تازہ ترین خبریںکھیل کھلاڑی

روہت-وراٹ تنازعہ: وراٹ کی صفائی، ٹیم میں کسی طرح کا کوئی اختلاف نہیں

ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور بلے باز روہت شرما کے درمیان گزشتہ کچھ دنوں سے اختلافات کی خبروں کے درمیان ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کی جانب سے دونوں ٹاپ کھلاڑیوں کے درمیان معاملے کو حل کرنے کے لئے مداخلت کا امکان ہے۔

مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات کو سلجھانا چاہتا ہے اور اس کے لیے بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راہل جوہری اگلے ہفتے امریکہ جا سکتے ہیں جہاں وہ دونوں کھلاڑیوں سے بات کریں گے۔ بی سی سی آئی ذرائع کے مطابق بورڈ ان کے درمیان جلد مصالحت کرانا چاہتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہیڈ کوچ روی شاستری بھی وراٹ اور روہت سے موجودہ حالات کے بارے میں بات کر سکتے ہیں۔ شاستری کو کپتان وراٹ کا قریبی سمجھا جاتا ہے۔ اگرچہ ان کی دونوں کھلاڑیوں سے بات کرنے کی امید ہے۔

لیکن وراٹ نے ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے روانہ ہونے سے پہلے پیر کو پریس کانفرنس میں صاف طور پر کہا کہ ٹیم میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ وراٹ کے ساتھ موجود کوچ روی شاستری نے بھی ان خبروں کو لغو قرار دیا۔ دراصل عالمی کپ میں ٹیم انڈیا کے سیمی فائنل میں باہر ہونے کے بعد ایسی خبریں آنے لگی تھیں کہ ٹیم میں اندرونی اختلافات ہیں. وراٹ اور ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان روہت کے درمیان اختلافات ہیں۔ ان اختلافات میں وراٹ کی بیوی انوشکا شرما اور روہت کی بیوی رتیکا ساجده کو بھی شامل کر لیا گیا تھا۔ یہ خبریں برابر آ رہی تھیں کہ ان کھلاڑیوں کی بیویاں سوشل میڈیا پر کرکٹروں کو ان فالو کر رہی ہیں۔

ہندوستانی کپتان سے جب ٹیم میں اختلافات کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہاکہ گزشتہ چند دنوں میں میں نے بھی ایسا سنا ہے۔ یہ سب کچھ باہر سے سننے میں ملتا ہے۔ لیکن میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ اگر ٹیم کے اندر ماحول اچھا نہیں ہوتا تو گزشتہ دو تین برسوں میں ہم ہر شکل میں ویسی اچھی کارکردگی نہیں کر پاتے جیسا ہم مسلسل کر رہے ہیں۔ ڈریسنگ روم کا ماحول بہت اچھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہماری کارکردگی میں تسلسل رہتا ہے۔ کوچ شاستری نے کپتان سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ ٹیم تمام فارمیٹ میں اچھا مظاہرہ کر رہی ہے اور یہ تسلسل ایک اچھے ٹیم ماحول کی وجہ سے ہے۔ شاستری نے کچھ سخت الفاظ میں اس طرح کی خبروں کو لغو قرار دیا۔

ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے کل ایک ریلیز جاری کرکے بتایا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے دورے پر جانے سے قبل کپتان وراٹ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے لیکن جب پریس کانفرنس شروع ہوئی تو وراٹ کے ساتھ شاستری بھی موجود تھے۔ شاستری کا کوچ کے طور پر یہ آخری دورہ ہے اور اس دورے کے بعد ہندوستانی ٹیم کا نیا کوچ منتخب کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے دورے پر ہے جہاں اس کے ٹوئنٹی 20 سیریز کے پہلے دو میچ فلوریڈا میں کھیلے جائیں گے، اس کے بعد سیریز کے باقی میچ ویسٹ انڈیز میں کھیلے جائیں گے۔ ہندستانی ٹیم اس سیریز کے تینوں فارمیٹس میں وراٹ کی کپتانی میں کھیلے گی۔ ہندستانی ٹیم پیر کو ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے ممبئی سے روانہ ہوگی۔ سیریز میں تین ٹوئنٹی 20، تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ کھیلے جانے ہیں۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close