اپنا دیشتازہ ترین خبریں

شاکر پٹنی ایک بار پھر ایم آئی ایم ممبئی کے صدر نامزد

کل ہند مجلس اتحادالمسلمین (ایم آئی ایم) کی مرکزی قیادت نے عبد الرحمن شاکر پٹنی پر ایک بار پھر اپنا اعتماد برقرار رکھتے ہوئے انہیں ممبئی کا صدر نامزد کیا ہے۔

اس کی اطلاع کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے جنرل سکریٹری سید احمد پاشاہ قادری کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ میں دی گئی ہے۔ ممبئی میں شاکر پٹنی کی ممبئی صدر کے طور پر نامزدگی سے مجلس کے ارکان و کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شاکر پٹنی کی صدارت میں مجلس اتحادالمسلمین ممبئی میں اپنے قدم جمانے کیلئے کوشاں رہے گی۔

واضح ہو کہ مجلس مہاراشٹر میں پارلیمانی الیکشن میں ایک سیٹ حاصل کرنے اور کئی سیٹوں پر اپنے اتحادی کے ساتھ مخالفین کو اپنے وجود کا احساس دلانے کے بعد پورے مہاراشٹر میں اپنے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کی جانب متوجہ ہے۔ عبد الرحمن شاکر پٹنی مہاراشٹر میں مجلس کی آمد سے پارٹی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور کئی برسوں سے وہ ممبئی کی صدارت کے عہدہ پر مامور ہیں۔ مجلس اتحادالمسلمین کی مرکزی قیادت ان پر پورا اعتماد رکھتی ہے۔

اس سلسلہ میں عبد الرحمن شاکر پٹنی جو کہ اندنوں بیرون ملک ہیں ٹیلیفون پر بتایا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ مجلس اتحادالمسلمین کی مرکزی قیادت نے ان پر اپنا اعتماد برقرار رکھا ہے۔ شاکر پٹنی نے کہا کہ جس طرح بیرسٹر اسدالدین اویسی نے اعتماد کیا ہے ہماری بھی کوشش ہوگی کہ مجلس اتحادالمسلمین کو ممبئی میں مستحکم بنانے میں ہم اپنی پوری قوت لگادیں۔ انہوں نے نقیب ملت بیرسٹر اسد الدین اویسی اور فلور لیڈر تلنگانہ اسمبلی حبیب ملت اکبر الدین اویسی سمیت تمام مرکزی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انہوں نے مجلس ممبئی کی ذمہ داری انہیں سونپی ہے۔

شاکر پٹنی نے کہا کہ وہ مجلس کے پلیٹ فارم سے ملک و قوم کی بے لوث خدمت انجام دیتے رہیں گے۔ انہوں نے اس بات ایک بار پھر اعادہ کیا کہ مجلس اتحادالمسلمین ہی وہ واحد پارٹی ہے جو مسلمانوں اور تمام محروم طبقات کو ان کا حق دلانے میں مخلص ہے۔ ہماری سرگرم سیاست میں شمولیت کا مقصد ہی محروم طبقات کو حاشیہ سے اٹھاکر ملکی سیاست کے مین اسٹریم میں لانا ہے۔ اس موقع پر شاکر پٹنی نے ممبئی کے تمام ارکان و کارکنان سمیت دیگر عہدیداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مل جل کر اتحاد و یکجہتی کے ساتھ مجلس اتحاد المسلمین کے استحکام کیلئے کام کریں اور ممبئی میں مجلس کو اتحاد و یکجہتی سے اسقدر قوت بخشیں کہ وہ پورے ملک کیلئے ایک نظیر بن جائے۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close