Khabar Mantra
تازہ ترین خبریںدلی نامہ

دہلی اسمبلی انتخابات: دہلی کانگریس کا انتخابی منشور جاری

کانگریس نے معمر افراد کو دی جانے والی پینشن میں اضافہ، تعلیم یافتہ کو بے روزگاری بھتہ اور پانی بچاؤ، پیسہ کماؤ اور بجلی بچاؤ، پیسہ کماؤ جیسے دلکش وعدوں کے ساتھ اتوار کو دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے اپنا انتخابی منشور ’ایسی ہوگی میری دلی‘ جاری کیا۔

دہلی کانگریس ریاست کے صدر سبھاش چوپڑہ اور پارٹی کے سینیئر رہنما آنند شرما اور اجے ماکن نے انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی شدید تنقید کی۔ انتخابی منشور میں کانگریس نے سینیئر شہریوں کو پانچ ہزار روپیے فی ماہ پینشن دینے کا وعدہ کیا ہے۔ اس کے لیے گریجویٹ بے روزگاروں کو سات ہزار روپیے اور پوسٹ گریجویٹ بے روزگاروں کو سات ہزار روپیے فی ماہ بھتہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ نوجوانوں کو 100 دن کا فروغ ہنر پروگرام بھی دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اسکل ٹریننگ کروانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

پارٹی نے کہا کہ دہلی کے شہریوں کے ہر خاندان کو 20000 لیٹر مفت پانی دیا جائے گا اور بچت کرنے پر 30 پیسے فی لیٹر کا کیش بیک ملے گا۔ اسی طرح بجلی کی بچت کرنے کا بھی صارفین کو تین روپیے فی یونٹ کا کیش بیک ملے گا۔ کانگریس نے تین پہیہ اور ای۔رکشہ ڈرائیوروں کے تمام باقی قرض معاف کرنے اور تمام شہریوں کو مفت صحت خدمات اور مفت دوائیں مہیا کروانے کا وعدہ کیا ہے۔

کانگریس نے چار صفحات کے منشور میں 55 وعدے کئے ہیں جو بچوں، طالب علموں، خواتین، معمر شہریوں، کسانوں، معذوروں، نوجوانوں اور ترقی سے متعلق ہیں۔ پارٹی نے کہا کہ دہلی میں نیا بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جائے گا اور شہر میں ہریالی کو فروغ دی جائے گی۔ پارٹی کے رہنماؤں نے بی جے پی پر سماج کو بانٹنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ عوام بٹن دبا کر جواب دیں گے۔اے اے پی پر آخری انتخابی وعدے پورے نہ کرنے کا الزام عائد کرتےہوئے کانگریسی لیڈروں نے کہا کہ ترقی کے نام پر ’ڈراما‘ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے وعدے نبھائے تھے اور وعدے نبھائیں گے۔

قبل ازیں بی جے پی نے جمعہ کو دہلی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اپنا منشور جاری کیا تھا اور غریبوں کے لیے دو روپے فی کلو کے اعتبار سے اچھا آٹا اور ہر گھر کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا وعدہ کیا۔ بی جے پی نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ’جل، جیون مشن‘ کی طرز پر پارٹی ہر خاندان کو پینے کا صاف پانی بھی فراہم کروائے گی۔ منشور میں بی جے پی نے مرکزی حکومت کی اہم منصوبوں آیوشمان بھارت اور ’کسان سمان ندھی‘ کو بھی نافذ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close