تازہ ترین خبریںمسلم دنیا

ملیشیا، ترکی اور پاکستان کا ’اسلامک ٹی وی چینل‘ شروع کرنے کا فیصلہ

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کو کہا کہ پاکستان، ترکی اور ملیشیا نے اسلامو فوبیا سمیت مختلف علاقوں کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لئے انگریزی زبان میں چینل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مسٹر خان نے ٹوئٹ کرکے کہا‘ترکی کے صدر اردگان اور ملیشیا کے وزیر اعظم مھاتر محمد کے ساتھ میری آج ایک میٹنگ ہوئی، جس میں ہم نے فیصلہ کیا کہ تینوں ممالک مشترکہ طور پر اسلامو فوبیا کی طرف سے پیداہونے والے چیلنجوں کا سامنا کرنے اور عظیم مذہب – اسلام کے لئے وقف ایک انگریزی زبان چینل شروع کریں گے ”۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس میں شرکت کے لیے امریکہ گئے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اس بات کا اعلان سماجی روابط کی ویب ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں کیا۔

اپنے ٹوئٹ میں پاکستانی وزیراعظم نے لکھا کہ صدر اردگان، وزیراعظم مہاتیر محمد اور میں نے آج ملاقات کی اور فیصلہ کیا ہم تینوں ممالک مل کر ایک ایسا انگریزی چینل شروع کریں گے، جو ‘اسلاموفوبیا’ سے جنم لینے والے چیلنجز کے مقابلے اور ہمارے عظیم مذہب ‘اسلام’ کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے مختص ہوگا۔عمران خان نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مزید لکھا کہ ایسی تمام غلط فہمیاں جو لوگوں کو مسلمانوں کے خلاف یکجا کرتی ہیں، ان کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ توہین رسالت کے معاملہ کا سیاق و سباق درست کیا جائے گا، اپنے لوگوں کے ساتھ دنیا کی تاریخ اسلام سے آگہی، واقفیت کے لئے سیریز یا فلمیں تیار کی جائیں گی اور میڈیا میں مسلمانوں کے وقف حصے کا اہتمام کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے امریکہ میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے مغربی ممالک کے سربراہان سمیت مسلم دنیا کے اہم رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ اسی حوالہ سے ترکی اور پاکستان کے تعاون سے‘نفرت انگیز گفتگو’کے خلاف ایک کانفرنس کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردگان نے شرکت کی۔تقریب سے اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا تھا کہ“تاریخ گواہ ہے کہ پسماندہ طبقے کے پسے ہوئے لوگوں نے خود کش حملے کئے، نائن الیون سے قبل 75 فیصد خود کش حملے ہندو تامل ٹائیگرز نے کئے، دوسری جنگ عظیم میں جاپان نے امریکی جنگی جہازوں پر خود کش حملے کئے، وہ تمام خود کش حملہ مذہب کے لئے نہیں تھے کیونکہ دنیا کا کوئی بھی مذہب خود کش حملوں کی اجازت نہیں دیتا”۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ“بدقسمتی سے مغربی ممالک کے رہنماؤں نے انتہا پسندی اور خود کش حملوں کو بھی اسلام سے جوڑ دیا،دنیا میں کم و بیش تمام دہشت گردی کی کڑیاں سیاست سے جڑتی ہیں، سیاست کی ناانصافیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات دہشت گردی کو تقویت بخشتے ہیں ”۔ اپنے خطاب میں پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا“مغربی میڈیا‘اعتدال پسند،‘ بنیاد پرست’،‘ شدت پسند اسلام’جیسی اصطلاحات سنتے ہیں جبکہ اسلام صرف ایک ہے جو محمد ﷺ کا ہے اور اس پر ہی یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ“اقوام متحدہ کا فورم بہت اہم ہے جہاں مسلمان اور مسلم ممالک کے قائدین کو اس امر کی ضرور وضاحت کرنی چاہیے کہ اسلام اور دہشت گردی دو مختلف چیزیں ہیں ”۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے دہشت گردی اور خود کش حملوں کو مذہب سے جوڑنے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک توہین رسالت اور دہشت گردی سے اچھی طرح آگاہ نہیں ہیں اور ہر چند سال بعد پیغمبراسلام ﷺ کے حوالہ سے کوئی گستاخی کی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر انسانیت کے خلاف بدترین جرائم کی وجہ بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ‘‘دنیا میں جتنے بھی جرائم دیکھ رہے ہیں ان کے پیچھے یہ نفرت انگیز تقاریر ہیں جس کا کوئی ٹھوس جواز نہیں ”۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close