تازہ ترین خبریںدلی این سی آر

ملک میں خوف و تشدد کا ماحول، کانگریس کا مضبوط ہونا ضروری: گہلوت

راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے ملک میں خوف، ڈر اور تشدد کا ماحول بتاتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس کو مضبوط ہونے کی ضرورت ہے۔ اودے پور کے دورے کے بعد آج یہاں ہوائی اڈے پر پہنچے مسٹر گہلوت نے میڈیا کو یہ بات بتائی۔

کانگریس کے رہنما رامیشور ڈوڈی کی ناراضگی کے سوال پر، انہوں نے کہا کہ کانگریس کو متحد ہوکر انتخابی میدان میں اترنا چاہئے۔ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں ہم پچیس سیٹوں پر کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔ کانگریس کو جیت دلانا، کانگریس کی ذمہ داری ہے، اس لئے ہر شخص مانتا ہے کہ کانگریس کو مضبوط ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خوف، ڈراور تشدد کے حالات ہیں اور جمہوریت کے لئے خطرہ بنا ہواہے۔

انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جیت ایک الگ بات ہے اور جیت کو ہضم کرنا ایک الگ چیز، جیت کر بڑا دل رکھنا چاہئے۔ سب کوساتھ لے کر چلنا اور لوگوں کے مسئلوں کو حل کرتے ہوئے چلنا چاہئے۔ مہاراشٹرا میں اسمبلی انتخابات کے سوال پر، مسٹر گہلوت نے کہاکہ مہاراشٹر انتخابات کے نتائج سے پتہ چل جائے گا۔ مرکز میں مودی سرکار پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قوم پرستی، مذہب اور فوج کے پیچھے چھپ کر سیاست ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری دشمنی نہ تو بی جے پی، نہ مودی اور نہ ہی آر ایس ایس سے ہے، ہم انتخابات لڑیں گے اور ہمارا نظریہ ہمیشہ ملکی مفاد کے لئے رہا ہے۔

پلاسٹک پر پابندی کے سوال پر، انہوں نے شیشے کی بوتل دکھائی اور کہاکہ اب وہ خود شیشے کی بوتل استعمال کرتے ہیں۔ گٹکے پر پابندی کے سوال پر، مسٹر گہلوت نے کہا کہ گٹکا پہلے ہی بند ہے، اس کا فیصلہ سب کے مفاد میں کیا گیا ہے، کیونکہ اس میں موجود کیمیکل لوگوں کی صحت کے لئے نقصان دہ ہے۔ اس سے قبل ایئرپورٹ پہنچنے پر کانگریس لیڈروں نے ان کا استقبال کیا۔ اس دوران کانگریس لیڈر بدری رام جاکھڑ، منیشا پوار، دیویہ مدیرنا سمیت متعدد لیڈر اور پارٹی عہدیدار موجود تھے۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close