اپنا دیشتازہ ترین خبریں

پی ایم مودی پہنچے ہنرہاٹ، لٹی۔چوکھا کا مزہ لیا

وزیر اعظم نے کیا مرکزی اقلیتی وزارت کے انڈیا گیٹ پر سجے ’ہنر ہاٹ‘ کا دورہ

نئی دہلی (انور حسین جعفری)
ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج مرکزی وزارت اقلیتی امور کی جانب سے راجدھانی دہلی کے انڈیا گیٹ لان، راج پتھ پر سجائے گئے 20 ویں ’ہنر ہاٹ‘ کا دورہ کیا۔ جہاں مرکزی اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے ہنر ہاٹ پہنچے وزیر اعظم نریندر مودی کا والہانہ استقبال کیا اور انہیں ہنر ہاٹ کے ذریعہ ملک کے ہنر مند، دستکاروں، کاریگروں اور خانساماؤں کو روزگار اور مارکیٹ مہیا کرانے کے بارے میں بتایا۔

وزیر اعظم نریند مودی نے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کے ساتھ ’کوشل کو کام‘ کی تھیم پر مبنی 20ویں ہنر ہاٹ کا دورہ کیا اور کئی اسٹال پر ہنر مند، دستکاروں کاریگروں کے فن پارے دیکھے اور وہاں ملک بھر سے آئے دستکاروں، کاریگروں سے ملاقات کرکے ان کے ہنر کے سلسلے میں بات چیت بھی کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کلہڑ میں چائے پینے کا مزا لیتے ہوئے پو روآنچلی معروف پکوان لٹی اور چوکھا سے لطف اندوز ہوئے۔ وزیر اعظم کو ہنر ہاٹ میں اپنے سامنے دیکھ کردستکار حیران رہ گئے اور وزیر اعظم کے اپنے اسٹال پر آنے کی راہ تکنے لگے۔ حالانکہ وزیراعظم کے ہنر ہاٹ کے دورہ کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے لیکن عام لوگوں کو نہ تو وہاں آنے اور نہ ہی وزیراعظم سے ملاقات کرنے سے روکا گیا۔ بلکہ وزیر اعظم نریندر مودی ہنر ہاٹ میں اسٹال لگائے ہوئے تمام ہنر مندوں سے ملے، ان کے فن دستکاری، ہنر مندی کے بارے معلومات حاصل کی اور ان کے بنائے سامان کو بھی دیکھا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے جہاں دستکاری کے قدیم فن کی تعریف کی، وہیں حاشیے پر پہنچ چکے اس فن دستکاری کو فروغ دینے کیلئے مرکزی اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی اوراور ان کی وزارت کی کوششوں کی بھی ستائش کی۔ وزیر اعظم نے ہنر ہاٹ کے دورے میں دستکاورں، کاریگروں، ہنر مندوں اور ان کے سامان کے ساتھ لی ہوئی کچھ تصاویر بھی شیئر کیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہنر ہاٹ جیسے پلیٹ فارم سے ہنر مند، دستکاروں اور باصلاحیت لوگوں کو سامنے آنے کا موقع ملتا ہے۔ ہنر ہاٹ میں ملک کی ثقافت اور تنوع ایک مقام پر دیکھنے کو ملتے ہیں۔ انہوں نے ہنر ہاٹ کے دورے کیلئے لکھا ہے کہ ایک کپ گرم چائے کے ساتھ لنچ میں لٹی چوکھا کا مزہ بھی لیا۔ وزیر اعظم نے ہنر ہاٹ میں لگے کئی اسٹالوں کا معائنہ کیا اور وہاں کام کررہے کاریگروں اور ہاٹ گھومنے آئے لوگوں سے بھی بات چیت کی۔

مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ ہنر ہاٹ ملک بھر میں دستکاروں، ہنر مندوں، کا ریگروں اورخانسا ماؤں کو بااختیار بنانے کا میگا مشن ثابت ہورہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اقلیتی امور کی مرکزی وزارت، وزیر اعظم نریندر مودی کے ملک کی میراث کو موقع اورمارکیٹ فراہم کرنے کے ’ڈریم پروجیکٹ‘ کو ہنر ہاٹ کے ذریعہ مضبوط کر رہی ہے۔ ساتھ ہی مرکزی وزارت اقلیتی امور ملک کے کونے کونے کے ہنر مند لوگوں کے شاندار ورثے کو محفوظ رکھنے اور انہیں قومی و بین الاقوامی مارکیٹ فراہم کرنے کا تاریخی کام انجام دے رہی ہے۔ نقوی نے کہا کہ ہنر ہاٹ کے ذریعہ پچھلے 3 برسوں میں تقریبا 3 لاکھ کاریگروں،خانسا ماؤں کو روزگار اور روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔ ان میں ملک بھر سے خواتین کاریگروں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔

اس سے قبل دہلی، ممبئی، پریاگ ر اج، لکھنؤ، جے پور، احمد آباد، حیدرآباد، پڈوچیری، اندور وغیرہ جیسی جگہوں پر ہنر ہاٹ منعقد کئے جا چکے ہیں۔ حال ہی میں رانچی میں 29 فروری سے 8 مارچ تک، چندی گڑھ میں 13 مارچ سے 22 مارچ تک ہنر ہاٹ منعقد کئے جائیں گے۔ جبکہ آئندہ دنوں میں گروگرام، بنگلورو، چنئی، کولکاتہ، دہرادون، پٹنہ، بھوپال، ناگپور، رائے پور، پڈوچیری، امرتسر، جموں، شملہ، گوا، کوچی، گوہاٹی، بھونیشور اور اجمیرمیں ہنر ہاٹ منعقد کئے جائیں گے۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close