Khabar Mantra
اپنا دیشتازہ ترین خبریںسیاست نامہ

100کروڑ کے گھپلے میں ملوث پارتھو برخاست

(پی این این)
کولکاتہ:پارتھو چٹرجی کی خاتون دوست کے گھر سے50کروڑ روپے، لاکھوں روپے کے زیوارات ،5 کلو سونااور غیر ملکی کرنسی برآمد ہونے کے بعد ممتا بنرجی نے اپنی کابینہ سے وزیر صنعت و پارلیمانی امور پارتھو چٹرجی کوبرخاست کر دیا ہے۔ان سے ان کے تینوں وزارتیں چھین لی گئی ہیں۔اس کے علاوہ ترنمول کانگریس نے انہیں پارٹی کے تمام عہدوں سے ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔
پارتھو چٹرجی کو وزارت سے برطرف کرنے کے بعد وزیر اعلی نے کہا کہ پارتھو کے پاس تین محکمے تھے فی الحال ان کے پاس رہیں گے۔ راج بھون کی منظوری کے مطابق پارتھو کو وزارت سے ہٹادیا گیا ہے۔ نوبنو نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یعنی مروجہ اصولوں کے مطابق وزیر اعلیٰ ممتا نے گورنر کو بتایا کہ پارتھو کو اب وزارت میں نہیں رکھا جا رہا ہے۔ ان کے ماتحت محکموں (صنعت، پارلیمانی اموراور آئی ٹی) کی دیکھ بھال وزیر اعلیٰ کریں گے۔ وزیراعلیٰ کی سفارش کے بعد گورنر نے منظوری دیدی ہے۔ اس کے بعد نوانا نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔
اپوزیشن اس معاملے کو لیکر مسلسل احتجاج کررہی تھی۔حالانکہ ممتا بنرجی دو دن قبل ہی واضح کردیا تھا کہ بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا چنانچہ آج پارتھو چٹرجی کو وزارت اور پارٹی کے دونوں عہدہ سے نکال دیا گیا ہے۔پارتھو کی گرفتاری کے 5دن بعد گوکہ ممتا نے ایکشن لیا ہے لیکن انھوں نے اس معاملے میں کارروائی کرکے بہت حوصلے کا کام کیا ہے ۔
ادھر پارتھو چٹرجی کی خاتون دوست ارپتا مکھرجی کے چوتھے گھر پر ای ڈی کی چھاپہ ماری جاری ہے ۔امید کی جارہی ہے کہ یہاں پر بھی بری رقم کی برآمدگی ہوسکتی ہے ۔50کروڑ سے زیادہ رقم کی برآمدگی کے بارے میں ارپتا مکھرجی کا کہنا ہے کہ یہ سارے روپے پارتھو چٹرجی کے ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ پارتھو اس گھر کا استعمال کیش رکھنے کےلئے کرتے تھے ۔مجھے اندازہ نہیں تھا کہ گھر میں اتنا سارا کیش رکھا گیا ہوگا۔اس سےقبل چھاپہ ماری میں ارپتا کے2فلیٹ سے 50 کروڑ کیش اور کروڑوں کی زیورات اور 5 کلو سونا برآمد ہواتھا۔جس کے بعد خود پارٹی میں پارتھو کو ہٹانے کا مطالبہ ہونے لگا اور آج وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے پارتھو چٹرجی کو کابینہ سے برخاست بھی کردیا۔
برخاستگی کے بعدممتا بنرجی نے کہا کہ یہ پورا معاملہ ایک بڑی سازش کا حصہ ہے ۔صرف ایک لڑکی کے گھر سے اتنا کیش برآمد ہوا۔انھو ں نے کہا کہ پارتھو کو اس لئے برخاست کیا گیا کیوں کہ ٹی ایم سی بدعنوانی کے معاملے میں بے حد سخت اصولوںوالی پارٹی ہے ۔انھوں نے کہا کہ پھر بھی یہ ایک بہت بڑا گیم ہے جس کے بارےمیں فی الحال بتایا نہیں جاسکتا۔ غورطلب ہے کہ پارتھو چٹرجی ممتا بنرجی کی کابینہ میں نمبر دو کی حیثیت رکھتے تھے ۔وہ 24پرگنہ کے بہیلا مغربی حلقے سے 5بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں ۔پارتھو 2011 سے مسلسل وزیرتھے ۔وہ 2006 سے 2011تک بنگال اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بھی رہ چکے ہیں ۔فی الحال ان کے پاس صنعت و تجارت ،اور پارلیمانی امور جیسی بڑی وزارتیں تھیں۔

 

جمشید عادل علیگ

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close