تازہ ترین خبریںدلی نامہ

وزیر اعلی نے عثمان پور میں امدادی کیمپ کا کیا دورہ

عوام کی زندگی حکومت کی اولین ترجیح ہے امدادی کیمپوں میں ہر مکن سہولت مہیا کرائی جائے گی: اروند کجریوال

نئی دہلی(انور حسین جعفری)
جمنا میں بڑھتی ہوئی آبی سطح سے طغیانی کے پیش نظر نشیبی علاقوں میں بسے ہوئے لوگوں کو دہلی کے حکومت کے امدادی کیمپوں میں لیجایا گیا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال اور وزیر کیلاش گہلوت نے آج مشرقی دہلی کے عثمان پور میں واقع امدادی کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں مہیا کرائی جا رہی سہولتوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ سیلم پور سے ایم ایل اے حاجی اشراق خان بھی موجود تھے۔

اس دوران وزیر اعلی کجریوال نے دہلی حکومت کے امدادی کیمپ میں موجود سیلاب متاثرین سے ملاقات بھی کی اور ان کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ وزیر اعلی کجریوال نے کہا کہ عوام کی زندگی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ امدادی کیمپوں کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی، امدادی کیمپوں میں سیلاب سے متاثرہ تمام خاندانوں کو کھانا، پانی، دوائیں فراہم کی جارہی ہیں۔

وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ خیموں کے لئے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ لائٹس اور پنکھے چل سکیں، انہوں نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ جمعرات تک جمناکے پانی کی سطح کو کم کردیا جائے گا۔ وزیر اعلی کی کیمپوں میں سیلاب متاثرہ افراد سے ملاقات کے دوران ایک ضعیفہ نے وزیر اعلی سے لائٹس اور پنکھے کا انتظام کرنے کی درخواست کی تو وزیراعلیٰ نے فوری طور پر افسروں کو سہولت کا انتظام کرنے کی ہدایت دیں۔ ایک شخص جو سانس کا مریض تھا، اسے وزیر اعلی نے وہیں ایک ڈاکٹر فراہم کرکے علاج کرانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے امدادی کیمپوں میں موجود لوگوں کو کہا کہ وہ کسی بھی ضرورت کیلئے کیمپ میں موجود سرکاری اہلکاروں سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

وزیر اعلی اروند کجریوال نے عثمان پور کے دورے بعد ٹویٹ کیا کہ سبھی سیلاب سے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی، زیادہ ترلوگوں کا سامان ان کے گھر میں ہی رہ گیا ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ کسی کی جان کا نقصان نہیں ہوا۔ ان سبھی لوگوں کیلئے خیمے، کھانا، پانی، دوائیں کا انتظام کیا جا چکا ہے، اگر اس کے علاوہ مزید ضرورت ہوگی تو ہم اسے فوری طور پر یقینی بنانے کا بندوبست کریں گے۔ وزیر اعلی نے لوگوں سے سیلاب زدہ علاقہ میں پانی اتر جا نے تک واپس نہ جانے کی بھی اپیل کی۔ کیوں کہ وہاں جانا خطر ناک ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکل جمعرات تک جمنا کا پانی کم ہو جائے گا۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اروند کجریوال نے کہا کہ میں نے ہریانہ حکومت سے بات کی ہے اور مجھے بتایا گیا ہے کہ وہ دہلی چھوڑے جانے والے پانی کی مقدار کو کم کر رہے ہیں۔ ہم کل تک صورتحال کو بہتر بنانے کی امید کر رہے ہیں۔ وہیں شام کو وزیر اعلی نے ٹویٹ بھی کیا کہ اب آپ چین کی سانس لے سکتے ہیں، فی الحال سیلاب کا خطرہ ٹل گیا، ہریانہ سے بھی اب کم پانی چھوڑا جا رہا ہے۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close