اپنا دیش

نربھیا معاملہ: رحم کی عرضی خارج کئے جانے کے خلاف ونے کی عرضی مسترد

سپریم کورٹ نے ملک کو دہلا دینے والے نربھیا اجتماعی آبرو ریزی اور قتل معاملے کے قصوروار ونے شرما کی صدر جمہوریہ کے ذریعہ رحم کی عرضی کو خارج کئے جانے کو چیلنج دینے والی عرضی جمعہ کو خارج کر دی۔

جسٹس آر بھانومتی، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس اے ایس بوپنا کی خصوصی بینچ نے کہا کہ ونے کی عرضی میں کوئی دم نظر نہیں آ رہا ہے۔
جسٹس بھانومتی نے بینچ کی جانب سے فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا کہ عرضی گزاروں کا یہ کہنا کہ رحم کی عرضی خارج کئے جانے کے لئے کی گئی سفارش پر دہلی کے لیفٹننٹ گورنر اور ریاست کے وزیر داخلہ کے دستخط نہیں ہوئے ہیں، غلط ہے۔

سپریم کورٹ نے ونے کی اس دلیل کو بھی خارج کردیا کہ اس کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ ونے کے وکیل اے پی سنگھ نے سماعت کے دوران نیا حربہ چلا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ان کے مؤکل کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ بینچ نے 30 جنوری کی ایک میڈیکل رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ عرضی گزاروں کی ذہنی حالت خراب ہونے کی دلیل منظور کئے جانے کے قابل نہیں ہے۔ جسٹس بھانومتی نے کہا کہ صدر کے ذریعہ رحم کی عرضی خارج کئے جانے میں کسی قسم کی کوئی قانونی لاپرواہی نہیں برتی گئی۔

عدالت نے ونے شرما کے وکیل اے پی سنگھ اور مرکزی حکومت کی جانب سے پیش سالیسیٹر جنرل تشار مہتا کی دلیلیں سننے کے بعد جمعرات کو فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ مسٹر سنگھ نے دلیل دی تھی کہ ونے شرما کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے مؤکل کو متعلقہ دستاویز مہیا نہیں کرایا گیا تھا۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ لیفٹننٹ گورنر اور دہلی حکومت کے وزیر داخلہ نے رحم کی عرضی خارج کرنے کے سفارشی خط پر دستخط نہیں کئے ہیں۔ ونے نے عدالت سے صدر کے فیصلے کا جائزہ لینے کی اپیل کی ہے۔ اس نے اپنی عرضی میں کہا ہے کہ اس کی رحم کی عرضی صدر نے جلد بازی میں خارج کی ہے۔

واضح رہے کہ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے گزشتہ یکم فروری کو ونے شرما کی رحم کی عرضی جلدبازی میں خارج کردی ہے۔ دارالحکومت کے جنوبی دہلی میں نربھیا کے ساتھ 16دسمبر 2012 کو چلتی بس میں اجتماعی آبروریزی کی تھی اور اسے سڑک پر پھینک دیا گیا تھا۔ اسے سنگاپور کے کوین الیزابیتھ اسپتال ایئرلفٹ کرکے لے جایا گیا تھا۔ وہاں اس کی موت ہوگئی تھی۔ اس معاملے میں چھ ملزمین کو گرفتار کیا گیا تھا، جس میں ایک نابالغ تھا، جسے تین سال کے لئے اصلاحی مرکز بھیجا گیا تھا۔ ایک ملزم رام سنگ نے تہاڑ جیل میں خودکشی کرلی تھی۔ چار دیگر ملزمین: مکیش، اکشے، ونے اور پون کو پھانسی کی سزا ہوئی تھی۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close