Khabar Mantra
اپنا دیشبہار- جھارکھنڈتازہ ترین خبریںسیاست نامہ

اپوزیشن اتحاد ،بی جے پی کا جواب

لالو سے مل کر دہلی آئے نتیش کا اپوزیشن لیڈروں سے تابڑ توڑملاقاتوں کا سلسلہ جاری

(جمشید عادل علیگ
/پی این این)
نئی دہلی:بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار لالو پرساد سے کل پٹنہ میں ملے جہاں اپوزیشن اتحاد اور بی جے پی کو شکست دینے کی حکمت عملی پر گفتگو ہوئی ،لالو پرساد نے نتیش کمار کو دعائیں دیں اور کہا کہ وہ مشن 2024 میں لگ جائیں۔
چنانچہ وہ کل جہاں لالو پرساد سے ملنے کے بعد راہل گاندھی سے ملے تو آج انھوں نے دہلی کے وزیر اعلیٰ کجریوال اور بایاں محاذ کے سیتا رام یچوری سمیت پرانے جنتا دل کے اہم ستون اوم پرکاش چوٹالہ سے بھی ان کے رہائش پر جاکر ملاقات کی۔ لالو سے مل کر دہلی آنے والے نتیش کمار کا اپوزیشن لیڈروں سے تابڑتوڑ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ غور طلب ہے کہ نتیش کمار اپوزیشن لیڈروں کے ساتھ 2024 کے عام انتخابات کے پیش نظر اپوزیشن کا ایک بڑا گٹھ بندھن بنانے میں لگے ہوئے ہیں اس کے لئے وہ کم از کم 13 اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کے لئے کوشاں ہیں۔
بی جے پی کے خلاف مشترکہ محاذ بنانے کے لئے راجدھانی دہلی میں اپوزیشن لیڈروں کے ساتھ اپنی میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ان افواہوں کی بھی تردید کی کہ وہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لئے اپوزیشن کا وزیر اعظم چہرہ بننا چاہتے ہیں۔ حالانکہ پارٹی کے سینئر لیڈر کے سی تیاگی کا کہنا ہے کہ بھلے ہی نتیش کمار پی ایم کنڈیڈیٹ نہیں ہیں لیکن وہ اپوزیشن کو متحد کرنے والا ایک چہرہ ضرور ہیں۔
آج اروند کجریوال کی رہائش گاہ پر نتیش کمار کی ملاقات میں نائب وزیر اعلیٰ سسودیا اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ بھی موجود تھے۔ کجریوال نے پھولوں کا گلدستہ دے کر نتیش کمار کا استقبال کیا۔ اس سے قبل نتیش کمار نے بایاں محاذ کے اہم لیڈر اور سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ڈی راجا سے ان کے پارٹی دفتر میں ملے پھر اس کے بعد انھوں نے سی پی آئی ایم کے سینئر لیڈر سیتارام یچوری سے گھنٹوں گفتگو کی۔ یچوری سے ملاقات کے بعد نتیش کمار نے کہا کہ میرا بچپن سے ہی بایاں محاذ سے ناطہ رہا ہے۔ میں جب دہلی آتا تھا تو اسی آفس میں آجاتا تھا آج ہم سب پھر ایک ہیں ،انھوں نے کہا کہ ہمارا سارا فوکس بایاں محاذ کی تمام جماعتوں ، ریجنل پارٹیوں اور کانگریس کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا ہے۔ اگر ہم سب ایک ساتھ ایک منچ پر آگئے تو یہ بہت بڑی بات ہوگی۔ ادھر نتیش کمار نے پرانے جنتال کے اہم لیڈر اوم پرکاش چوٹالہ سے بھی ملاقات کی ان کے ساتھ کھانا کھایا، تیسرے مورچے کی تشکیل پر گفتگو کی۔
ادھر نتیش کمار کی اپوزیشن لیڈروں کو متحد کرنے کی کوششوں کی کانگریس نے ستائش کی ہے اور اپوزیشن لیڈروں سے ملاقاتوں پر کانگریس کے سینئر لیڈر پرمود تیواری کا کہنا ہے کہ اگر اپوزیشن 50 فیصدی بھی ایک پلیٹ فارم پر آگیا تو بی جے پی کو سو سیٹیں بھی نہیں ملیں گی۔ انھوں نے کہا کہ 2014 میں بی جے پی 31.8 فیصد ووٹ ملے تھے اور باقی 68.2 فیصد ووٹ بکھر گئے تھے۔ اگر 68.2 فیصد کا آدھا بھی مل گیا تو مودی جی 100 کی منزل تک نہیں پہنچ سکیں گے۔

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close