اپنا دیشتازہ ترین خبریں

کوآپریٹو بینک گھوٹالہ: پوار بولے، تحقیقات میں ای ڈی کے ساتھ کریں گے مکمل تعاون

وزیر اعلی نے کہا ای ڈی کی اس کارروائی سے ریاستی حکومت کا کوئی تعلق نہیں

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار نے مہاراشٹر ریاست کوآپریٹو بینک گھوٹالہ میں اپنے خلاف لگے الزامات پر بدھ کو صفائی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی کوآپریٹو بینک کے ڈائریکٹر نہیں تھے۔ اس کے باوجود ان پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ای ڈی کے ذریعہ درج کئے گئے معاملے میں وہ کسی بھی انکوائری کے لئے تیار ہیں۔ جانچ ایجنسی کو وہ ہر طرح سے تعاون بھی کریں گے۔ اس کے لئے وہ خود جمعہ (27 ستمبر) کوای ڈی کے دفتر میں پیش ہوں گے۔ ای ڈی کی کارروائی پر وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے کہا ہے کہ اس پورے معاملے سے ریاستی حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ای ڈی یہ کارروائی ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق کر رہا ہے۔

سابق مرکزی وزیر پوار بدھ کو ممبئی میں واقع یشونت راؤ آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی زندگی میں ان پر مقدمہ درج ہونے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے ایک بار انہیں جل گاؤں سے ناگپور تک ریلی نکالنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ پریس کانفرنس میں این سی پی ریاستی صدر جینت پاٹل اور ترجمان نواب ملک بھی موجود تھے۔

قابل ذکر ہے کہ ای ڈی نے منگل کو شرد پوار اور ان کے بھتیجے سابق وزیر اعلیٰ اجیت پوار سمیت قریب 70 لوگوں کے خلاف پروینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔ یہ گھوٹالہ قریب 25 ہزار کروڑ روپے کا بتایا جا رہا ہے۔ شرد پوار اور دیگرلوگوں پر ای ڈی کی اس کارروائی کی مخالفت میں این سی پی کارکنوں نے ممبئی میں واقع ای ڈی کے دفتر کے باہر بدھ کو احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ پارٹی کی طرف سے ریاست کے کئی اضلاع میں بھی مظاہرہ کیا گیا ہے۔ ممبئی میں مظاہرین کی بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کو لاٹھی چارج کا سہارا لینا پڑا۔ پولیس نے یہاں سے این سی پی کے پانچ کارکنوں کو حراست میں لیا ہے۔

شرد پوار کے آبائی ضلع بارامتی میں پارٹی کارکنوں نے ضلع مجسٹریٹ دفتر کے سامنے خاموش مظاہرہ کیا۔ ای ڈی کی اس کارروائی کی مخالفت میں پورا بارامتی بند رہا۔ اسکول کالجوں میں ایک دن کی چھٹی کر دی گئی تھی۔ این سی پی لیڈر چھگن بھجبل نے کہاکہ شرد پوار پر انتقامی کارروائی کے تحت ای ڈی نے معاملہ درج کیا ہے۔ پوار کے بھتیجے اجیت پوار نے کہا کہ کوآپریٹیو بینک کا کل کاروبار ہی 12 ہزار کروڑ روپے کا ہے، لیکن بتایا جا رہا ہے کہ یہ گھوٹالہ 25 ہزار کروڑ روپے کا ہے۔ یہ سب این سی پی کو انتخابی مہم سے پہلے ہی دباؤ ڈالنے کی نیت سے کیا جا رہا ہے۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close