اپنا دیشتازہ ترین خبریں

کسی زبان کو تھوپا نہ جائے، نہ ہی کسی زبان کی ہو مخالفت: نائب صدر جمہوریہ

نائب صدر جمہوریہ ہند ایم وینکیانائیڈو نے آج لوگوں سے کہاکہ وہ جتنی ممکن ہو اتنی زبانیں سیکھیں اور کہاکہ کسی بھی زبان کو تھوپا نہیں جانا چاہئے، نہ ہی کسی مخصوص زبان کی مخالفت ہونی چاہئے۔

شاردا ریزیڈنشیل اسکول کے ناسا اور امریکہ کے دیگر مقامات کا دورہ کرنے کے بعد حال ہی میں واپس لوٹنے والے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹرنائیڈو نے کہاکہ ہندوستان بہت سی زبانوں سے مالامال ہے۔ انہوں نے طلباء اور اساتذہ سے کہاکہ وہ دیگر زبانیں سیکھنے کے ساتھ ساتھ مادری زبان کے فروغ کو اہمیت دیں۔

سفر کرنے کو تعلیم اور اعلیٰ تعلیمی تجربے کی ہی ایک شکل قرار دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ ہندوستانی ثقافت، وراثت، زبانوں، کھانوں کی مختلف شکلوں سے واقفیت حاصل کرنے کیلئے اور ہندوستان کی منفرد ثقافتی گوناگونیت کو بہتر طریقے سے سمجھنے کیلئے اندرون ہندوستان تمام بڑے سیاحتی مقامات کا دورہ کریں۔ انہوں نے کہا ’’باہر جانے سے قبل اندرون ملک دیکھیں اور اپنی معلومات میں اضافہ کریں۔

وزیراعظم نریندر مودی کی اپیل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ گھریلو سیاحت کو فروغ دینے کیلئے سال 2022 تک ہندوستان کے پندرہ سیاحتی مقامات دیکھیں۔ مسٹر وینکیانائیڈو نے ہندوستان کے تاریخی، روحانی، قدرتی مناظر والے سیاحتی مقامات دیکھنے اور ہندوستان کی ثقافتی وراثت کا پتہ لگانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا ’’اس طرح کے دوروں سے آپ کی معلومات میں اضافہ ہوگا اور آپ کو اپنے ماضی کے بارے میں بھی پتہ چلے گا‘‘۔

بچوں کو قدرت کی گود میں وقت گزارنے کا مشورہ دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ وہ قدرت اور ثقافت کو بچانے اور اس کے تحفظ کیلئے سرگرم رول ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ وہ وزیراعظم کے مشورے کےمطابق 2 اکتوبر سے ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کااستعمال بند کرنے کا عہد کریں۔

نائب صدر جمہوریہ نے نظام تعلیم کی اصلاح کی اپیل کی اور کہاکہ یہ ایسی ہونی چاہئے جس میں طلباء کو اسکول میں مزہ آئے۔ انہوں نے کہا ’’بچوں میں تجسس، تخلیقی صلاحیت، رحم دلی، اپنی بات کو دوسروں تک پہنچانے کی صلاحیت پیدا کرنے، انہیں پُراعتماد اور باصلاحیت بنانے والے پہلوؤں پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے نصاب کی اصلاح کی ضرورت ہے‘‘۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close