Khabar Mantra
اترپردیش

سروے کو لے کر دارالعلوم دیوبند میں علماء کا اجلاس آج

اجلاس کے لئے تیاریاں مکمل ، علماء کے آنے کا سلسلہ شروع

(پی این این)
دیوبند:اترپردیش کی یوگی حکومت کے ذریعہ شروع کئے گئے غیرسرکاری مدارس کے سروے اور جانچ پڑتال کے درمیان عالمی شہرت یافتہ ادارہ دارالعلوم دیوبند کے ذریعہ 18ستمبر (آج) بلائے گئے اترپردیش کے مدارس کے ذمہ داران اور معروف علماء کے کانفرنس کی تیاریاں بڑے پیمانے پر چل رہی ہیں ، خاص بات یہ ہے کہ مدارس انتظامیہ جہاں سرکار کے ذریعہ کرائے جارہے سروے میں تعاون کررہے ہیں۔ وہیں دارالعلوم دیوبند کے فیصلہ کا بھی بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔
واضح ہو کہ اترپردیش کی یوگی حکومت نے گزشتہ 10ستمبر سے غیرسرکاری مدارس کا سروے شروع کردیا ہے جس کے تحت ابھی تک لکھنؤ ، دیوبند ، سہارنپور، بریلی اور کانپور سمیت ریاست کے کئی بڑے مدارس میں سروے کیا جاچکا ہے۔
حالانکہ سروے میں جہاں مدارس انتظامیہ سرکاری انتظامیہ کا بھرپور تعاون کررہی ہے وہیں ان کی بے چینی بھی صاف نظر آرہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دارالعلوم دیوبند کی جانب سے بلائے جارہے اس اجلاس پر سبھی کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔ واضح ہو کہ جمعیۃ علماء ہند گزشتہ 6ستمبر کو دہلی میں علماء کا بڑا اجلاس کرکے یوگی حکومت کے غیرسرکاری مدارس کے سروے کے طریقہ کا ر پر سوالیہ نشان لگا چکے ہیں اور اس کو حکومت کا ایک خاص طبقے کو ٹارگیٹ کرنے والا قدم بتایا گیا ہے۔ وہیں دارالعلوم دیوبند سمیت کئی بڑے ادارے اس سروے کی مخالفت کرچکے ہیں، حالانکہ آج کے اجلاس میں سروے کو لے کر لائن آف ایکشن تیار ہوگا جس سے مدارس انتظامیہ کو بھی نئی گائڈ لائن ملے گی۔ کل (آج) کے اجلاس میں صاف ہوجائے گا کہ دارالعلوم دیوبند سروے کی حمایت کرتا ہے یا اس کی مخالفت کرے گا ۔ وہیں آج دارالعلوم دیوبند میں اس اجلاس کو لے کر بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے کمیٹیاں تشکیل دے کر تیاریوں کو آخری شکل دی جارہی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ یہ اجلاس صبح 9بجے سے دوپہر ایک بجے تک مسجد رشید میں منعقد کیا جائے گا ۔ اس اجلاس کے لئے ریاست کے تقریباً ڈھائی سو علماء اور مدارس کے ذمہ داران کو دعوت دی گئی ہے لیکن ایسے امکانات ہیں کہ اس اجلاس میں 400سے 500علماء اس اجلاس میں شامل ہوسکتے ہیں ۔ آج سے ہی دارالعلوم دیوبند میں مدارس کے ذمہ داران کے آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close