بہار- جھارکھنڈتازہ ترین خبریں

متنازع بیانات سے پرہیز کریں لیڈران، دہلی الیکشن میں پارٹی دیکھ چکی ہے اپنا حشر: چراغ پاسوان

لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی) کے قومی صدر اور بہار کے جموئی سے رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان نے آج کہاکہ لیڈران کو متنازعہ بیان دینے سے بچنا چاہئے اور ایسے لیڈران کے بیانات کا حشر دہلی اسمبلی حلقہ میں دیکھ لیا ہے۔

مسٹر پاسوان نے پارٹی کے ریاستی دفتر میں ’بہار فرسٹ بہاری فرسٹ یاترا‘ کی شروعات کرنے سے قبل پریس کانفرنس میں کہاکہ سماج کو تقسیم کرنے والی کسی بات کی وہ حمایت نہیں کرتے ہیں۔ کسی بھی طرح کے متنازعہ بیان سے عدم اتفاق ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مہذب سماج کے لئے یہ مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے سنیئر لیڈر گری راج سنگھ کے پورنیہ میں دیئے گئے بیان سے متعلق پوچھے جانے پر کہاکہ ایسے لوگوں کے بیان کا حشر دہلی اسمبلی انتخاب میں ہم نے دیکھ لیا جس کا نقصان اٹھانا پڑا۔ ایسے لوگ ان کی پارٹی میں نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے ایک بار پھر مسلمانوں کے خلاف زہر اگلتے ہوئے انتہائی متنازعہ بیان دیا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’1947 میں ہی سبھی مسلمانوں کو پاکستان بھیج دینا چاہیے تھا۔ ایسا نہیں کرکے ہمارے آبا و اجداد نے بڑی غلطی کی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت کے نام پر ہندوستان مخالف ایجنڈا چلایا جا رہا ہے۔ سی اے اے پر جو زبان پاکستان بولتا ہے، وہی اپوزیشن کے لوگ بھی بول رہے ہیں۔‘‘

ایل جے پی صدر چراغ پاسوان نے کہاکہ تقسیم کرنے والے اور ملک کو بانٹنے والے ایل جے پی کے ساتھ نہیں ہیں ۔ قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے) میں رہتے ہوئے بھی ایسے لیڈران کے بیانات کی وہ حمایت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہاکہ متعدد مواقع پر انہوں نے ایسے بیانات کی ترید کی ہے۔ اب ترقی کی بات ہونی چاہئے۔ پارٹی کی فکر سب کو ساتھ لیکر چلنے کی ہے۔ مسٹر پاسوان نے کہاکہ اس سال ہونے والا بہار اسمبلی انتخاب ترقی کے مسئلے پر لڑاجائے گا ۔ ترقی کے علاوہ کوئی دوسرا ایجنڈ ا نہیں ہوگا اور اس کا سیدھا فائدہ بہار کے لوگوں کو ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ بہار فرسٹ بہاری فرسٹ یاترا کا مقصد ریاست کو ہمہ جہت ترقی کے پہیے سے جوڑنا ہے۔

ایل جے پی صدر نے کہاکہ آج سے شروع ہورہی یاترا کے دوران وہ ریاست کے سبھی اضلاع میں گھومیں گے اور عام لوگوں کے مسائل سے روبروہوںگے ۔ ریاست کو سبھی شعبوںمیں نمبر ون بنانے کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کو نمبر ون بنانے کیلئے پوری طرح سے پرعزم ہیں۔ بہار کے پرانے فخریہ ماضی کو پھر سے حاصل کرنا ہے۔ جو سبھی شعبوں میں اول تھا۔ پارٹی اس کیلئے پورطرح سے پرعزم ہے۔

مسٹر پاسوان نے کہاکہ یاترا کے دوران وہ لوگوں سے صلاح و مشورے لیںگے کہ بہار کو کس طرح سے نمبر ون بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ یاترا کے اختتام کے بعد چودہ اپریل کو پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ یاترا کے دوران لوگوں سے ملی تجاویز ومشوروں سے وہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کو باخبرکریں گے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم، صحت اور بے روزگاری کے مسئلے پر حکومت ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close