Khabar Mantra
Uncategorizedکھیل کھلاڑی

روہت اور رہا نے کی پاری انگلینڈ پر بھاری

رن300ہٹ مین کی شاندار سنچری اور اجنکیا کے نصف سنچری سے ٹیم انڈیا کے 6وکٹ پر

چنئی(پی این این)سلامی بلے باز روہت شرما کی161رنوں کی دھماکے دار سنچری اننگ اور ان کی نائب کپتان اجنکیا رہانے (67 )کےساتھ چوتھے وکٹ کےلئے162رن کی بہترین شراکت کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کےخلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن ہفتہ کو چھ وکٹ پر300رن کا مضبوط اسکور بنالیا ۔ روہت نے اپنی سنچری سے کپتان وراٹ کوہلی کے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کے فیصلے کو صحیح ثابت کیا۔ روہت نے 231 گیندوں پر161رنوں کی اننگ میں18چوکے اور دو چھکے لگائے ۔ روہت کی انگلینڈ کے خلاف یہ پہلی اور اپنے کیرئیرکی ساتویں سنچری تھی۔روہت نے رہانے کے ساتھ چوتھے وکٹ کےلئے310گیندوں میں162رن کی شراکت کرکے ہندوستان کو تین وکٹ پر86رن کی نازک حالت سے نکال لیا۔ رہانے نے اپنے خراب فارم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پچھلی15 اننگ میں دوسری ففٹی پلس کا اسکوربنایا۔ رہانے نے 149 گیندوں پر67رنوں میں نوچوکے لگائے ۔ چیتیشور پجارا نے21رن بنائے جبکہ وکٹ کیپر بلے بازرشبھ پنت33رن کے ساتھ کریز پر موجودہیں۔اوپنر شبھ من گل اور کپتان وراٹ کھاتہ کھولے بغیر آوٹ ہوئے ۔ روی چندراشون نے13رن بنائے جبکہ ڈیبو ٹیسٹ کھیل رہے اکشرپٹیل پانچ رن بناکر پنت کے ساتھ کریز پر موجودہیں۔ انگلینڈ کی طرف سے اس کے اسپنروں جیک لیچ اور معین علی نے دودووکٹ لئے ۔

ہندوستان نے لنچ تک تین وکٹ کے نقصان پر106رن اور چائے کے وقفے تک تین وکٹ پر189رن بنائے تھے ۔ روہت نے اپنے50رن47گیندوں میں 100 رن 130 گیندوں میں اور 150 رن 208 گیندوں میں مکمل کئے ۔ دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل پوری طرح ہٹ مین کے نام سے مشہور روہت کے نام رہا۔ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے صبح ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان نے صبح کے سیشن میں اوپنر شبھمن گل، چیتیشورپجارا اوروراٹ کے وکٹ گنوائے ۔ گل اور وراٹ کا کھاتہ نہیں کھلا جبکہ پجارا نے 21 رن بنائے ۔روہت نے صبح کے سیشن میں اسکورنگ کی ساری ذمہ داری اپنے کندھوں پر رکھی۔ تین وکٹ گرنے کے باوجود روہت نے تیز رفتار سے رن بناکر انگلینڈ کے گیندبازوں کوحاوی نہیں ہونے دیا۔ روہت نے سویپ کا استعمال کرکے انگلینڈ کے دونوں اسپنروں لیفٹ آرم اسپنر جیک لیچ اور آف اسپنر معین علی کی گیندوں پر چوکے مارے ۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف اپنی پہلی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

ہندوستان کو ٹاس جیتنے کے بعد دوسرے اوورمیں ہی جھٹکا لگا جب اولی اسٹون نے گل کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔ روہت اور پجارا نے دوسرے وکٹ کےلئے85رن کی شراکت نبھائی۔ پجارا نے لیچ کی گیند پر فارورڈ ڈفینس شاٹ کھیلنے کی کوشش میں سلپ میں بین اسٹوکس کو کیچ تھمابیٹھے ۔ پجارانے58گیندوں میں دوچوکوں کی مدد سے21رن بنائے ۔کپتان وراٹ کوہلی کو علی نے ایک بہترین گیند پر بولڈکیا۔ علی کی گینڈ ٹپاکھانے کے بعد تیزی سے ٹرن ہوئی اور وراٹ کے بلے اور پیڈ کے درمیان میں سے نکلتی ہوئی ان کی بیلس گراگئی۔ وراٹ کو اس طرح آوٹ ہونے پر یقین نہیں ہوا۔ انہیں لگاکہ شاید بیلس وکٹ کیپر کے دستانوں سے لگ کر گری ہو۔ انہوں نے فوراً ڈی آر ایس کا سہارالیا لیکن وہ صاف بولڈ تھے اور انہیں پویلین واپس ہونا پڑا۔ وراٹ اپنے کیرئیر میں11ویں مرتبہ صفر پر آوٹ ہوئے ۔ وراٹ کو پہلی بار کسی اسپنر نے صفر پر آوٹ کیا۔لنچ کے بعد روہت اور رہانے نے دوسرے سیشن میں ٹیم کو کوئی نقصان نہیں ہونے دیا۔ اس سیشن میں پہلے سیشن کے مقابلے بلے بازی قدرے آہستہ تھی لیکن اس دوران ہندوستان نے کوئی وکٹ نہیں گنوایا۔ روہت نے اس سیشن میں اپنی ساتویں سنچری مکمل کی۔ ہندوستان نے لنچ کے تین وکٹ پر106سے آگے کھیلنا شروع کیا اور چائے کے وقت تک اپنا اسکور189تک پہنچادیا۔چائے کے بعد بھی یہ شراکت بڑھتی رہی ۔ یہ شراکت 248کے اسکور پر جاکر ٹوٹی جب روہت نے لیچ کی گیند پر ایک بڑاشاٹ کھیلنے کی کوشش میں معین کو کیچ تھمادیا۔ روہت کے آؤ ہوتے ہی رہانے بھی معین علی کی گیند پر سویپ مارنے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے ۔ رہانے کا وکٹ 249 کے اسکور پر گرا۔رشبھ پنت اور اشون نے چھٹے وکٹ کیلئے35رنز جوڑے ۔ اشون کوانگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے اولی پاپ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اشون کا وکٹ248کے اسکور پر گرا۔ اس کے بعد پنت نے پٹیل کے ساتھ دن کے باقی کھیل کو محفوظ نکال لیا۔انگلینڈ کےلئے لیچ نے78رن دے کر دو، معین نے112رنز دے کر دو ، اسٹون نے42رن پر ایک وکٹ اور روٹ نے 15رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close