تازہ ترین خبریںدلی این سی آر

’عام آدمی پارٹی‘ اور ’جن نائک جتنا پارٹی‘ کا ہریانہ میں اتحاد

’آپ‘ 3 پر اور جے جے پی 7 سیٹوں پر اتارے گی اپنے امیدوار

نئی دہلی (انور حسین جعفری)
کانگریس کی جانب سے اتحاد کے دروازے بند ہونے کے بعد عام آدمی پارٹی نے ہریانہ جن نائک جنتا پارٹی (جے جے پی) سے اتحاد کرتے ہوئے مل کر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اتحاد کے پیش نظر ہریانہ میں تین سیٹ پر عام آدمی پارٹی اور 7سیٹوں پر جے جے پی الیکشن لڑے گی۔ اس سے قبل عام آدمی پارٹی کی جا نب سے ہریانہ میں 3 سیٹوں کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، جس کو کانگریس نے ٹھکرا دیا، جس کے بعد ’آپ‘ اور کانگریس نے اکیلے ہی پارلیمانی انتخابات میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عام آدمی پارٹی اور جن نائک جنتا پارٹی ( جے جے پی ) ہریانہ میں اتحاد کے سلسلے میں دہلی کے وزیراعلی اروندکیجریوال نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہریانہ کے لوگ یہی چاہتے تھے۔ ہم ساتھ مل کر بی جے پی کو ہرائیں گے اور ترقی کے لئے کام کریں گے۔ دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں دونوں پارٹیوں کی مشترکہ پریس کانفرنس میں اتحاد کا اعلان کیا گیا۔ جس میں عام آدمی پارٹی دہلی کے کنوینر گوپال رائے، ہریانہ کے کنوینر نوین جے ہند، جے جے پی کے بانی و رکن پارلیمنٹ دشینت چوٹالہ، پارٹی کے ریاستی صدر سردار نشان سنگھ وغیر بطور خاص موجود تھے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گوپال رائے نے کہاکہ عام آدمی پارٹی گزشتہ ایک سال سے ہریانہ میں تبدیلی کے لئے اپنی مہم چلارہی تھی۔ اسی مہم کے دوران ہریانہ میں جے جے پی وجود میں آئی۔ جس نے دہلی کی طرح ہریانہ میں بھی تبدیلی کی بات کہتے ہوئے ہریانہ کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ اگر دہلی بدل سکتی ہے تو ہریانہ بھی بدل سکتا ہے۔ اسی کو دھیان میں رکھتے ہوئے ہریانہ میں لوک سبھا اور اسمبلی الیکشن سے قبل جیند کا ضمنی الیکشن ہوا، جس میں جے جے پی نے اپنا امیدوار میدان میں اتارا، عام آدمی پارٹی نے یہ فیصلہ لیا تھا کہ ہم یہ الیکشن نہیں لڑیں گے اور جے جے پی کو تعاون دیں گے۔ اسی کو دھیان میں رکھتے ہوئے عام آدمی پارٹی اور جے جے پی نے لوک سبھا الیکشن مل کر لڑنے کا فیصلہ لیا۔ گو پال رائے نے کہاکہ ہریانہ میں کانگریس پوری طرح بکھری ہوئی ہے اور ایسے میں ہم دونوں پارٹیاں ساری سیٹیں جیت رہے ہیں، ہم نے فیصلہ لیا ہے کہ عام آدمی پارٹی ہریانہ میں تین سیٹ پر جبکہ جے جے پی سات سیٹوں پر اپنے امیدوار اتاریں گے۔

اس دوران جے جے پی کے سربراہ دشینت چوٹالہ نے کہاکہ ہریانہ میں عام آدمی پارٹی اور جے جے پی مل کر تبدیلی لانے کی کوشش کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ بی جے پی اور کانگریس جمہوریت کو کمزور کرنے کا کام کر رہی ہیں، ان کے خلاف دونوں پارٹیاں ایک ہوکر کام کریں گی۔ انھوں نے کہاکہ جیسے اروند کیجریوال نے دہلی میں تعلیم، صحت میں بہتری کی ویسے ہی ہریانہ میں دونوں پارٹیاں ایک اور ایک گیارہ بن کر تبدیلی لانے کا کام کریں گی۔ نوین جے ہند نے کہاکہ’ یہ اتحاد بی جے پی کا کھونٹا اکھاڑے گا‘۔ انہوں نے کہاکہ جے جے پی اور ’آپ‘ یعنی جھاڑو اور چپّل مل کر بی جے پی کا کھونٹا اکھاڑیں گی۔ یہ ایک سیاسی متبادل ہے جو صرف عوامی موضوعات کی لڑائی لڑے گا ذات، مذہب اور علاقہ کی لڑائی نہیں لڑے گا۔ اس موقع پر دونوں پارٹیوں کے دیگر لیڈران بھی بطور خاص موجود تھے۔

 

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close