Khabar Mantra
تازہ ترین خبریںکھیل کھلاڑی

ہندوستان بمقابلہ نیوزی لینڈ: پہلے ون ڈے میں ٹیم انڈیا کی شکست

جارح بلے باز راس ٹیلر کی ناقابل شکست 109رن کی شاندار سنچری اور سلامی بلےباز ہنری نکولس (78) اور کپتان ٹام لاتھم (69) کی بہترین نصف سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو پہلے ایک روزہ میچ میں بدھ کے روز چار وکٹ سے ہراکر تین میچوں کی سیریز میں 0۔1 کی سبقت حاصل کرلی۔

نیوزی لینڈ نے ٹی ۔20 سیریز میں 0۔5 کی شکست کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے سیریز میں شاندار شروعات کی اور ہندوستان کے بڑے اسکور کوحاصل کرلیا۔ ہندوستان نے شریئس ائیر (103) کی سنچری اور وکٹ کیپر لوکیش راہل (ناٹ آؤٹ 88) اور کپتان وراٹ کوہلی (51) کی نصف سنچریوں سے چار وکٹ پر 347رن کا بڑا اسکور بنایا لیکن ہندوستانی گیند بازوں کی بے سمت گیندبازی کی وجہ سے اس اسکور کا دفاع نہیں کیا جا سکا۔

نیوزی لینڈ کے بلے باز راس ٹیلر نے 84 گیندوں میں 10چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 109رن کی اننگز کھیلی جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے 48 اعشاریہ ایک اوور میں چھ وکٹ پر 348 رن بناکر میچ جیت لیا۔ ٹیلر کوان کی ناٹ آؤٹ سنچری کی وجہ سے مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔ اس شکست کے لیے ہندوستانی گیندباز خاص طور سے ذمہ دار رہے جنھوں نے 24 وائڈ سمیت 29 اضافی رن دیے۔ سال 2013 میں جنوبی افریقہ کے خلاف وانڈررس میچ کے بعد یہ پہلا موقع ہےجب ہندوستانی گیندبازوں نے ایک ون ڈے میں 20 سے زیادہ وائڈ دی ہیں۔

دنیا کے نمبر ایک ون ڈے گیندباز جسپریت بمراہ نے اپنے 10اوور میں 13 وائڈ سمیت 53رن دیے۔ محمد سمیع نے سات وائڈ، شاردول ٹھاکر نے دووائڈ، رویندر جڈیجہ نے ایک وائڈ اور کلدیپ یادو نے ایک وائڈدی۔ کلدیپ نے تو 10اوور میں 84 رن دیکر دو وکٹ حاصل کیے۔ سمیع کو 63رن پر ایک وکٹ اور ٹھاکر کو 80رن پر ایک وکٹ ملا۔ جڈیجہ 64رن دیکر کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے۔

نیوزی لینڈ نے ٹی ۔20سیریز میں تیسرا اور چوتھا میچ سپر اوور میں گنوایاتھا لیکن یہاں بڑے اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے اس نے ایسی کوئی نوبت نہیں آنے دی۔ نوزی لینڈ کی جیت روح رواں ٹیلر رہے جنھوں نے اپنے کریئر کی 21ویں سنچری بنائی۔ اوپنر نکولس نے 82گیندوں میں 78رن میں 11چوکے لگائے جبکہ مستقل کپتان کین ولیمسن کی جگہ اس میچ میں کپتانی کی ذمہ داری سنبھال رہے ٹام لاتھم نے 48گیندوں میں 69رن میں آٹھ چوکے اور دوچھکے لگائے۔اوپنر مارٹن گپٹل نے 41گیندوں میں 32رن میں دوچوکے لگائے جبکہ مشیل سینٹنر نو گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 12رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ گپٹل اور نکولس نے پہلے وکٹ کے لیے 85 رن جوڑے۔ نکولس اور ٹیلر نے تیسرے وکٹ کے لیے 62رن کی شراکت داری کی۔

ٹیلر نے لاتھم کے ساتھ چوتھے وکٹ کےلیے 138رن جوڑ کر ٹیم کو جیت کی راہ پرڈال دیا۔ ٹیلر اپنی ٹیم کو جیت دلاکر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے اور نیوزی لینڈ نے اپنی ون ڈے تاریخ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سب سے بڑی جیت حاصل کرلی۔ نیوزی لینڈ نے اس سے پہلے 2007 میں ہیملٹن میں ہی آسٹریلیا کے خلاف 347 رن بناکر جیت حاصل کی تھی۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پچھلے سال انگلینڈ میں ہوئے عالمی کپ کے سیمی فائنل میں ہندوستان کو شکست دی تھی اس کے بعد سے دونوں ٹیموں کے بیچ ون ڈے میں اب مقابلہ نہیں ہوا ہے جس میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پھر بازی مارنے میں کامیاب رہی۔ ہندوستانی ٹیم نے آسٹریلیا س پچھلی ون ڈے سیریز 1۔2 سے جیتی تھی لیکن نیوزی لینڈ نے یہاں ہندوستان کی جیت کا سلسلہ ختم کردیا۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے ہندوستان نے شریس ائیر (103) کی بہترین سنچری، لوکیش راہل ناٹ آؤٹ (88) اور کپتان وراٹ کوہلی (51) کی نصف سنچریوں کے دم پر چار وکٹ پر 347 رنز کا ہمالیائی اسکور بنایا۔ ٹاس ہارنے کے بعد ٹیم انڈیا کے لئے روہت شرما اور شکھر دھون کی غیر موجودگی میں اوپن کرنے اترے مینک اگروال اور پرتھوی شا نے ہندوستان کو بہترین شروعات دلائی اور دونوں نے پہلی وکٹ کے لئے 50 رن کی شراکت کی۔ پرتھوی شا کچھ خاص نہیں کرسکے اور 20 رن بنا کر کولن ڈی گرینڈهوم کا شکار بنے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد بلے بازی کرنے آئے کپتان وراٹ نے اننگز کو سنبھالتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن محض چار رن بعد مینک بھی ٹم ساؤتھی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے اور پویلین لوٹ گئے۔ مینک اگروال نے 31 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد 32 رن بنائے۔ اس کے بعد وراٹ اور شريس نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لئے 102 رنز کی بڑی شراکت ہوئی۔ وراٹ نے 63 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 51 رن بنائے اور وہ لیگ اسپنر ایش سوڈھي کا شکار بنے۔ اختتام کے اوورز میں بلے بازی کرنے آئے لوکیش راہل (88) اور کیدار جادھو نے 15 گیندوں کی چھوٹی لیکن تیزی اننگز کھیلتے ہوئے ناقابل شکست 25 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں تین چوكے اور ایک چھکا لگایا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 10 اوور میں 85 رن دے کر سب سے زیادہ دو وکٹ، گرینڈهوم نے آٹھ اوور میں 41 رن دے کر ایک وکٹ اور ایش سوڈھی نے اپنے چار اوورز میں 27 رنز دے کر ایک وکٹ لیا۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close