Khabar Mantra
اترپردیش

جی ایس ٹی ٹیموں کی چھاپہ ماری سے تاجر طبقہ سخت ناراض

دیوبند:جی ایس ٹی محکمہ کی جانب سے کی جارہی چھاپہ مار کارروائی کو لے کر تاجران میں زبردست ناراضگی ہے ۔ آج مختلف تاجر تنظیموں نے ایس ڈی ایم سنجیو کمار کے ذریعہ سے وزیر اعلیٰ اترپردیش کو میمورنڈم ارسال کرکے جی ایس ٹی کی جانچ اورسروے مہم کو فوراً بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

 اترپردیش ادھیوگ ویاپار پرتی ندھی منڈل کی ایک میٹنگ انڈسٹریل ایریا دفتر پر منعقد ہوئی جس میں جی ایس ٹی افسران کے ذریعہ تاجران کے استحصال پر ناراضگی کا اظہار کیا۔بعد از اں ویاپار منڈل کے سینئر عہدے داران کے ذریعہ ایک میمورنڈم ایس ڈی ایم دیوبند کو سونپتے ہوئے جی ایس ٹی ٹیم کے رویہ پر اپنا اعتراض ظاہر کرتے ہوئے اس سلسلہ میں حکومت وانتظامیہ کو آگاہ کرنے کے لئے ایک میمورنڈم ایس ڈی ایم کو سونپا گیا اور ان کو اعلیٰ افسران تک پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر ویاپار منڈل کے ریاستی نائب صدر دیپک راج سنگھل نے کہا کہ تاجران کا استحصال ویاپار منڈل کسی قیمت پر برداشت نہیں کرے گا ، کوئی بھی محکمہ کی جانب سے کی جانی والی کارروائی پہلے ویاپار منڈل کو دینی ہوگی ، اس کے بعد ہی کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی ٹیم کی جانب سے تاجران کا استحصال فوراً بند کریں ۔ ویاپار منڈل کے شہر صدر ارون گپتا نے کہا کہ ویاپار منڈل نے ہمیشہ ہر محکمہ کا تعاون کیا ہے ، گزشتہ دنوں جی ایس ٹی رجسٹریشن کے لئے آئے افسران کا تعاون کرتے ہوئے تاجران کو اس کے لئے کہا گیا مگر محکمہ ویاپار منڈل کا تعاون صرف اچھے کاموں میں لیتے ہیں ، مگر کوئی بھی محکمہ جب تاجران کے خلاف کوئی کارروائی کرتا ہے تو اس سلسلہ میں ویاپار منڈل کو یقین میں نہ لے کر ان کا استحصال کرتا رہتا ہے جو درست نہیں ہے۔ میمورنڈم دینے والوں میں دیپک راج سنگھل ، ارون گپتا، وریام خان، مصطفی سلمانی، چودھری ستویر سنگھ، ارجن سنگر، وکاس پنڈیر، منوج گرگ، اشونی متل، وجے گردھر، راجن چھابڑا وغیرہ موجود رہے۔

پچھم اترپردیش سینکت ادھیوگ ویاپار منڈل نے میمورنڈم دیتے ہوئے کہا کہ جانچ کی آڑ میں جی ایس ٹی محکمہ کی کارروائی سے تاجران میں ناراضگی ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ تاجر طبقہ جی ایس ٹی جمع کرکے حکومت کا خزانہ بھر رہا ہے، اس کے باوجود ایسی کارروائی ناانصافی کے برابر ہے۔ اس موقع پر وویک تایل ، راجیش سنگھل، سلیم قریشی، منوج سنگھل، پون دھیمان، سوہن گچھل اور نعمان وغیرہ موجود رہے۔

 دوسری جانب گزشتہ دیر شام مجنوں والا روڈ پر واقع ہارڈویئر کی دوکان پر جی ایس ٹی ٹیم نے چھاپہ ماری کی ، اس دوران دوکانداروں میں افراتفری مچ گئی اور وہ دوکانیں بند کرکے فرار ہوگئے۔ ٹیم نے ہارڈویئر کی دوکان پر اسٹاک اور ریکارڈ کا گھنٹوں ملان کیا ۔ دیوبند شہر میں ایک ہفتہ کے دوران جی ایس ٹی محکمہ نے دوسری مرتبہ چھاپہ مار کارروائی کی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سیکڑوں دوکانداروں کو محکمہ جی ایس ٹی کی جانب سے نوٹس بھیجے ہوئے ہیں ، اسی کی وجہ سے یہاں پر چھاپہ ماری کی جارہی ہے ۔ اتوار ہونے کے باوجود جی ایس ٹی ٹیم مجنوں والا روڈ پر پہنچی ، ٹیم تقریباً 4گھنٹہ تک ہارڈویئر کی دوکان میں تحقیقات کرتی رہی۔ اس دوران چھاپہ ماری کی اطلاع ملتے ہی آس پاس کھلی دوکانیں بند کرکے تاجر خاموشی سے وہاں سے نکل گئے۔ کچھ تاجر ہارڈویئر تاجر کی حمایت میں وہاں پہنچے لیکن جی ایس ٹی ٹیم کے افسران نے ان سے کوئی بات نہیں کی اور کارروائی جاری رکھی ۔ چھاپہ ماری کو لے کر افسران نے میڈیا سے بھی دوری بنائے رکھی۔

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close