اپنا دیشتازہ ترین خبریں

گورنر کا شیوسینا کو مہلت دینے سے انکار، این سی پی گورنر ہاوس میں طلب

مہارشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے آج یہاں شیوسینا کی جانب سے حکومت سازی کے لئے دودنوں کی مہلت دینے سے انکار کر دیا اپنے اس فیصلے کے بعد گورنر نے ریاست میں تیسری سب سے بڑی سیاسی جماعت راشٹروادی کانگریس پارٹی کے اراکین اسمبلی کو گورنر ہاوس میں مدعو کیا ہے۔

شیوسینا اراکین اسمبلی کے ایک وفد نے آج یہاں آدتیہ ٹھاکرے کی سربراہی میں ریاستی گورنر سے ملاقات کی اور حکومت سازی کا دعوی پیش کیا ۔لیکن یہ اراکین اسمبلی جن سیاسی جماعتوں کی انہیں حمایت حاصل ہے اس کا کوئی خط گورنر کو نہیں دے سکے البتہ سینا اراکین اسمبلی نے گورنر سے تین دنوں کا وقت مانگا تا کہ اس درمیان راشٹروادی کانگریس اور کانگریس سمیت دیگر سیاسی پارٹیوں کی جانب سے شیوسینا کو دی جانے والی حمایت کا خط وہ گورنر کو پیش کر سکیں۔ راج بھون سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گورنر نے سینا کو تین دنوں کا وقت دینے سے انکار کر دیا اور اس کے بعد این سی پی اراکین کو گورنر ہاوس میں بلایا ہے۔

آدتیہ ٹھاکرے نے اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل شام بی جے پی کی جانب سے حکومت سازی کے دعوے سے دستبردار ہونے کے بعد گورنر نے شیوسینا کو 24گھنٹے کی مہلت دی تھی اور حکومت سازی کا دعوی پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔ گورنر کی اسی ہدایت پر آج سینا اراکین اسمبلی گورنر سے ملاقات کی اور انہیں اس بات سے مطلع کیا کہ شیوسینا دیگر سیاسی پارٹیوں کے ہمراہ مل کر حکومت تشکیل دے گی نیز ان کی حمایت حاصل کرنے کا خط پیش کرنے کیلئے سینا نے وقت طلب کیا جسے گورنر نے مسترد کر دیا لیکن گورنر نے شیوسینا کے حکومت سازی کے دعوے کو خارج نہیں کیا ہے۔

اسی درمیان این سی پی لیڈر اجیت پوار نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ شیوسینا کے وفد کی گورنر سے ملاقات کے بعد رات ساڑھے آٹھ بجے انہیں گورنر ہاوس سے ایک ٹیلیفون موصول ہوا اور انہیں گورنر ہاوس طلب کیا گیا ہے۔ اجیت پوار نےمزید بتلایا کہ ملاقات کی نوعیت کیا ہے اس سے وہ لاعلم ہیں لیکن ملاقات کرنے کے بعد ہی وہ یہ بتلا پائیں گے کہ اس معاملے میں کیا پیش رفت ہوئی ہے ۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close