Khabar Mantra
بہار- جھارکھنڈ

کورونا جانچ میں جعلسازی پر کارروائی شروع

سول سرجن سمیت 4معطل،6برخاست،سبھی اضلاع میں جانچ کے احکامات

(پی این این)

پٹنہ:بہار میں محکمہ صحت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جموئی کے سول سرجن ڈاکٹر وجیندر ودیارتھی سمیت چار عہدیداروں کو معطل کردیا ۔دوسری جانب آدھا درجن سے زیادہ دیگر اہلکاروں کو برخاست کیا گیا ہے۔محکمہ صحت نے جموئی میں تفتیش میں بے ضابطگیوں کی شکایات موصول ہونے کے بعد تمام اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ کو کورونا تحقیقات سے متعلق کارروائی کی جانچ کرانے کی ہدایت دے دی ہے۔

محکمہ نے اس سلسلے میں کوئی شکایت موصول ہونے پر فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس معاملے کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلی نتیش کمار نے محکمہ کے پرنسپل سکریٹری کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر ایک چیز کی تحقیقات کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر کوئی گڑبڑی ہوئی ہوگی تو ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیر اعلی صحافیوں کے سوالوں کے جواب دےتے ہوئے کہاکہ پرنسپل سکریٹری نے انہیں بتایا ہے کہ 22 اضلاع کی تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں۔ ایک جگہ پر ایسا معاملہ سامنے آیا ہے ، جس پر فوری کارروائی کی گئی ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ اگر یہ ایسی بات ہے کہ کسی کی جانچ نہیں کی گئی ہے اور لکھ دیا کہ جانچ ہوئی تو یہ غلط بات ہوگی۔ ایسے لوگوں پر ایکشن لیا جائے گا۔ اب ہم اس سلسلے میں مزید تفصیلی جانکاری لیں گے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہر دن شروع سے ہی ان کے پاس کورونا انفیکشن کی رپورٹ آتی ہیں۔ کتنی جانچ ہوئی، کہاں کیا صورتحال ہے، سب میرے پاس آتا ہے۔ مرکزی سرکار کو بھی جانچ رپورٹ بھیجی گئی ہیں۔

محکمہ صحت نے کورونا جانچ میں لارپروائی اور غفلت برتے جانے کی رپورٹ اور کووڈ ٹسٹنگ ڈاٹا کی جانچ کے معاملے میں اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے میں بڑی لاپروائی برتے جانے کی ا طلاع پر یہ کارروائی کی۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ جموئی کی جانب سے کارروائی کی سفارش کے فورا بعد ہی ضلع سول سرجن اور دیگر کارکنوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ضلع سول سرجن سمیت تمام معطل عہدیداروں کو محکمہ صحت کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بہار میں کورونا تحقیقات میں بدعنوانی سے متعلق معاملے کو آر جے ڈی کے رکن پارلیمنٹ منوج جھا نے راجیہ سبھا میںاٹھایا تھا۔ اس پر راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن کو ہدایت کی کہ وہ پورے معاملے کی تحقیقات کریں۔ جموئی میں بدعنوانی کی تحقیقات میڈیا رپورٹس میں سامنے آئی تھی۔ 

جن عہدیداروں کو معطل کیا گیا ہے ان میں ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر میڈیکل آفیسر انچارج، پرائمری میڈیکل سینٹر ، جموئی ڈاکٹر ومل کمار چودھری ، کمیونٹی ہیلتھ سینٹر سکندرا کے انچارج میڈیکل آفیسر ، ڈاکٹر ساجد حسین اور میڈیکل آفیسر شامل ہیں۔ فرسٹ ایڈ سینٹر برہٹ کے انچارج عہدیداروں میں ڈاکٹر نند کمار منڈل بھی شامل ہیں۔

اس پورے معاملے پر فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت نے جموئی میں کورونا تفتیش سے وابستہ آدھا درجن سے زائد صحت کارکنوں کو برخاست کرنے کی ہدایت کی۔ ان میں جموئی کے ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر ، ہیلتھ منیجر ، لیب ٹیکنیشین اور سکندرا اور برہٹ کے دونوں فرسٹ ایڈ سینٹرز کے اے این ایم شامل ہیں۔ محکمہ صحت نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین کم ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان اہلکاروں کی نشاندہی کریں اور انہیں ملازمت سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

٭٭٭

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close