تازہ ترین خبریںدلی نامہ

دہلی: کیجریوال کا اعلان، 4 سے 15 نومبر تک پھر نافذ ہوگا ’طاق-جفت‘ نظام

دہلی حکومت نے دارالحکومت میں آلودگی بڑھنے کے خدشے کو توجہ میں رکھتے ہوئے چار سے 15 نومبر تک گاڑیوں کے لئے طاق-جفت اسکیم پھر سے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے جمعہ کو پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ نومبر کے مہینے میں دہلی کے آس پاس کی ریاستوں میں عام طور پر پرالی جلائی جاتی ہے جس کی وجہ سے دارالحکومت میں آلودگی بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ آلودگی بڑھنے کے خدشہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے چار سے 15 نومبر تک گاڑیوں کے لئے طاق-جفت اسکیم پھر سے نافذ کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پنجاب سمیت شمالی ہندوستان کی کچھ ریاستوں میں دھان کی فصل کے بعد اس کی پرالي کو جلانے کی وجہ سے دارالحکومت میں گزشتہ تین چار برسوں سے آلودگی کافی بڑھ جاتی ہے۔ مسٹر کیجریوال نے کہاکہ حکومت آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لئے مرکز اور پنجاب حکومت کے ساتھ اپنی سطح پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ تجربات کو ذہن میں رکھ کر دہلی حکومت ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھ سکتی، اس لئے طاق-جفت اسکیم کو نومبر میں نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلی نے حال ہی میں بتایا تھاکہ دارالحکومت میں آلودگی میں 25 فیصد تک کی کمی آئی ہے اور حکومت مسلسل کوشش کر رہی ہے کہ آلودگی کو مزید کم کیا جائے۔ طاق -جفت اسکیم کے تحت جن چارپہيہ گاڑیوں کے رجسٹریشن کا آخری نمبر جفت دو، چار، چھ، آٹھ اور دس ہوں گےانہیں چار، چھ، آٹھ، 10، 12 اور 14 نومبر کو سڑکوں پر اترنے کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح ایک، تین، پانچ، سات اور نو نمبر ہوں گے تو انہیں طاق تاریخوں پانچ، سات، نو، 11 اور 13 کو سڑک پر گاڑی چلانے کی اجازت ہوگی۔ یہ فیصلہ ہفتہ اور اتوار کو نافذ نہیں ہوگا۔

وزیراعلی نے کہا کہ اس اسکیم کو نافذ کرنےکےلئے حکومت نے عوام سے مشورے مانگے تھے اور ماہرین کے ساتھ غور و خوض بھی کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ دیوالی کے موقع پر پٹاخے جلانے کی وجہ سے ہوا میں آلودگی بہت زیادہ ہوجاتی ہے۔سپریم کورٹ نے بھی رات دس بجے کے بعد پٹاخے چھوڑنے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔دہلی کے عوام سے اپیل ہے کہ وہ آلودگی کو قابو کرنے کےلئے اپنا تعاون دیں۔آلودگی سے متعلق شکایتوں کے حل کےلئے وار روم بنایا جائےگا اور ماحولیات مارشل بھی تعینات کئےجائیں گے۔ہر وارڈ میں دو مارشل تعینات ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو تقریباً 1200ای میل ملےتھے۔ کئی ماہرین سے غوروخوض کرنے کے بعد حکومت نے آلودگی کو قابو کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ دہلی حکومت اگلے مہینے سے لوگوں کو مفت میں این .95ماسک مہیا کرانا شروع کرے گی۔ واضح رہے کہ دہلی میں آلودگی بڑھ جانے پر گزشتہ برسوں میں بھی طاق-جفت اسکیم کو نافذ کیا گیا تھا۔

یکم ستمبر سے موٹرگاڑی قانون میں ترمیم کے بعد ٹریفک ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے پر بڑی رقم کے جرمانے پر مسٹر کیجریوال نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ضابطوں میں اصلاح کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ نیا قانون نافذ ہوا ہے، دارالحکومت میں ٹریفک نظام میں کافی بہتری نظر آ رہی ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ نئے موٹرگاڑی قانون کے نافذ ہونے سے اگر کسی التزام کی وجہ سے لوگوں کو زیادہ دقتیں آئیں گی تو حکومت کو یہ اختیار ہے کہ وہ جرمانے کی رقم کو کم کرسکتی ہے۔ ضرورت پڑنے پر حکومت اس سلسلے میں یقینی طور پر قدم اٹھائے گی۔

مسٹر کیجریوال نے کہاکہ دھول سے ہونے والی آلودگی کو کنٹرول کرنے کےلئے حکومت ایسے مقامات پر جہاں اس کا مسئلہ زیادہ ہے، وہاں پانی کا چھڑکاؤ کرائے گی۔ انہوں نے کہا،’’دہلی میں ایسے 12 مقامات کی شناخت کی گئی ہے جہاں آلودگی زیادہ ہے، ان جگہوں پر آلودگی کو روکنے کےلئے الگ سے منصوبہ بنایا جائےگا۔ دہلی کے تینوں کارپوریشنوں کے ساتھ مل کر مشینوں سے صفائی بھی کرائی جائے گی۔‘‘

دارالحکومت میں پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم میں بہتری پر مسٹر کیجریوال نے کہا،’’اگلے آٹھ سے دس مہینے تک دارالحکومت میں چار ہزار بسیں آجائیں گی۔ بس ایگری گیٹر پالیسی کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا جس سے کہ لوگ اپنی گاڑی کے بجائے لگزری بسوں میں سفر کریں۔ بسوں کے روٹ کو معقول بنانے پر بھی حکومت کام کر رہی ہے جس میں دو سے تین سال لگیں گے۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close