تازہ ترین خبریںمسلم دنیا

سوڈان کو مالی امداد دینے والے ممالک میں سعودی عرب سرفہرست

پسماندہ خطوں، معاشی مسائل سے دوچار عرب اور مسلمان ممالک کی مالی امداد میں سعودی عرب کی خدمات کسی سے مخفی نہیں۔ سعودی عرب سوڈان کی معاشی ترقی اور خوش حالی کے لیے امداد دینے والے ممالک میں بھی سر فہرست ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کے شاہی دیوان کے مشیر اور ‘شاہ سلمان سینٹر فار ریلیف اینڈ ہیومینیٹری ایکشن’ کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبد اللہ بن عبد العزیز الربیعہ نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب اور برادر ملک جمہوریہ سوڈان کے مابین مضبوط تاریخی روابط اس بات کا ثبوت ہیں کہ سعودی عرب سوڈان اور اس کے عوام کی حمایت و مدد کو ایک اولین ترجیح دیتا ہے۔ سعودی عرب نے ماضی میں بھی سوڈان کی بڑھ چڑھ کر مالی مدد کی اور سال 2019 کے آخر تک مملکت کی طرف سے سوڈان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی امداد دی گئی تھی۔ یوں سعودی عرب سوڈان کو مالی امداد دینے والے ممالک میں سر فہرست ہے۔

ڈاکٹر الربیعہ نے ان خیالات کا اظہار برطانیہ کی میزبانی میں سوڈان کی مالی امداد سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں برطانیہ، سعودی عرب، سویڈن اور اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی حقوق ‘اوچا’ کے مندوبین نے شرکت کی۔ انہوں نے برادر ملک جمہوریہ سوڈان میں انسانی صورتحال کے بارے میں بین الاقوامی رد عمل کے طریقہ کار کا مطالعہ کرنے اور اس میں پیش آنے والے نازک اور مشکل حالات کی روشنی میں 2020 کے لیے فوری اور ترجیحی بنیادوں پر مالی امداد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب برطانیہ اور سویڈن کی طرف سے سوڈان کی امداد سیمتعلق کوششوں کو سراہتا ہے۔

اجلاس میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل برائے انسانی امور اور ہنگامی امدادی کوآرڈینیٹر مارک لوکاک نے سوڈان کی مالی امداد سے متعلق ایسا میکانزم اختیار کرنے کی تجویز پیش کی جس کے ذریعے سوڈان کے عام شہریوں کا معیار زندگی بہتر بنانے میں ان کی مدد جاسکے۔ اس موقع پر ڈاکٹر الربیعہ نے کہا کہ ان کا ملک سوڈان کے عوام کو درپیش معاشی، انسانی ماحولیاتی اور صحت سے متعلق چیلنجوں سے آگاہ ہے۔ اپریل 2019 کو سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر سوڈان کو تین ارب ڈالر کی مدد فراہم کی۔ اس میں 50 کروڑ ڈالر کی رقم سوڈان کے مرکزی بنک میں رکھی گئی تاکہ سوڈان کی کرنسی کو استحکام فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ شاہ سلمان ریلیف سینٹر نے 2020 کے منصوبے میں سوڈان میں بہت سی مہمات جن میں دو طبی مہمات شامل ہیں کا پروگرام تیار کیا ہے۔ ان مہمات میں نابینا پن کی روک تھام اور مختلف امراض نمٹنے کے لیے دو میڈیکل مہمات شامل ہیں۔ سوڈان میں سعودی عرب کے تعاون سے ہونے والے طبی پروگرام کے لیے 15 لاکھ ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close