اپنا دیشتازہ ترین خبریں

’ویشالی کی متاثرہ کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے‘

جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کا وزیر اعلی بہار کو مکتوب

نئی دہلی، (پی این این)
بہار کے ضلع ویشالی کی گلناز پروین کو جس طرح چھیڑخانی کے بعد آگ میں جلایا گیا، اس نے ملک کے اجتماعی ضمیر کو جنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ سب سے حیرت کی بات تو یہ ہے کہ 20 دن گزر جانے کے باوجود بھی پولیس سبھی مجرمین کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اس سلسلے میں جمعیۃ علماء بہار کے صدر مولانا مفتی جاوید اقبال کشن گنجی نے دفتر جمعیۃ علماء ہند نئی دہلی کو ایک رپورٹ ارسال کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 20 سالہ گلناز ایک یتیم لڑکی ہے جس کا فائدہ اٹھا کر گاؤں کے چند سماج دشمن عناصر نے اس کے ساتھ زیادتی کی اور نہ ماننے پر جلا کر مار دیا۔
اس سلسلے میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں اس طرح کے سانحے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے مہذب سماج کے لیے ایک بدنما داغ سے تعبیر کیا ہے۔ چاہے یہ واقعات کسی بھی طبقے کے ساتھ ہوں، ان کے مرتکبین ساری انسانیت اور سارے سماج کے دشمن ہیں۔ اگر سماج کا کوئی فرد کسی مجرم کا دفاع اس لیے کرتا ہے کہ وہ اس کی ذات یا برادری سے تعلق رکھتا ہے تو اس کا یہ عمل انتہائی افسوس ناک اور حقیر ترین ہے۔
مولانا مدنی نے اپنے مکتوب میں وزیر اعلی کو متوجہ کیا ہے کہ ذاتی طور سے اس واقعہ کا نوٹس لیں اور مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے فاسٹ ٹریک کورٹ میں مقدمہ چلایا جائے، نیز اہل خانہ کو پچاس لاکھ روپے معاوضہ اور کسی خونی رشتہ دار کو سرکاری نوکری دی جائے۔
مولانا مدنی نے اپنے مکتوب میں وزیر اعلی سے پولس انتظامیہ کے رویے کی بھی شکایت کی ہے جو عصمت دری اور قتل جیسے معاملات میں بھی سست روی سے کام لیتی ہے یا کسی طاقتور سماج کے زیر اثر مغلوب ہو کر مجرموں کو ڈھیل دیتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ خواتین کے تحفظ اور مجرموں کو یقینی سزا دلانے کے لیے ہر ضلع میں ایک نوڈل افسر مقرر کیا جائے اور اس کے تحت اسپیشل ٹاسک فورس بنایا جائے جو اس طرح کے واقعات سے نمٹنے کے لیے بھرپور صلاحیت کے ساتھ منصفانہ کارروائی انجام دے سکے۔
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close