Khabar Mantra
اترپردیشتازہ ترین خبریں

بابری مسجد کے لئے زمین اصل ایودھیا میں دی جانی چاہئے: اقبال انصاری

رام مندر۔بابری مسجد متنازع اراضی ملکیت معاملے میں بابری مسجد کے فریق اقبال انصاری نے حکومت کی جانب سے مسجد کی تعمیر کے لئے 5 ایکڑ زمین سوہاول تحصیل کے روناہی تھانے کے دھنی پور گاؤں میں دئیے جانے کے اعلان کے بعد کہاکہ حکومت نے سپریم کورٹ کے ہدایات کو نظر انداز کیا ہے۔ مسجد کے لئے زمین اصل ایودھیا میں دی جانی چاہئے۔

مسٹر انصاری نے یواین آئی سے بات چیت میں کہا کہ سپریم کورٹ نے جہاں رام مندر تعمیر کے لئے ٹرسٹ بنانے کو کہا تھا تو وہیں مسجد کی تعمیر کے لئے ایودھیا میں ہی زمین فراہم کرنے کا کہا تھا۔ لیکن حکومت نے ایودھیا میں مسجد کے لئے زمین نہ دے کر رام جنم بھومی سے تقریبا 22 کلو میٹر دور تحصیل سوہاول کے گرام دھنی پور تھانہ روناہی میں زمین دینے کا اعلان کیا ہے جوکہ سپریم کورٹ کی ہدایت کی خلاف ورزی ہے۔

مسٹر انصاری نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد ہی ضلع فیض آباد کا نام بدل کر ایودھیا رکھا گیا ہے اس سے قبل فیض آباد ضلع تھا اورایودھیا اس میں ایک شہر تھا۔ لہذا مسجد کے لئے زمین ضلع فیض آباد کے ضلع ایودھیا بننے سے قبل جو اصل ایودھیا کا رقبہ تھا اسی کے اندر دی جانی چاہئے تھی۔ انہوں نے کہاکہ مندر۔مسجد تنازع کئی سال پرانا ہے۔ اس وقت اجودھیا اور فیض آباد الگ الگ شہر تھے اور اجودھیا ضلع فیض آباد میں آتا تھا۔ نیز فیض آباد کورٹ اور ہائی کورٹ کا جب فیصلہ آیا تھا تو اس وقت ضلع فیض آباد تھا اور جب معاملہ سپریم کورٹ میں گیا تھا تو اس وقت بھی ضلع کا نام فیض آباد ہی تھا اور اجودھیا فیض آباد کا ایک شہر تھا اور ایک محدود دائرے تک ہی ایودھیا کا رقبہ محدود تھا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تکنیکی طریقہ اختیار کرتے ہوئے پورے ضلع فیض آباد کو ضلع اجودھیا میں تبدیل کرنے کے بعد اصل ایودھیا سے دور دراز علاقے میں مسجد کے لئے زمین فراہم کرکے ایودھیا میں ہی زمین دینے کا دعوی کررہی ہے جوکہ کورٹ کی ہدایت کے خلاف ہے۔ مسٹر انصاری نے کہا کہ فیصلے کے بعد میں نے اپنے گھر کے سامنے کھالی پڑی زمین پر اسکول، اسپتال اور مسجد بنانے کے لئے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا تھا یہاں کافی زمین دستیاب ہے اس میں مسجد کے ساتھ استپال اور غریبوں کے لئے اسکول بنائے جاسکتے ہیں۔ لیکن مرکزی وریاستی حکومت نے میرے مطالبے کو نظر انداز کرکے ہیڈ کوارٹر سے تقریبا 22 کلومیٹر دور مسجد کے لئے پانچ ایکڑ زمین دئیے جانے کا اعلان کیا ہے۔

اقبال انصاری نے رام مندر کی تعمیر کے لئے وزیر اعظم کی جانب سے مجوزہ رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر کے نام سے ٹرسٹ قائم کئے جانے کے اعلان کا استقبال کیا۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close