تازہ ترین خبریںدلی نامہ

غالب انسٹی ٹیوٹ کے سالانہ غالب انعامات 2019 کا اعلان

پروفیسر علیم اللہ حالی، پروفیسر بلقیس حسینی، پروفیسرخالد محمود، پروفیسرشہپر رسول، مظفر علی، ڈاکٹر نریش ہوں گے ایوارڈی

نئی دہلی (انور حسین جعفری)
غالب انسٹی ٹیوٹ نے اپنے سالانہ غالب انعامات 2019کا اعلان کر دیا ہے۔ جس میں اس برس یہ پر وقار ایوارڈ پروفیسر علیم اللہ حالی، پروفیسربلقیس حسینی، پروفیسر خالد محمود، پروفیسر شہپر رسول، مظفر علی، ڈاکٹر نریش کو دیئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں غالب انسٹی ٹیوٹ کی ایوارڈسب کمیٹی کی ایک میٹنگ گزشتہ رو ز ایوارڈ کمیٹی کے چیئرمین جسٹس آفتاب عالم کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ جس میں سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی، ڈاکٹر اطہر فاروقی اور غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر رضا حیدر موجود تھے۔

اس اہم موقع پر تمام ممبران نے غالب انسٹی ٹیوٹ کے پروقارغالب انعامات 2019کے 6اہم انعامات پر فیصلہ کیا۔ جس میں اردو کے ممتاز ناقد ودانشور،کئی اہم کتابوں کے مصنف اورشعبہئ اردو مگدھ یونیورسٹی کے سابق استاد پروفیسرعلیم اللہ حالی کو ان کی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں فخرالدین علی احمد غالب انعام برائے اردو تحقیق و تنقید سے سرفراز کیا جائے گا۔ فارسی کی نامور اسکالر اوردہلی یونیورسٹی شعبہ فارسی کی سابق صدر پروفیسربلقیس حسینی کو فخرالدین علی احمد غالب انعام برائے فارسی تحقیق و تنقید کے لئے منتخب کیا گیا۔ معروف نثر نگار اور جامعہ ملیہ اسلامیہ، شعبہ اردو کے سابق صدر شعبہ پروفیسر خالد محمود کا نام غالب ایوارڈ برائے اردو نثر کیلئے طے کیا گیا۔

عہد حاضرکے نامور شاعر اور بین الاقوامی شہرت کے حامل پروفیسر شہپر رسول کا نام غالب انعام برائے اردو شاعری کیلئے تجویز کیا گیا۔ ہم سب غالب انعام برائے اردو ڈرامہ کے لئے مشہور ڈرامہ نگار، ہدایت کار اور اپنی فلموں کے ذریعہ عالمی سطح پر اردو زبان و ادب کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے والے اہم فلم ساز مظفر علی کے نام پر اتفاق ہوا اورمجموعی علمی خدمات کیلئے ممتاز دانشور اور چنڈی گڈھ ساہتیہ اکادمی کے سابق چیرمین ڈاکٹرنریش کے نام پراتفاق کیا گیا۔ یہ تمام ایوارڈ بین الاقوامی غالب تقریبات کے افتتاحی اجلاس میں 20 دسمبر 2019 کو شام ساڑھے پانچ بجے سرٹیفیکٹ، مومنٹو اور 75 ہزار روپیہ نقدکے ساتھ ایوان غالب میں پیش کئے جائیں گے۔

غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر رضا حیدر کے مطابق غالب انسٹی ٹیوٹ اپنے علمی و ادبی سفر کے 50سال پورے کر چکا ہے۔ 1969 میں غالب انسٹی ٹیوٹ کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ موجودہ سال غالب انسٹی ٹیوٹ کی گولڈن جبلی کا سال ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی غالب انسٹی ٹیوٹ کا سالانہ جلسہ 20،21 اور 22دسمبر کو منعقد ہو گا۔ افتتاحی تقریب میں بین الاقوامی سمینار کا افتتاح، تقسیم انعامات اور شامِ غزل کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close