تازہ ترین خبریںدلی این سی آر

روپیش گوجر کی بیوہ کو دہلی وقف بورڈ نے دی ملازمت

وزیر اعلی اروند کجریوال نے دیا تقرری کا لیٹر، نشہ مخالف مہم میں سر گرم تھے مقتول رو پیش گوجر

نئی دہلی (انور حسین جعفری)
تیمور نگر اوکھلا میں نشہ آوروں کی مخالفت کرتے ہوئے گولی مارکر قتل کردئے گئے رو پیش گوجر یا بیوہ کو ملازمت دینے کے وعدے کودہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان نے پورا کرتے ہوئے مقتول روپیش کی بیوہ کو دہلی وقف بورڈ میں مستقل ملازمت دی ہے۔

آج وزیر اعلی اروندکجریوال نے اپنے ہاتھوں سے گوجر برادری کی موجودگی میں تیمور نگر میں منعقدہ ایک اعزازی تقریب میں مقتول کی بیوہ مونا کو ملازمت کا تقرری نامہ پیش کیا۔حالانکہ مونا دہلی وقف بورڈ پہلے ہی جوائن کرچکی ہیں مگر آج رسمی طور پر انھیں وزیر اعلی کے ہاتھوں مستقل ملازمت کا تقرری نامہ دیدیا گیا ہے۔ جس کے بعد گوجر سماج کے بڑے چودھریوں نے وزیر اعلی کا اور دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی اروندکجریوال نے کہاکہ ہمارے پاس اس سلسلہ میں گوجر برادری کے لوگ آئے تھے اور اپنے مطالبات رکھے تھے۔ہم نے ان کے سارے مطالبات پورے کئے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ مقتول روپیش کے نام پر تیمور نگر میں ایک چوک کا نام بھی رکھا گیا،مالی تعاون بھی کیا گیا،ان کے بچوں کا اچھے اسکول میں داخلہ بھی کرایا گیا اور ان کی بیوہ کو دہلی وقف بورڈ میں ملازمت بھی دی گئی ہے۔وزیر اعلی نے امید ظاہر کی کہ روپیش کے بچے بھی اچھی تعلیم حاصل کرکے سماج میں اونچا مقام حاصل کریں گے اور اپنے والد کی طرح سماج کی خدمت کریں گے۔وزیر اعلی نے اس دوران دہلی کے عام لوگوں کے لئے کئے گئے اپنی حکومت کے کاموں کو بھی گنایا۔

دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان نے کہا کہ روپیش کا قتل ایک سال پہلے ہوا تھاجس کے بعد برادری کے احتجاج میں میرے ساتھ تین دیگر ممبران اسمبلی نے پنچایت کے سامنے وعدہ کیا تھا کہ دہلی سرکار کے کرنے کے جو کام ہیں وہ ہم کریں گے اور آج میں فخر کے ساتھ کہ سکتا ہوں کہ دہلی حکومت نے اس سلسلہ میں کئے ہوئے اپنے سارے وعدے پورے کئے ہیں۔

امانت اللہ نے مزید کہا کہ ہم نے ایک مسلم ادارہ میں مقتول روپیش کی بیوہ کو اس لئے ملازمت دی تاکہ سماج میں اچھا پیغام جاسکے اور ہندو مسلمانوں میں آپس میں بھائی چارہ مضبوط ہو۔اس سے قبل گوجر برادری نے وزیر اعلی اروند کیجریوال کا پگڑی پہناکر استقبال کیااور مقتول کے بھائی امیش نے وزیر اعلی اروند کجریوال اور امانت اللہ خان کا اپنی برادری کی جانب سے استقبال کرتے ہوئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر کالکاجی سے ممبر اسمبلی اوتار سنگھ،تغلق آباد سے ممبرا سمبلی سکھی رام اور ممبر اسمبلی مد ن لال کے علاوہ دہلی وقف بورڈ کے ممبران اور گوجر سماج کے مکھیا و چودھری موجود تھے۔

واضح رہے کہ گوجر کے قتل کے بعد برادری نے بڑے پیمانے پر احتجاج کیاتھا اور وزیر اعلی سے دیگر مطالبات کے علاوہ مقتول روپیش کی بیوہ کی ملازمت کا مطا لبہ کیا تھا وزیر اعلی مطالبات منظور کرتے ہوئے فوری طور پر خاندان کو معاضہ کی مد میں کئی لاکھ روپئے کی اقتصادی مدد کی تھی اور جلد ہی ملازمت دینے کا وعدہ بھی کیا تھا۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close