Khabar Mantra
تازہ ترین خبریںدلی نامہ

دہلی اسمبلی الیکشن کے پیش نظر طلبا مظاہرین نے خالی کی جامعہ کی سڑک

ووٹنگ کے بعد 8 فروری شام سے پھر شروع ہو جائے گا سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف دھرنا

نئی دہلی (انور حسین جعفری)
سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف جامعہ ملیہ پر 15 دسمبر سے دھرنا دے طلبا و طالبات نے دہلی اسمبلی الیکشن کے پیش نظر دو دنوں کیلئے سڑک خالی کر دی ہے۔ لیکن 8فروری کو ووٹنگ ختم ہونے کے بعد رات سے دوبارہ یہ دھرنا اسی جذبہ و جوش کے ساتھ شروع کر دیا جائے گا۔ فی الحال طلبا نے وہاں سے دھرنا ختم کردیا ہے، 8 فروری کو ووٹنگ کے دن سڑک پر مظاہرہ نہیں کریں گے۔

اس سلسلے میں طلبا نے کہا کہ سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف اور دہلی پولیس کی بربریت اور حملوں کے خلاف ان کا احتجاج رات و دن جاری ہے اور الیکشن کے بعد آئندہ بھی جاری رہے گا۔ ان کا احتجاج اس وقت تک نہیں رکے گا جب تک حکومت اس قانون کو واپس نہیں لیتی۔ مظاہرین طلباء کا کہنا ہے کہ چونکہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور الیکشن جمہوری نظام کا حصہ ہے اس لئے ہم پولینگ کے دن اس مہم کو روک دیں گے اور ووٹنگ کے بعد رات سے دوبارا اس تحریک کو آگے بڑھائیں گے، ووٹنگ ختم ہوجانے پر جامعہ کے طلباء و طالبات واپس اسی سڑکوں پر مظاہرہ شروع کردیں گے۔ جامعہ کے طلباء لوگوں کو الیکشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور ووٹ ضرور ڈالنے کی اپیل کر رہے ہیں، ان کا ماننا ہے کہ جتنے زیادہ لوگ ووٹ کریں اتنی مضبوط حکومت دہلی میں بنے گی۔

وہیں شاہین باغ میں بھی سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف ہونے والے احتجاج میں بھیڑ اور اس دوران دوبار فائرنگ کے واقعہ کے بعد دہلی پولیس نے دہلی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمیشن کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اس علاقہ میں انتخابی عمل میں کوئی پریشانی نہیں ہے۔ حالانکہ فائرنگ کے 2 واقعات کے بعد الیکشن کمیشن نے حالات کو دیکھتے ہوئے شاہین باغ کے ڈی سی پی چنمائے بسوال کو بھی ہٹانے کے آرڈر کئے تھے۔

واضح رہے کہ سی اے اے، این آر سی کے خلاف مظاہرہ کر رہے جامعہ کے طلبا و طالبات پر پولیس کی بربریت کے بعد شاہین باغ میں بھی ڈیڑھ ماہ سے دھرنا جاری ہے۔ یہاں جس میں ہر عمر اور ہر مذہب کی خواتین رات و دن دھرنا دے رہی ہیں۔ یہ دھرنا ووٹنگ کے دن بھی جاری رہے گا۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close