تازہ ترین خبریںکھیل کھلاڑی

نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کا عالمی ریکارڈ، ایک اوور میں بنائے 43رنز

نیوزی لینڈ کے بلے بازوں جو کارٹر اور بریٹ ہیمپٹن نے بدھ کو گھریلو ون ڈے کرکٹ میچ میں ایک اوور میں چھ چھکوں سمیت 43 رنز بنا کر کی لسٹ اے کا عالمی ریکارڈ بنادیا۔

ناردرن ڈسٹركٹس کیلئے بلے بازی کرتے ہوئے جو اور بریٹ نے سنٹرل ڈسٹركٹس کے خلاف میچ میں یہ ریکارڈ بنایا۔ جنوبی افریقہ میں پیدا ہوئے تیزگیندبازولیم لوڈك کی گیند پریہ ریکارڈ بنا۔ لوڈك میچ میں اپنے 10 ویں اور فائنل اوور میں گیندبازی کے لئے اترے تھے لیکن جو اور بریٹ نے ان کے اس اوور میں یہ ریکارڈ بناتے ہوئے چھ چھکے لگائے جبکہ انہیں نو بال سے باقی کے رن ملے اور 43 رن کا عالمی ریکارڈ انہوں نے اپنے نام کر لیا۔ لوڈك نے میچ میں 85 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔

ہیملٹن میں سات نومبر کے روز جو نیا عالمی ریکارڈ بنا، اس میں چھ گیندوں کا اوور دراصل آٹھ گیندوں کا ہو گیا تھا، جس کی وجہ دو نو بال تھیں ۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ کرکٹ ماہرین کو حیران کر دینے والی یہ بیٹنگ جن دو کھلاڑیوں نے کی، ان میں سے ایک، جو کارٹر تو اپنا صرف پانچواں لسٹ اے میچ کھیل رہے تھے۔ اس اوور میں بریٹ ہیمپٹن نے پہلی گیند پر ایک چوکا لگایا، جس کے بعد اگلی دونوں گیندیں نو بال تھیں۔ ان پر ہیمپٹن نے مسلسل دو چھکے لگا دیے۔ اس سے اگلی گیند پر بھی انہوں نے ایک چھکا لگایا اور پھر ایک سنگل لے کر وہ پچ کے دوسرے سرے پر پہنچے تو بیٹنگ اینڈ پر بولر کے سامنے جو کارٹر تھے۔ تب تک اس اوور میں تسلیم شدہ طور پر صرف تین گیندیں ہی کی گئی تھیں اور 25 رنز بن چکے تھے۔ اگلی تین گیندوں پر جو کارٹر نے تین مسلسل چھکے لگا دیے اور اپنے ساتھ ساتھ بریٹ ہیمپٹن کو بھی کرکٹ ریکارڈز کی کتابوں میں لے گئے۔

جب وِلم لوڈك نے اپنا اوور پورا کیا، تو اسکور بورڈ پر شائقین کو اعداد کی یہ ترتیب نظر آئی: 4,6nb,6nb,6,1,6,6,6۔ یہی نہیں بولر لوڈك جن کا تب تک اس میچ میں بولنگ ریکارڈ نو اوورز میں ایک وکٹ کے بدلے 42 رنز تھا، اپنے اس اوور کے اختتام پر 10 اوورز میں ایک وکٹ لے کر 85 رنز دینے والے بولر بن چکے تھے۔ یوں انہوں نے اپنے پہلے نو اوورز میں کُل 42 رنز دیے جبکہ دسویں اوور میں 43 رنز۔ کرکٹ کے تجزیہ نگاروں کے مطابق ایسے کسی تاریخی اوور کے بعد یہ ناممکن نہیں کہ بولر کو رات کو نیند میں بھی اپنی گیندیں اڑ کر باؤنڈری کے پار جاتی ہوئی نظر آئیں۔

اس سے پہلے دنیا بھر میں کسی بھی فرسٹ کلاس کرکٹ میچ میں ایک اوور میں زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ بنگلہ دیشی کرکٹر علاؤالدین بابو نے 2013 میں بنایا تھا، جب انہوں نے ڈھاکہ پریمیئر لیگ کے ایک مقابلے میں ایک اوور میں 39 رنز بنائے تھے۔ تب بولنگ زمبابوے کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ایلٹن چیگُمبُرا کر رہے تھے۔ بین الا قوامی کرکٹ میں ایک اوور میں ان کا سب سے زیادہ 36 رن کاریکارڈ ہے جبکہ فرسٹ کلاس میں یہ ریکارڈ دو مرتبہ بناہے لیکن کرکٹ ٹیسٹ میں اب تک ایسا ریکارڈ درج نہیں ہے۔ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ہرشل گبس نے ہالینڈ کے ڈان وان بنگے کی گیندوں پر 2007 عالمی کپ میں سینٹ کٹس میں ایک اوور میں چھ چھکے لگائے تھے جبکہ ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اوور میں چھ چھکے کا ریکارڈ ہندوستان کے یوراج سنگھ کے نام ہے۔ انہوں نے 2007 ٹی -20 ورلڈ کپ میں اسٹورٹ براڈ کے خلاف یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close