Khabar Mantra
تازہ ترین خبریںکھیل کھلاڑی

ہندوستان بمقابلہ نیوزی لینڈ: ٹیم انڈیا کا تاریخی کارنامہ، 0-5 سے کیا کلین سوئپ

تیز گیند باز جسپریت بمرہ (12 رن دے کر تین وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو اتوار کو پانچویں اور آخری ٹی-20 مقابلے میں سات رن سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز پانچ صفر سے جیت کر کلین سوئپ کردیا ہے۔ بمرہ کو ان کی شاندار کارکردگی کے لئے مین آف دی میچ جبکہ کے ایل راہل کو مین آف دی سیریز دیا گیا۔

ہندوستان کی ٹی-20 کرکٹ تاریخ میں یہ پہلی پانچ میچوں کی سیریز تھی اور اس نے پہلی ہی پانچ میچوں کی سیریز پانچ صفر سے جیت لی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے گزشتہ برس آئی سی سی عالمی کپ کے سیمی فائنل مقابلے میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ملی شکست کا بدلا بھی لے لیا۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے روہت شرما کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت 20 اوور میں 163 رن بنائے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی اننگز 20 اوور میں 9 وکٹ پر 156 رن ہی بنا سکی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے راس ٹیلر نے اپنے 100 ویں بین الاقوامی ٹی-20 مقابلے میں شاندار کارکردگی کرتے ہوئے 47 گیندوں میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 53 رن بنائے اور وکٹ کیپر بلے باز ٹم سیفرٹ نے 30 گیندوں میں پانچ چوکے اور تین چھکے لگاکر شاندار 50 رن بنائے اور اپنی ٹیم کو جیت دلانے کی بھر پور کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہوسکے۔ ہندوستان کی جانب سے بمراہ نے چار اوور میں 12 رن دے کر تین وکٹ، نودیپ سینی نے چار اوور میں 23 رن اور شردل کپور نے چار اوور میں 38 رن دے کر دو دو وکٹ لیا۔ واشنگٹن سندر کو تین اوور میں 20 رن دے کر ایک وکٹ ملا۔

یاد رہے کہ ہندوستانی کپتان روہت شرما نے اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی -20 سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جہاں آج کے مقابلے کے لئے دونوں ہی ٹیموں نے اپنے اپنے کپتان کو آرام دیا تھا۔ ہندوستان کی جانب سے وراٹ کوہلی کی جگہ روہت اس مقابلے میں کپتانی کی ذمہ داری ملی جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن کی جگہ ٹم ساؤتھی کو کپتانی سونپی گئی تھی۔

اس سے پہلے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے کپتان روہت شرما کے 41 گیندوں میں تین چوکے اور تین چھکے کی مدد سے 60 رن (ریٹائر) اور لوکیش راہل کے 33 گیندوں میں چار چوکوں اور دو چھکوں کے سہارے 45 رن کی مدد سے 20 اوور میں تین وکٹ پر 163 رنز بنائے۔ روہت اگرچہ 60 رن کے اسکور پر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے اور دوبارہ بلے بازی کرنے نہیں اتر سکے۔ ہندوستانی سلامی جوڑی اگرچہ اس مقابلے میں حیرت انگیز کارکردگی نہیں دکھا سکی اور سنجو سیمسن محض دو رن کے اسکور پرا سکاٹ كگیلجن کی گیند پر مچل سیٹنر کو کیچ تھما بیٹھے۔ پہلی وکٹ گرنے کے بعد روہت اور راہل نے ہندوستانی اننگز کو سنبھالا اور دونوں کے درمیان دوسرے وکٹ کے لئے 88 رنز کی بڑی شراکت ہوئی۔ روہت نے اس دوران اپنے ٹی -20 کیریئر کی 21 ویں نصف سنچری لگائی۔ روہت نے اپنی اننگز میں 31 رن بنانے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی کیریئر میں 14000 رن پورے کر لئے۔ روہت ایسا کرنے والے دنیا کے 43 ویں اور ہندستان کے آٹھویں بلے باز بن گئے۔

ہندوستانی اننگز میں روہت اور راہل کے علاوہ شوم دوبے نے پانچ رنز بنائے جبکہ شریس ایئر نے 31 گیندوں میں ایک چوکے اور دو چھکے کے سہارے ناٹ آؤٹ 33 اور منیش پانڈے نے محض چار گیندوں میں ایک چوکا اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 11 رنز کا اہم کردار ادا کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے كگیلجن نے چار اوور میں 25 رن دے کر دو وکٹ اور همش بینیٹ نے چار اوور میں 21 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔ ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیوزی لینڈ کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس کے تین وکٹ محض 17 رن کے اسکور پر گر گئے۔ ٹیم کے اوپنر مارٹن گپٹل کو بمراه نے اپنے پہلے ہی اوور میں ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر نیوزی لینڈ کو پہلا جھٹکا دے دیا۔ اس کے بعد کولن منرو کو واشنگٹن سندر نے بولڈ کر پویلین بھیجا۔ کیوی ٹیم جب تک ان جھٹکوں سے نکل پاتی تب تک سنجو سیمسن نے ٹام بروس کو رن آؤٹ کر دیا۔ بروس بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔

ابتدائی جھٹکوں کے بعد تجربہ کار ٹیلر اور وکٹ کیپر بلے باز سیفرٹ نے نیوزی لینڈ کی اننگز کو سنبھالا۔ دونوں نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کی اننگز کو آگے بڑھایا۔ ٹیلر اور سیفرٹ کے درمیان چوتھے وکٹ کے لئے 99 رنز کی بڑی شراکت ہوئی۔ سیفرٹ اور ٹیلر نے شوم دوبے کے اوور میں تابڑ توڑ بلے بازی کی ان کے ایک اوور سے 34 رن حاصل کئے گئے۔ دونوں بلے بازوں کی بہترین اننگز نے نیوزی لینڈ کو فتح کی جانب گامزن کر دیا تھا کہ تبھی سینی نے سیمسن کے ہاتھوں کیچ کراکر سیفرٹ کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ سیفرٹ کے آؤٹ ہوتے ہی نیوزی لینڈ کی اننگز ایک بار پھر لڑکھڑا گئی۔ ایک طرف جہاں میزبان ٹیم کے وکٹ گر رہے تھے وہیں دوسرے سرے سے ٹیلر ٹیم کو جیت دلانے کے لئے سخت محنت کرتے رہے۔ اگرچہ سینی نے وکٹ کے پیچھے راہل کے ہاتھوں کیچ کراکر ٹیلر کی اننگز کا خاتمہ کر دیا اور میچ ہندوستان کی جھولی میں ڈال دیا۔ نیوزی لینڈ کی اننگز میں منرو نے 15، مچل سیٹنر نے چھ، گپٹل نے دو اور مشیل نے دو رنز بنائے جبکہ ایش سوڈھی 10 گیندوں میں دو چھکے کی مدد سے 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ہندوستان-نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اب تین میچوں کی ونڈے سیریز میں ایک دوسرے کا سامنا کریں گی۔ سیریز کا پہلا ونڈے میچ 5 فروری، دوسرا ونڈے میچ 8 فروری اور تیسرا ونڈے میچ 11 فروری کو ہوگا۔ اس کے بعد دو ٹسٹ میچوں کی سیریز بھی ہوگی، جس کا پہلا مقابلہ 21 فروری جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 29 فروری کو ہوگا۔

ٹیگز
اور دیکھیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close