تازہ ترین خبریںدلی نامہ

حج 2020 کیلئے درخواست فارم بھرنے کا آغاز

10 اکتوبر سے 10 نومبر تک بھرے جائیں گے آن لائن فارم، دہلی حج کمیٹی نے قائم کئے ای حج فارم کاونٹر

نئی دہلی (انور حسین جعفری)
مرکزی وزارت اقلیتی امور اور حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے حج 2020 کے آغاز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ حج بیت اللہ کے سفر کے خواہشمندوں کیلئے فارم بھرنے کا سلسلہ 10 اکتوبر2019 سے شروع ہوکر آئندہ ماہ 10 نومبر 2019 تک جاری رہے گا۔ یہ فارم صرف آن لائن بھرے جائیں گے۔

واضح رہے کہ حج 2019 کے اختتام کے بعد 4اکتوبر کو نئی دہلی میں مرکزی اقلیتی وزیر مختار عباس نقوی کی صدارت میں حج 2019پر نظر ثانی اور حج 2020کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اعلی سطحی اہم حج کانفرنس میں حج بیت اللہ 2020 کا آغاز کا اعلان کر دیا تھا۔ جس میں یہ بھی واضح کیا گیا تھا کہ اس مرتبہ حج 2020مکمل ڈیجیٹل ہو گا۔ جس کے چلتے حج در خواست فارم بھی آن لائن ہی بھرے جائیں گے۔

حج 2020 کے آغاز اور 10 اکتوبر سے فارم بھر نے کا عمل شروع ہو نے کے سبب ملک کے سب سے بڑے امبارکیشن کی میزبان دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر حج منزل ترکمان گیٹ میں تیاریاں تقریباً مکمل ہو گئی ہیں۔ حج کے فارم بھرنے اور دیگرضروری انتظامات کیلئے دہلی حج کمیٹی کے چیئر مین عاصم احمد خان کی صدارت میں آج ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ جس میں کمیٹی کے ممبران محمد ارشاد اور سید شاداب حسین رضوی اشرفی بطور خاص موجود تھے۔ جبکہ کمیٹی کے دیگر ممبران رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ اور ایم ایل اے امانت اللہ خان شریک نہیں ہو سکے۔ میٹنگ میں حج کمیٹی میں ایکس آفیشو ممبرکے طور پر دہلی حج کمیٹی کے ایگزیکٹو افسرڈاکٹر اشفاق احمد عارفی اور ڈپٹی ایگزیکٹو افسر محسن علی بھی موجود تھے۔

میٹنگ میں عاصم احمد خان نے اس بات کا یقین دلایا اور طے پایا گیا کہ اس سال حج فارم بھرنے کیلئے نئے طرز عمل کو یقینی بنانے اور دہلی کے درخواست گذار عازمین کو دہلی حج کمیٹی کی جانب سے آ ن لائن فارم بھر نے کی سہولت گزشتہ سال کی طرح ہی دی جا ئے گی۔ اس سلسلے میں درپیش مسائل اور دشواریوں کے ازالے کیلئے دہلی حج کمیٹی کے دفتر حج منزل میں تمام تر جدید سہولیات پر مشتمل آن لائن سہولیات سے آراستہ (ای سہولیات سینٹر)قائم کیا جائے گا۔ جہاں آن لائن فارم بھرنے اور مطلوبہ دستاویزات اپلوڈ کرنے سے لے کر فوٹو کاپی، فوٹو گرافی اور آن لائن رقم جمع کرنے کے کاوئنٹر جیسی تمام تر سہولیات ایک ہی چھت کے نیچے دستیاب ہوگی۔آن لائن حج فارم بھرنے کیلئے حج کمیٹی کی جانب سے قائم ای سہولیات سینٹر ہفتہ اتوار اور تعطیل کے دنوں کے علاوہ صبح10بجے سے شام 4 تک کھلا ہوگا۔

چیئر مین عاصم احمد خان نے بتایا کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی دہلی کے عازمین کو زیادہ سے زیادہ اور بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرتی رہی ہے۔ اس سال اس سے مزید بہتر بناتے ہوئے بعض دوسری سہولیات بھی دستیاب کرائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری دہلی اور اطراف میں موجود تمام حج رضاکار تنظیموں اور اداروں سے بھی اپیل ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں عازمین حج کیلئے ای حج فارم بھرنے میں تعاون کریں۔ اس کے علاوہ درخواست گذار عازمین حج منزل میں ہفتہ اتوار اور تعطیل کے دنوں کے علاوہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفترحج منزل میں صبح دس بجے سے شام چار بجے تک بھی فارم بھروا سکتے ہیں۔

دہلی حج کمیٹی کے ای او ڈاکٹر اشفاق احمد عارفی نے بتا یا کہ اس سال درخواست گذار عازمین کو آن لائن فارم بھرنے کے بعدریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں اپنے فارم اور مطلوبہ کاغذات کی کاپی جمع کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔بھرے ہوئے فارم کی کاپی اور مطلوبہ کاغذات قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کے بعد حج کمیٹی کے دفتر میں جمع کرنا ہوگی۔

ڈاکٹر اشفاق احمد عافی نے کہا کہ تمام درخواست گذاروں کیلئے یہ بات ضروری ہوگی کہ آن لائن فارم پر کرنے کے بعد اپنے فارم کی پرنٹ کاپی یا بعد میں آن لائن پرنٹ کاپی حاصل کرنے کیلئے یوزرآئی ڈی اور پاس ورڈ کو محفوظ رکھیں،تاکہ حج کیلئے منتخب ہونے کے بعد انہیں حج کمیٹی میں بر وقت جمع کرا سکیں۔درخواست گذار عازمین کو کور نمبر کی فراہمی دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ذریعہ ان کے فارم کی آن لائن تصدیق کے بعد فراہم کی جائے گی۔ جس کی اطلاع ان کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پرپہلے ہی دستیاب ہو جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ ایسے درخواست گذارجو آن لائن فارم بھرتے وقت اپنے پاسپورٹ کے پہلے اور آخری صفحہ کی الگ الگ اسکین کاپی،پاسپورٹ سائز فوٹو، 300 روپے کی پے ان سلپ اور موجودہ رہائشی پتہ(پاسپورٹ میں درج پتے سے مختلف ہونے کی صورت میں) رہائشی پتے کیلئے مطلوبہ دوسرے قابل قبول دستاویز (آدھار کارڈ، بجلی یا پانی کاموجودہ بل، بینک پاس بک)کی اسکین کاپی فارم کے ساتھ اپلوڈنہ کرسکیں تو ان کیلئے آن لائن بھرے ہوئے فارم کی پرنٹ کاپی مذکورہ کاغذات کے ساتھ حج کمیٹی کے دفتر میں جمع کر نا ضروری ہوگا۔ایسی درخواستوں کو دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ذریعہ آن لائن اپلوڈکرکے مکمل کیا جائے گا۔

اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close