تازہ ترین خبریںمسلم دنیا

ہمسایہ ممالک کے درمیان بہتررشتوں سے خطہ میں امن قائم ہوگا: پاکستانی وفد

پاکستان کے اپوزیشن پارٹیوں کے پانچ اراکین پارلیمنٹ پر مشتمل ایک وفد نے منگل کو دارالعلوم دیوبند دورے کے دوران توقع کا اظہار کیا کہ ہندوستان اورپاکستان کے رشتوں میں جلد ہی بہتری آئے گی جس سے اس خطے میں امن و امان بحال ہوگا۔

اس سے قبل ہمسایہ ملک سے آئے وفد کا دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نےشاندار استقبال کیا، وفد نے دیوبند پہنچ کرجامعہ کی لائبریری، مسجد رشید اور دیگر شعبہ جات کو اپنی آنکھوں سے دیکھا اور وہاں کے نظام کو دیکھ کر اپنے خوشی کا اظہارکیا۔ اس دوران وفد کے قائد اورپاکستان کے حزب اختلاف کے لیڈر مولانا عطاءالرحمن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہمسایہ ممالک کے درمیان بہتر رشتوں کے خواہاں ہیں، باہمی رشتوں کی استواری سے خطہ میں امن کا ماحول قائم ہوگاہے۔ وفد میں جمعیة علماءاسلام پاکستان کے ذمہ دار مولانا عطاءالرحمن ممبر پارلیمنٹ، مولانا اسعد محمود ممبر پارلیمنٹ، مولانا صلاح الدین ایوبی ممبر پارلیمنٹ، مولانا عبدالواسع، مولانا عبدالشکور شامل تھے۔

پاکستان میں عمران خاں کے اقتدار میں آنے کے بعد ہندوپاک کے رشتوں کے بارے میں پوچھے گئےایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرتارپور کوریڈور تعمیر کا معاہدہ پاکستان کی موجودہ حکومت نے ہی کیا ہے نیز امید کی جاتی ہے کہ ایسے ہی مثبت اقدام دونوں ممالک کی جانب سے مزید کئے جائیں گے۔ دہشت گردی کے سلسلے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وفد کے قائد کا کہنا تھا کہ اسلام امن و شانتی اور آپسی بھائی چارہ و اخوت کی تعلیم دیتا ہے اسلام اوراسلامی تعلیمات کا دہشت گردی سے دور دور تک کوئی واسطہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند اور اس جیسے دنیا میں چل رہے لاکھوں مدرسوں میں کہیں بھی دہشت گردی کی تعلیم نہیں دی جاتی ہے۔

میڈیا کے ذریعہ دارالعلوم کا نام پاکستان سے جوڑنے پر مولانا عطاءالرحمن کا کہنا تھا کہ دارالعلوم دیوبند مادر علمی ہے ،اس نے ہماری علمی تشنگی کو بجھایا ہے ، صرف ہمارے پاس تک ہی نہیں بلکہ دنیا کے کونے کونے میں علم نبوی کو پہنچایا ہے اور پوری دنیا میں اس کے فیض یافتہ علماءاپنی خدمات انجام د ے رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ مذکورہ وفد جمعیة علماءہند کے قیام کے 100سال پورا ہونے پر دہلی میں منعقد سیمینار میں شرکت کے لئے ہندوستان آیا تھا۔ اس سیمینار میں شرکت کرنے کے بعد آج انہوں نے دارالعلوم دیوبند کا دورہ کیا۔ اس دوران جمعیة علماءہند کے صوبائی سکریٹری مولانا محمد مدنی، مولانا غیور قاسمی، دیگر اساتذہ اور سماجی کارکنوں سے ملاقات کی۔

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close