگ کے اختتام کے بعد تین بسوں کے ذریعہ مہا گٹھ بندھن کے ممبران اسمبلی نامعلوم مقامات کے لئے روانہ ہوگئے ۔ ان بسوں میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ(جے ایم ایم)،کانگریس اور آرجے ڈی کے ممبران اسمبلی کے ساتھ ساتھ سیکورٹی عملہ بھی موجود تھا۔قیاس آرائیاں ہیں کہ ممبران اسمبلی چھتیس گڑھ جارہے ہیں ۔
بتایا جارہا ہے کہ خرید وفروخت کے خدشے کے پیش نظر ممبران اسمبلی کو محفوظ مقامات پر بھیجا جارہا ہے ۔اطلاع ہے کہ یہ بسیں چھتیس گڑھ یا بنگال جاسکتی ہیں۔ الانکہ ممبران کو کہا ں بھیجا جارہا ہے اس کی اطلاع ابھی سامنے نہیں آئی ہے ۔ذرائع کے مطابق برسراقتدار مہاگٹھ بندھن کے ایم ایل اے کو ضرورت پڑنے پر مغربی بنگال یا چھتیس گڑھ جیسے دوست ریاستوں میں منتقل کرنے کی تیاری کی گئی ہے ۔ایسا بی جے پی کے ذریعہ خرید وفروخت کے تحت کیا جارہا ہے ۔
غورطلب ہے کہ ایک کانگریس لیڈر نے پی ٹی آئی کو بتایا تھامہاگٹھ بندھن کے ممبران اسمبلی کو چھتیس گڑھ یا مغربی بنگال بھیجنے کےلئے انتظام کیا گیاہے ۔دونوں غیر بی جے پی ریاستیں ہیں۔واضح ہو کہ تین لگژری بسوں کے ذریعہ سڑک کے راستے ممبران اسمبلی نامعلوم مقامات کی طرف روانہ ہوئے ہیں ۔ان کے پیچھے کئی اسکارٹ گاڑیاں بھی ہیں ۔اس سلسلے میں آج صبح ہی سی ایم رہائش گاہ پر برسراقتدار گٹھ بندھن کی ممبران کی تیسرے دور کی گفتگو ہوئی تھی جس میں تمام ارکان اسمبلی موجود تھے ۔حالانکہ بی جے پی ایم پی نشی کانت دوبے کے ٹویٹ کے مطابق جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے ذرائع کے حوالے سے کچھ ممبران دوپہر 2بجے چھتیس گڑھ پہنچے ہیں اور کچھ بسیں رانچی میں کھڑی ہیں ۔ حالانکہ ابھی تک جھارکھنڈ کے گورنر رمیش بیس وزیر اعلیٰ سورین کی اسمبلی رکنیت رد کرنے کا کوئی حکم نامہ الیکشن کمیشن کو نہیں بھیجا ہے ۔
ادھروزیراعلیٰ سورین نے ٹویٹ کرکے بتایا ہے کہ ہمارے مخالف سیاسی طورپر ہم سے مقابلے کرنے میں ناکام ہیں چنانچہ وہ آئینی اداروں کا غلط استعمال کررہے ہیں لیکن ہم فکر مند نہیں ہیں ۔آپ جو کرسکتے ہیں کریں ۔اس سے پہلے انھوں نے کہا تھا کہ راج بھون میں ا ن کے خلاف سازش رچی جارہی ہے ۔جس کو منھ توڑ جواب دیں گے ۔انھوں نے کہا کہ بی جے پی والے ہر طرح کے حربے استعمال کررہے ہیں لیکن میں آدیواسی کا بیٹاہوں ،جھارکھنڈ کا بیٹا ہوں مجھے کوئی اتنے آسانی سے نہیں توڑ سکتا ۔مرکزی حکومت ہماری رائلٹی کے لاکھوں کروڑوں دبائے بیٹھی ہے جب مطالبہ کیا گیا تو جانچ ایجنسیوں سے پریشان کیا گیا ۔ریاست کے وزیرتعلم ہمنت سورین کے انتہائی قریبی جگن ناتھ مہتو نے کہا ہے کہ ہم مضبوطی کے ساتھ سورین کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
واضح ہو کہ جھارکھنڈ کے 81 رکنی اسمبلی میں برسراقتدار گٹھ بندھ کے 49 ممبران اسمبلی ہیں ۔سب سے بڑی پارٹی کے طور پر جے ایم ایم کے 30،کانگریس کے 18 اور آر جے ڈی کے 1 ایم ایل اے ہیں جبکہ اپوزیشن جماعت بی جے پی کے 26 ایم ایل اے ہیں۔

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close