تازہ ترین خبریںدلی این سی آر

میونسپل کارپوریشن کے خلاف ریہڑی، پٹری والوں کا سیوک سینٹر پر دھرنا

نئی دہلی (انور حسین جعفری)
شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مختلف علاقوں میں ریہڑی پٹری والوں کو ہٹائے جانے کے خلاف آج بے روز گار ہوئے جوالا ہیڑی، جہانگیر پوری پرمیشور والا باغ اور پچھم وہار سمیت مختلف علاقوں کے سیکڑوں ریہڑی پٹری والے سیوک سینٹر پر غیر معینہ دھرنے پر بیٹھ گئے ہیں۔

اجاڑے گئے ریہڑی پٹری والوں کی حمایت میں دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے کا ر گزار صدردویندر یادو، نارتھ ایم سی ڈی میں کانگریس پارٹی کے لیڈر مکیش گوئل، کونسلر پونم باگڑی،اشونی باگڑی اور ٹاؤن وینڈنگ کمیٹی کے منتخب ممبرنے شامل ہو کر ریہڑی پٹری والوں کے حق کی لڑائی ہر سطح پر لڑنے اور انہیں انصاف دلانے کی یقین دہانی کرائی۔

ریہڑی پٹری والو ں کی حمایت میں دویندر یادو نے کہا کہ کانگریس غریب ریہڑی پٹری والوں کے ساتھ ہے اورپارٹی ان حق کی لڑائی ہر سطح پر لڑے گی۔ یادو نے کہا کہ برسوں پرانے ریہڑی پٹری والوں کو اجاڑے جانے پرہم کارپوریشن انتظامیہ اور حکمراں بی جے پی لیڈروں کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

دویندر یادو نے کہا کہ ریہڑی پٹری ایکٹ 2014 اور سپریم کورٹ کے حکم مطابق پوری دہلی میں قریب 5 لاکھ پٹری والوں کو تہہ بازاری دی جانی ہے تو یہ تہہ بازاری دی جاتی ہے تو اس سے کارپوریشن کو تقریبا 200 سے 300 کروڑ روپے ماہانہ ریونیو حاصل ہوتا لیکن تہہ بازاری مختص نہ ہونے سے غیر قانونی وصولی کے چلتے ماہانہ 25 کروڑ روپیہ کارپوریشن کے کرپٹ افسران کی جیبوں میں جا رہا ہے۔ لیکن پیسے دینے کے باوجود ریہڑی پٹری والوں پر غیر یقینی صورتحال کی تلوار لٹکی رہتی ہے کہ نہ جانے کب ان کو اجاڑ دیا جائے۔

کانگریسی لیڈروں نے کہا کہ دہلی میں ریہڑی-پٹری والے کارپوریشن کے انسپکٹر راج سے بے خوف ہوکر ریہڑی-پٹری لگا اپنا روزگار کرکے خاندان کی پرورش کر سکیں اس کے پیش نظر سال 2014 میں اس وقت کی کانگریس حکومت کی جانب سے ایک ایکٹ منظور کیا گیا تھا، جس کے تحت دہلی میں ریہڑی پٹری والوں کا سروے کراکے انہیں اختیاری طور پر تہہ بازاری مختص کی جانی تھی۔ اس میں سپریم کورٹ کی رضامندی بھی تھی۔ معزز عدالت کے مطابق ریہڑی پٹری والوں کے لئے ٹاؤن وینڈنگ کمیٹی کا بھی تشکیل دیا جانا تھا، لیکن افسوس کی بات ہے کہ حکومت اور میونسپل کارپوریشن اس ایکٹ کو مکمل طور پر نظر انداز کر رہے ہیں۔

مکیش گوئل نے کہا کہ ہم اس مسئلے کو میونسپل کارپوریشن کے ایوان میں پہلے بھی اٹھاتے رہے اور ریہڑی پٹری والوں کی لڑائی کو ہم آگے بھی لڑتے رہیں گے۔ کونسلر پونم باگڑی اور کانگریس لیڈر اشونی باگڑی نے بھی ریہڑی پٹری والوں کے حق کی لڑائی ہر سطح پر لڑنے کی یقین دہانی کرائی۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close